اداکارہ میرا اور چور حکمران

پیر 15 جون 2015

Nabi Baig Younas

نبی بیگ یونس

پاکستان میں ویسے بھی اکثر ایک نہیں بلکہ کئی سکینڈل میڈیا کی زینت بنے رہتے ہیں ۔ آج کل اداکارہ میرا کا نکاح کے اوپر نکاح کی خبر اخبارات اور ٹیلی وژن اسکرینوں پر نمایاں ہے۔ تاہم میرے لئے میرا کے بارے میں یہ خبر کوئی حیران کن نہیں۔ میرے لئے باعث حیرت اور تشویشناک خبر ہار چوری کی ہے، ہاں وہ ہار جس کو مبینہ طورپر یوسف رضا گیلانی نے اُس وقت چوری کیا تھا جب وہ وزیراعظم تھے۔

پاکستان میں 2010میں سیلاب آیا تو ایک دوست ملک ترکی کے وزیر اعظم طیب اردوغان کی اہلیہ ایما نے اردغان نے اپناوہ ہار سیلاب زدگان کیلئے عطیے میں دیا جو انہیں شادی کے موقع پر شوہر نے تحفے میں دیا تھا۔ ترک عوام نے ہار کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اُسے پاکستان سے خرید کر اپنے ملک کی خاتون اول کو واپس کردیا۔

(جاری ہے)

لیکن ترک خاتون اول کی فراخ دلی اور سخاوت کی کوئی انتہا نہیں جس نے اپنے شوہر طیب اردگان کے ہمراہ پاکستان آکروہ ہار سندھ کے ایک پسماندہ اور سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والے علاقے داد وکے ایک ریلیف کیمپ میں اجتماعی شادی میں آٹھ دولہنوں کو تحفے میں دینے کا اعلان کیا اور اُس وقت کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی اہلیہ فوزیہ گیلانی کو ہارتھماتے ہوئے کہا کہ یہ اُنکی طرف سے دولہنوں کو تحفے میں دیا جائے۔

ہار اُس وقت کے چیئرمین نادرا علی ارشد حکیم نے سولہ لاکھ روپے میں خریدا اوررقم آٹھ دولہنوں میں تقسیم کی گئی۔ اس کے بعد چیئرمین نادرا نے ہار وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کو دیا کہ اُسے وزیر اعظم ہاؤس میں شوکیس کے اندر پاک ترکی دوستی کی علامت کے طور پر رکھا جائے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے دو روز قبل میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ترکی کی خاتون اول ایما نے طیب اردوغان کی جانب سے سیلاب زدگان کو عطیے میں دیا جانے والا ہار چوری ہوگیا ہے۔

وزیر داخلہ کے انکشاف کے بعد سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اعتراف کرلیا کہ ہار اُنکے پاس ہے۔ ہاں بھئی کیوں ہے آپ کے پاس، کس لئے رکھا ہے اِسے گھر میں، کس کی ملکیت ہے یہ۔۔۔۔۔۔ واہ جی واہ مرحبا آپ کو کہ آپ نے اس کو گھر میں سنبھال کر رکھا ہے۔۔۔۔سید یوسف رضا گیلانی صاحب یہ دلائل پیش کررہے ہیں چونکہ ترکی کے عوام نے ایک مرتبہ ہار پاکستان سے خرید کر ترک خاتون اول کو واپس کردیا تھا اور میں بھی ایسا ہی کرنا چاہتا تھاا س لئے اپنے پاس رکھا ہے ۔

جناب، اگر واپس کرنا ہی تھا تو 2010سے اب پانچ سال ہوگئے، آپ کی پارٹی کی حکومت کے خاتمے کو بھی دو سال سے زیادہ عرصہ گزرچکا ہے اور ہار آپ نے ابھی تک گھر میں رکھا ہے! سید یوسف صاحب کا کہنا ہے کہ ہار کی قیمت دو لاکھ روپے تھی لیکن چیئرمین نادرا نے سولہ لاکھ میں کیسے خیردا؟ یوسف رضا صاحب دو لاکھ میں تو آج کل ایک انگوٹھی بھی مشکل سے آتی ہے یہ تو ہار تھا!جو بھی ہے اس واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہئیں اور ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ہمیں اداکارہ میرا کے نکاح کے اوپر نکاح سے کوئی دلچسپی نہیں، یہ انکا ذاتی معاملہ ہے تاہم ایک وزیراعظم کی طرف سے سیلاب زدگان کو دئے گئے عطیہ کا ہار چوری کرنا سنگین معاملہ ہے۔ اللہ کرے اس پر بھی کمیشن نہ بنایا جائے بلکہ فوری طور پر چور کو سامنے لایا جائے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :