جمالی استعفیٰ واپس لے لیں، کسی کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ شجاعت

منگل 22 مئی 2007 14:40

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار22 مئی2007) پاکستان کے سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ میر ظفر اللہ خان جمالی کو استعفیٰ وپس لے لینا چاہیے تاہم کسی کے آنے جانے سے پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بڑی جماعتوں میں لوگ آتے جاتے رہتے ہیں۔ جمالی کے معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کر لیا جائے گا۔ مسلم لیگ کی تقسیم کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کو استعفیٰ واپس لے لینا چاہئے استعفیٰ کا کوئی جواز نہیں بنتا ان کے جو تحفظات ہیں ان کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کر لیا جائے گاانہوں نے کہا کہ چھ ماہ پہلے جب وہ میر ظفر اللہ خان جمالی کے گھر گئے تو انہوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تاہم وہ معاملہ اسی وقت ختم ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس سے ملاقات کے وقت گاڑیاں اٹھانے کا واقعہ درست ہے تاہم وہ اس اقدام سے لاعلم تھے۔ شجاعت حسین نے کہا کہ صدر مشرف عدالت کا احترام کرتے ہیں تاہم جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف سخت باتیں ضرور کرتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر نے کہاکہ کہ پی ایم ایل ایک بڑی جماعت ہے اور لوگ آتے جاتے رہتے ہیں کسی آنے جانے سے پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔