پاکستان میں آزاد اور منصفانہ انتخابات چاہتے ہیں۔ امریکہ ۔۔بیرونی سیاسی قائدین کی واپسی کا معاملہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے جسے حکومت نے خود ہی حل کرنا ہے ، کوئی دوسرا ملک مداخلت نہیں کرے گا۔ پاک فوج افغان سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے ، دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کی امداد جاری رکھی جائے گی، امریکی نائب وزیر خارجہ رچرڈ باؤچر کا انٹرویو

منگل 22 مئی 2007 14:35

واشنگٹن ( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار22 مئی2007) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات چاہتے ہیں ، جلا وطن قائدینکی وطن واپسی کا معاملہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے ، حکومت اس معاملے کو خود ہی حل کر سکتی ہے ، افغان سرحد پر طالبان اور القاعدہ کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہے ہیں اور دسمبر کے بعد ایسے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے پاکستان کی امداد جاری رکھی جائے گی۔ اس امر کا اظہار امریکی نائب وزیر خارجہ رچرڈ باؤچر نے برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ رچرڈ باؤچر نے کہا کہ پاکستان نے دسمبر سے لے کر اب تک افغان سرحد پر ایسے اقدامات کئے ہیں جس سے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ افغان سرحد پر اس وقت پاکستان کے 80 ہزار فوجی تعینات ہیں جس سے ثابت ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کتنا سرگرم ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے سرحدی علاقوں کے لوگ بھی اب غیر ملکی دہشت گردوں کے خلا ف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور ان کے خلاف مسلح لڑائی بھی لڑ رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں رچرڈ باؤچر نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان امریکہ کا اہم اتحادی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے امریکہ پاکستان کی امداد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان جلا وطن قائدین کی واپسی اور الیکشن سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رچرڈ باؤچر نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں صاف اور شفاف انتخابات چاہتا ہے جہاں تک سیاسی رہنماؤں کی واپسی کا معاملہ ہے تو یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے جسے حکومت پاکستان نے خود ہی حل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل اسٹریٹجک سٹڈیز سنٹر کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ 2001ء سے لے کر اب تک پاکستان کو دہشت گردی کے حوالے سے 10 بلین ڈالر رقم دے چکا ہے جس میں صحت اور تعلیم کے لئے 700 ملین ڈالر کی رقم بھی شامل ہے۔