وقت سے پہلے مرتے پاکستانی…!!!

جمعرات 6 فروری 2014

Wasi Shah

وصی شاہ

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ قدرت جس بھی آفت کی نمائش کرنا چاہتی ہے اس کے لیے پاکستان جیسے اسلامی ملک کا انتخاب ہی کیوں کرتی ہے؟؟؟ چاہے زلزلوں کے نقصانات ہوں، یا سیلاب کی تباہ کاریاں یا کچھ اور… پاکستان ہی کیوں…؟؟؟آپ اخبار یا ٹی وی پر تقریباً ہر روز کسی ایسے بچے کی تصویر دیکھتے ہوں گے جس کے دو دھڑ ہیں، چار بازو ہیں ، دو، سَر ہیں یا جڑواں بچوں کے وجود آپس میں جُڑے ہوئے ہیں… ایک ایسا ملک جہاں صبح سے شام تک اللہ تعالیٰ کا نام لیا جاتا ہے موبائل SMS پر درود پاک کی chainچلائی جاتی ہے اور کروڑوں اربوں کی تعداد میں 17 کروڑ سے زائد مسلمان پانچ وقت باری تعالیٰ کے حضور جھکتے ہیں ایک محلے میں کئی کئی مسجدیں ہیں اور الحمداللہ سب کی سب شاد آباد… جن سے دن رات میں کسی بھی وقت والیم فل کر کے خلق خدا کو باری تعالیٰ کی یاد دلائی جاتی رہتی ہے سیدھی سی بات ہے ایک مسلمان ملک میں کس کی جرأت ہے کہ جب جی چاہے لاؤڈ سپیکر کے ذریعے کرنے والے ذکر الٰہی کو روک سکے۔

(جاری ہے)

اگر آزاد اور مسلمان مملکت کا اتنا فائدہ بھی مسلمانوں کو حاصل نہ ہو تو خاک ڈالنی چاہیے ایسی آزادی پر…
بات کہاں سے شروع ہوئی تھی اور کہاں جا نکلی سوال یہ اٹھایا تھا کہ دہشت گردی سے لوڈ شیڈنگ تک اور زلزلوں سے لے کر سیلاب تک قدرت، ہر قسم کی انسانی وقدرتی آفت کی ڈیمانسٹریشن کیلئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کا انتخاب ہی کثرت سے کیوں کرتی ہے؟؟؟ اور کیا یہ بے جا اور انتہائی سرعت سے بڑھتی ہوئی بیماریاں اور عجیب الخلقت بچوں کی پیدائش صرف قدرت کی ہم سے ناراضگی کا نتیجہ ہے یا اس کی وجہ کچھ اور بھی ہے…؟؟؟
کم ازکم انتہائی محنت سے تیار کی گئی رپورٹس اور ریسرچزتو کچھ اور ہی کہانیاں سناتی ہیں ایک رپورٹ میں جعلی خوراک خصوصاً غلاظت اور گندگی سے تیار کردہ جعلی اور انتہائی غیر معیاری گھی کے پاکستانی معاشرے کی صحت پر پڑنے والے خوفناک اور بھیانک اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری خوراک، جس میں گھی، مصالحہ جات سے لے کر چائے کی پتی ،آٹا، دودھ، مرچیں اور دالیں وغیرہ سبھی کچھ شامل ہیں کی وجہ سے پاکستان میں اضافی بازؤں، ٹانگوں ، چہروں اور دھڑوں والے بچوں کی پیدائش کی شرح میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

پیدائشی طور پر معذور اور کٹے ہونٹ کٹے تالو والے بچوں کی پیدائش میں اضافے کی بنیادی وجہ بھی خوراک میں ملاوٹ اور ناقص خوراک ہی بتائی جاتی ہے ان نقائص سے بھرپور نسلوں کی پیدائش کی ایک اور وجہ ماحولیاتی آلودگی خصوصاً رکشوں سے نکلنے والا دھواں بھی ہے۔
دودھ گاڑھا کرنے کے لیے دودھ میں بال صفا پاؤڈر کی ملاوٹ، مرچوں میں لال اینٹوں کے بُرادے کی آمیزش، چائے کی پتی میں کالے چنے کے چھلکے اور پلاسٹک یا ریگزین کے ٹکڑوں کو پیس کر ملانا، بکرے یا گائے کے گوشت کے وزن میں مخصوص ٹیکوں کے ذریعے اضافہ کرنا، مختلف جوسز میں کینسر پیدا کرنے والی سکرین یا کیمیکل کی آمیزش، جب کہ دعویٰ خالص پھلوں کے جوس بیچنے کا، یہ ساری پریکٹس پاکستان کے چاروں صوبوں میں عام ہے اور تو اور بچیوں کے وقت سے پہلے بالغ ہونے کی بھی ایک وجہ غیر معیاری اور گھٹیا خوراک ہوا کرتی ہے۔


اس چشم کُشا رپورٹ میں بازار میں دستیاب مختلف اشیاء میں سے صرف ایک شے یعنی غیر معیاری اور کھلے گھی کے بارے میں جو تفصیل درج ہے اگر انسان صرف اس کو ہی پڑھ لے تو کئی دن تک نہ کچھ کھانے کو رغبت ہوتی ہے نہ حوصلہ پڑتا ہے کہ جو گھی چاروں صوبوں میں فروخت ہو رہا ہے خصوصاً کھلا گھی اس میں جس کثرت سے بیکٹیریا اور آلائشیں پائی جاتی ہیں وہ کثرت سے فری فیٹی ایسڈز، کینسر، پیپاٹائٹس، السر اور دل کے امراض کا باعث بنتی ہیں۔


مزید دکھ کی بات یہ ہے کہ اشرافیہ تو زیادہ تر imported olive oil استعمال کرنے پر لگ گئی ہے یا پاکستان میں جگہ جگہ imported خوراک کی ”عیسیٰ جی“ یا ”HKB“ جیسی دوکانوں سے imported خوراک خریدکر دہشت زدہ پاکستان کی مختلف پاکٹس میں رہتے ہوئے بھی یورپ یا امریکہ یا برطانیہ میں رہنے کا لطف اٹھاتی ہے مگر تقریباً 80فیصد سے زیادہ غرباء یعنی تقریباً 15,16کروڑ کے لگ بھگ پاکستانی یہی گھٹیا، دو نمبر، غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ خوراک کھا کر بیمار ہونے اور قطرہ قطرہ گُھٹ گُھٹ کر اذیت کے ساتھ مرنے پر مجبور ہیں۔

پتہ نہیں یہ سب دہشت گردی کہلاتا ہے کہ نہیں۔۔ پتہ نہیں اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث ہونا یا اس کی روک تھام نہ کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے یا نہیں؟ پتہ نہیں اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے یا نہیں۔؟ کسی کو خبر ہو تو مجھے ضرورمطلع کرے۔
سات ارب سے زیادہ کی اس دنیا میں بیس کروڑ نفوس پر مبنی قوم کے 80 فیصد لوگوں کی صحت کا جب یہ عالم ہو گا تو وہ اقوام عالم میں کیسے سروائیو کرے گی اس کا اندازہ خود ہی لگا لیجئے ۔

کوئی تو وجہ ہے کہ دنیا میں اوسط عمر اسی سال سے بڑھ چکی ہے اور ہمارے ہاں صرف 65کے لگ بھگ ہے۔ 65سال کی عمر کا تجربے سے بھرپور انسان اگر معاشرے کو 15سال اور دستیاب ہو تو معاشرے کی ترقی میں کتنا اہم کردار ادا کر سکتا ہے یہ سمجھنے کے لیے بھی بقراط ہونے کی ضرورت نہیں۔ میرے آقا سرکار دو عالم کی حدیث کا مفہوم یاد آتا ہے آپ نے فرمایا کہ ”ایک توانا مومن ایک کمزور مومن سے بہتر ہے“
اس میں کوئی شک نہیں کہ میرے آقا کی ہر حدیث کی طرح اس حدیث مبارکہ میں بھی بے پناہ گہرائی ہے اور کمزور اور توانا کئی معنوں میں استعمال ہوا ہے مگر ایک اینگل صحت کا بھی ہے اور جو یقینا انتہائی اہم ہے…
بقول شاعرِبے بدل …
تنگ دستی اگر نہ ہو غالب
تندرستی ہزار نعمت ہے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :