Live Updates

جمہوریت کو بچانے کیلئے کرپٹ لوگوں کا احتساب کرنا ہو گا، عمران خان ۔ اپ ڈیٹ

اتوار 20 دسمبر 2009 17:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 20دسمبر۔ 2009ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے موثر حکمت عملی ضروری ہے‘ حکومت فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلا کر نئی پالیسی ترتیب دے‘ حکومت نے اگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کیا اور اس میں رکاوٹ ڈالی تو ہم سڑکوں پر آکر ملک گیر احتجاج کریں گے‘ ہم یہ نہیں کہتے کہ پیپلز پارٹی کے لوگ اپنا دفاع نہ کریں لیکن جب تک وہ حکومت کا حصہ ہیں اس وقت تک یہ دفاع نہیں بلکہ کرپشن کا تحفظ ہو گا‘ سید یوسف رضا گیلانی نے کرپٹ لوگوں کا ساتھ دیا تو نہ صرف جمہوریت کمزور ہوگی بلکہ ان کا اور انکی حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا‘ جمہوری نظام کو بچانے کیلئے ضروری ہے کہ کرپٹ لوگوں کا احتساب کیا جائے‘ ڈرون حملوں کے متعلق حکومت دوغلی پالیسی اپنانے کی بجائے قوم کو سچ بتائے۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز مون مارکیٹ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی رہائشگاہوں پر تعزیت اور مون مارکیٹ کا دورہ کرنے کے بعد تحریک انصاف لاہور کے صدر میاں محمود الرشید کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم امریکہ کے ڈومور کا مطالبہ پورا کرتے رہیں گے اس وقت تک دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں جب ہم خود بمباری کرتے ہیں اور امریکہ ڈرون حملے کرتا ہے تو اس کے بدلے اور رد عمل میں دہشتگردی کے واقعات ہوتے ہیں‘ وزیرداخلہ کہتے ہیں کہ دہشتگردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے لیکن مجھے حیرت ہے کہ وہ اس حوالے سے عالمی فورم پر کھل کر کیوں بات نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے افغانستان میں 30ہزار فوج بھجوائی ہے اور اگر اس نے وہاں لوگوں کا قتل عام کیا تو اس کا سب سے زیادہ اثر پاکستان پر پڑے گا‘ وقت آگیا ہے کہ ہم غیروں کی جنگ لڑنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لولی لنگڑی جیسی بھی ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ اسے اعتماد میں لے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ کیلئے نئی حکمت عملی اپنائے اور اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتیں کی آل پارٹیز کانفرنس بھی بلائی جائے‘ بدقسمتی سے موجودہ حکمران پارلیمنٹ کی کسی بات کو نہیں سن رہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کو بچانے کیلئے ضروری ہے کہ کرپٹ لوگوں کا احتساب کیا جائے اگر کرپٹ لوگوں کو تحفظ دیا گیا تو جمہوریت کمزور ہو گی اور پیپلز پارٹی کی حکومت بھی ختم ہو جائے گی‘ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کی وجہ سے یوسف رضا گیلانی کو یہ موقع ملا ہے کہ وہ انصاف کا ساتھ دیں اور کرپٹ لوگوں کا احتساب کیا جائے جو لوگ سپریم کورٹ کے فیصلے میں رکاوٹ بنیں گے وقت ان کو بہا کر لے جائے گا اور تحریک انصاف حکومتی رکاوٹوں پر ملک گیر احتجاج کرے گی اور کسی کو بھی رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15مہینوں میں سٹیل مل میں 30ارب روپے کی کرپشن ہوئی ہے اسی لئے پیپلز پارٹی کی حکومت نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہٹایا‘ یوسف رضا گیلانی کے پاس موقع ہے کہ وہ لیڈر بن جائیں لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ انہیں عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کرنا ہونگے ورنہ پھر حالات ان کے کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈرون حملے حکومت کی اجازت سے ہو رہے ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ دوغلی پالیسی اپنانے کی بجائے قوم کو حقائق بتائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات