وزیراعظم شوکت عزیز کی صدرجنرل پرویز مشرف سے اہم ملاقات،مجموعی سیاسی صورتحال ، امن وامان اور آئندہ بجٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

منگل 22 مئی 2007 15:31

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار22 مئی2007) وزیراعظم شوکت عزیز نے صدرجنرل پرویز مشرف سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، امن وامان اور آئندہ بجٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدارتی کیمپ آفس راولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم نے صدر کو اپنے دورہ اردن کے بارے میں بتایا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں بجٹ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور دونوں رہنماؤں کا اس بات پر اتفاق تھاکہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام اور غریب دوست ہوگا جس میں بڑا فوکس غربت ، بے روزگاری اور مہنگائی میں کمی کی طرف ہوگا جبکہ ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز مزید بڑھائے جائینگے دونوں رہنماؤں نے ملک کی امن وامان کی صورتحال خصوصاً جامعہ حفصہ اور لال مسجد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کو دوہرایا کہ حکومت قانون کی حکمرانی ہر قیمت پر یقینی بنائے گی اور کسی بھی جانی نقصان سے بچنے کیلئے ہم چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہو دونوں رہنماؤں نے سانحہ کراچی کی مذمت کی اور کہا کہ ایک آئینی اور قانونی مسئلے کو سیاسی رنگ دے کر اپوزیشن ملک کے حالات بگاڑنے کی سازش کررہی ہے ملک کو عدم استحکام کاشکار کرنے کی ہر کوشش ناکام بنا دی جائے گی سپریم کورٹ کا فل کورٹ جو بھی فیصلہ دے گا حکومت سے تسلیم کریگی ۔