آئندہ وفاقی اور صوبائی بجٹ عوام دوست بنائے جائیں۔وزیراعظم شوکت عزیز کی ہدایت

منگل 22 مئی 2007 15:19

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار22 مئی2007) وزیراعظم شوکت عزیز نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ وفاقی اور صوبائی بجٹ عوام دوست ہونے چاہئیں اور ان میں ترقی کی رفتار تیز کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے- وہ منگل کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں بلوچستان کے وزیراعلی جام یوسف سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے صوبائی وزیر خزانہ احسان شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے- وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان میں ترقی کی ریکارڈ رفتار سے عوام کے معیار زندگی میں انقلاب آ رہا ہے یہ رفتار مزید تیز کی جائے گی- انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی صدر کی حیثیت سے جام محمد یوسف کے ان اقدامات کو سراہا جن کا مقصد صوبہ میں مسلم لیگ کو مستحکم کرتا ہے انہوں نے کہاکہ اس سے آئندہ عام انتخابات کے لئے بہتر اعتماد کے قیام میں مدد ملے گی-انہوں نے دور دراز علاقوں میں تعلیم کا معیار بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مستقبل میں صوبہ کی ترقی کیلئے تعلیم سب سے زیادہ اہم ہے صوبہ کو شرح خواندگی میں اضافے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے- انہوں نے کہاکہ خواتین کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جائے خواتین قومی ترقیاتی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہیں حکومت نے تحفظ خواتین قانون اور دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ ان کے لیے ملازمتوں کے کوٹہ میں اضافہ کیا ہے اور قومی ترقی میں شریک کرنے کیلئے بہتر سہولیات فراہم کی ہیں ملاقات میں وفاقی اور صوبائی بجٹوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ عوام دوست ہونے چاہئیں اور ان کے ذریعے ترقیاتی عمل تیز کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے وزیراعلی جام یوسف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں صوبہ میں مستحکم ہو رہی ہیں اور عوامی اور تعلیم سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی پر خوش ہیں مسلم لیگ نے رابطہ عوام مہم شروع کی ہے جبکہ اتحادی جماعتیں عوام کی ضروریات پر بھرپور توجہ دے رہی ہیں-

متعلقہ عنوان :