آرمی چیف کا دورہ امریکہ ۔۔۔ مضبوط آغاز

منگل 2 دسمبر 2014

Syed Shahid Abbas

سید شاہد عباس

03مئی سے 26مئی 1950 کو پاکستان کے پہلے وزیر اعظم جناب لیاقت علی خان صاحب کے دورہء امریکہ سے آج تک پاکستان کے کسی بھی سربراہ یا اعلیٰ عہدیدار کا دورہء امریکہ پوری دنیا کے میڈیا کی نظروں میں ہوتا ہے۔ اس کی وجہ پاکستان کا دفاعی و معاشی حوالے سے ایک اہم خطے سے تعلق ہے۔پاکستان کے پہلے وزیر اعظم کے دورہء امریکہ کے بعد سے پاکستان کا جھکاؤ نسبتاً امریکہ کی طرف ہی رہا ہے۔

بہت کم ایسے مواقع آیا کہ یہ جھکاؤ کسی اور طرف گیا۔ جیسے بھٹو کے دور میں کچھ عرصے کے لیے یہ تاثر ابھرنا شروع ہوا کہ شاید روس سے کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کی طرف توجہ دے رہا ہے۔ اس کے علاوہ کوئی ایسا خاص موقع نظر نہیںآ تا جس سے ظاہر ہو کہ امریکہ کے اثر سے نکلنے کی کوشش کی گئی ہو۔ ایوب خان کے 1961 کے دورہ ء امریکہ میں جو استقبال کیا گیا ویسا شاید ہی اب تک کسی پاکستانی سربراہ یا عہدیدار کو ملا ہو۔

(جاری ہے)

ہو سکتا ہے یہ استقبال امریکہ نے اپنے مقاصد کے لیے ہی کیا ہو۔ لیکن بہر حال وہ ایک فقید المثال استقبال ضرور تھا۔ اس سے اندازہ ہو سکتا ہے کہ اس وقت کسی قدر پاکستان کو قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ (اس استقبال کی کچھ نایاب مجھے ایک دوست کے توسط سے دیکھنے کا موقع ملا ورنہ آج کی نسل تو اس سے واقف نہیں ہے)۔
اس کے بعد آنے والے ادوار میں ضیاء دور اور بھٹو دور میں ملا جلا رجحان رہا کیوں کہ ان ادوار میں امریکہ کو اپنے مقاصد کی تکمیل میں کچھ مسائل کا سامنا ضرور کرنا پڑا۔

حالانکہ کے ضیاء دور میں سوویت یونین کو توڑنے میں پاکستان کا کردار شاید امریکہ کے لیے ہمیشہ احسان مند رہنے کا سبب بنتا لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ بھٹو دور میں بھی تعلقات معمول سے ہٹ کر استوار نہ ہو سکے۔ اس کے بعد کچھ عرصہ گزرنے کے بعد اقتدار میوزیکل چیئر کا کھیل شروع ہو گیا۔ بی بی اور میاں صاحب نے بالترتیب دو دو مرتبہ اقتدار کے ایوانوں کی سیر کی اور دونوں ہی امریکہ کی ہاں میں ہاں ملاتے رہے۔

سوائے 28مئی1998جب میاں صاحب نے قدرے جرات کا مظاہرہ کیا۔ بھٹو دور کے بعد ایک نئی صورتحال یہ سامنے آئی کے عالمی میڈیا اور ممالک پاکستان کی سیاسی قیادت کے دوروں کو کم اور فوجی قیادت کے دوروں کو زیادہ اہمیت دینے لگی ۔ اس کی وجہ فوج و حکومت میں تناؤ کو گردانا جاتا ہے۔ لیکن تمام تجزیہ کار و ماہرین اس بات میں کوئی دو رائے نہیں رکھتے کہ پاکستان کی بنیادیں اس وقت ایک مضبوط دفاع کی وجہ سے کھڑی ہیں۔


پاکستان کی بد قسمتی رہی ہے کہ سیاستدان ایک دوسرے کے گریباں چاک کرنے میں ہی مصروف رہے جس کی وجہ سے مسلح افواج دفاع کے ساتھ ساتھ کسی نہ کسی طرح خارجی سطح پر بھی پاکستان کا موقف پہنچانے میں کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ پرویز مشرف دور کے بعد فوج پر شدید تنقید کے نشتر بھی برسائے گئے۔ اور اسے طرح طرح کے مسائل میں بھی کھینچا گیا۔ جس کا اثر نہ صرف عالمی سطح پر جگ ہنسائی کی صورت میں ہوا۔

بلکہ فوج کے اندر بھی بے چینی کی فضاء پیدا ہوئی۔ اور اس بے چینی سے بلاشبہ جوانوں کے حوصلوں پر بھی قدغن لگی ۔ کیانی صاحب نے جب فوج کی قیادت سنبھالی تو ان کا زیادہ عرصہ فوج کی ساکھ بحال کرنے میں ہی صرف ہوا۔ اس تمام عرصے میں جب بھی کوئی فوجی یا سیاسی سربراہ بیرون ملک بالخصوص امریکہ جاتا اس کو مزید تعاون کا پروانہ تھما دیا جاتا۔ کیانی صاحب نے مشکل حالات میں فوج کی قیادت کی چھڑی جنرل راحیل شریف کے سپرد کی ۔

نئے چیف آف آرمی سٹاف کے سامنے نہ صرف فوج کا سیاسی چہرہ محو کرنا تھا بلکہ پاک افغان معاملات، انڈیا کے ساتھ معاملات پر عالمی برادری کی حمایت حاصل کرنا بھی تھا۔ جنرل راحیل شریف کا نومبر کے آخر میں کیا گیا امریکہ کا دورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی گردانا جاتا ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں شاید یہ پہلی دفعہ ہے کہ مسلح افواج کے سربراہ کو اس درجہ پروٹوکول دیا گیا اور اس حد تک گرمجوشی کا مظاہرہ کیا گیا۔

امریکہ کی اعلیٰ عسکری قیادت جنرل راحیل شریف کو خصوصی اہمیت دیتی نظر آئی۔ مختلف دفاعی تنصیبات اور اداروں کے دورے کے موقع پر بھی جنرل راحیل شریف کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔ بے شک کسی بھی ملک کی فوجی قیادت کو پروٹوکول دینا طے شدہ روایات ہیں۔ لیکن جس طرح امریکہ ہمارے حکمرانوں اور فوجی قیادت کو اپنی جاگیر سمجھ کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استعمال کرتا رہا اس سے ایک نخوت پیدا ہو گئی تھی۔

لیکن جنرل راحیل شریف کو موجودہ دورہء امریکہ کے موقع پر یہ تاثر زائل ہو گیا۔ ہمیشہ سے عالمی برادری کا بالعموم اور امریکہ کا بالخصوص یہ رویہ رہا کہ وہ ہم پر اپنے فیصلے تھوپتے رہے۔ لیکن موجودہ آرمی چیف کے دورہء امریکہ میں اپنا موقف جرات مندانہ طریقے سے پیش کرنے کے بعد ان کا وقار نہ صرف عالمی برادری میں بڑھا ہے۔ بلکہ ملکی سطح پر بھی ان کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔

آرمی چیف کے دورہء امریکہ کو خصوصی اہمیت اس لیے بھی دی جا رہی تھی کہ 2014 کے بعد افغانستان سے امریکی اور اتحادی فوج کی واپسی کے بعد کی صورت حال عالمی طاقتوں کے لیے بہت اہم ہے۔ اور پاکستان کے لیے بھی محفوظ پاک افغان سرحد یقینا اہمیت کی حامل ہے۔ اندرونی سطح پر ہم جن مسائل کا شکار ہیں ان میں پاک افغان سرحد پر نقل و حرکت بہت اہم مسلہ ہے۔

اور افغانستان کی سمت سے سرحد کی حفاظت کی ذمہ داری یقینا افغان و نیٹو فورسز کی ہے۔ آرمی چیف کو موجودہ دورہء امریکہ سے شاید امریکہ یہ سمجھ چکا ہے کہ جب تک ہمارے مفادات کا تحفظ نہیں گا تب تک ہم خود کو پرائی آگ میں نہیں جھونک سکتے ۔
غیر جانبدار تجزیہ کار بھی اس بات پر متفق نظر آتے ہیں کہ شاید یہ پہلا موقع تھا کہ جب پاکستان کے آرمی چیف کے دورہء کے موقع پر "Do More" کی گردان سننے کو نہیں ملی۔

اس کی وجہ یہی تھی کہ امریکہ کو یہ باور کروا دیا گیا ہے کہ خطے میں ہمارا کردار صرف ایک تماشائی کا نہیں ہے۔ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک اور عالمی برادری میں ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ امریکی حکام کے رویے آرمی چیف کے دورہء امریکہ کے موقع پر کچھ بدلے نظر آئے۔ اور یہ نہ صرف امریکہ کے لیے بلکہ پاکستان کے مستقبل کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ اور پاکستان کا وقار اقوام عالم میں یقینا اس دورہ سے بہتر ہوا ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :