صدر پرویز مشرف کا لیہ میں 15 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی کا سخت نوٹس ،پنجاب حکومت سے 10 اپریل تک رپورٹ طلب

پیر 2 اپریل 2007 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔2007ء) صدر جنرل پرویزمشرف نے لیہ میں 4 روز تک 15 سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کرنے والوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے ارکان اسمبلی ، ناظم او رمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ سمیت 9 افراد کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے 10اپریل تک رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیہ کے گاؤں بیت وساوا کلرووالہ ٹاؤن میں 30جنوری 2007ء کو 15 سالہ ( الف ط) لڑکی امام بارگاہ سے گھر جا رہی تھی کہ وہاں موجود نوجوان اسے ورغلا کر نامعلوم مقام پر لے گیا جہاں 4 روز تک اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ۔

متاثرہ لڑکی تھانہ کوٹ سلطان میں رپورٹ درج کرانے گئی اور 5ملزمان جن میں سجاد ، منیر گجر ، منا قصائی ، ناصر حسین وغیرہ کو نامزد کیا تو پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا ۔

(جاری ہے)

اس پر عوام علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور جلسے جلوس نکالے گئے ۔پولیس کی طرف سے کارروائی نہ کرنے پر مقامی ہیومن رائٹس کے لوگ عدالت میں چلے گئے جس پر عدالت نے ایس ایچ او امجد جاوید ڈوگر کو بلایا تو اس نے عدالت کوبتایا کہ مذکورہ خاتون کے ساتھ کوئی واقعہ نہیں ہوا ۔

9مارچ کو میڈیکل رپورٹ میں نہ صرف لڑکی کے ساتھ زیادتی بلکہ ایک سے زائد افراد کی زیادتی کی تصدیق ہو گئی۔ بعد ازاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جو مقامی ایم این اے کا بھائی ہے نے رپورٹ تبدیل کر دی۔ نامزد ملزمان کو سیاسی آشیر باد حاصل تھی اس لئے پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی سے گریز کر رہی تھی۔ پولیس کی طرف سے تعاون نہ ملنے پر ایشیئن ہیومن رائٹس کمیشن ہانگ کانگ نے صدر جنرل پرویز مشرف کو درخواست دی ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نامزد ملزمان کو ایم این اے ملک نیاز احمد جھکڑ ، ایم پی اے اعجاز احمد اچھلانااور ناظم ملک افتخار کی سرپرستی حاصل ہے جس کے باعث متعلقہ پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے سے انکاری ہے ۔

صدر جنرل پرویز مشرف نے ایشئین ہیومن رائٹس کمیشن ہانگ کانگ کی درخواست پر 4 روز تک 15 سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کرنے والوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے ارکان اسمبلی ، ناظم ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور پولیس افسران کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے 10اپریل تک رپورٹ طلب کرلی ہے۔

متعلقہ عنوان :