تیر و ترکش

بدھ 5 اگست 2015

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#سیلاب زدہ علاقوں میں ارکانِ اسمبلی امدادی کاموں کی نگرانی خود کریں، بلاول بھٹو زرداری
اورارکانِ اسمبلی کی نگرانی کون کرے گا جناب!
#دھرنے پر پوری کتاب لکھ سکتا ہوں، چودھری نثار علی خان
اس کتاب کا نام ہوگا ”اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہو گئی“
#ریحام خان نے عمران خان کو پشتو سکھانا شروع کر دی۔
کوئی محترمہ کو بتائے کہ زبان سے زیادہ خاں صاحب کو پشتو روایات سکھانے کی ضرورت ہے۔


#آئی ایس آئی کے کہنے پر دھرنا نہیں دیا، عمران خان
جو اشاروں کی زبان پر عمل کرنے میں تاخیر نہ کریں انہیں کہنے کی کب ضرورت پڑتی ہے!
#پاکستان کی شیر دل افواج اور وطن کے محافطوں کے خلاف الزام تراشی سے متحدہ کے قائد کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا،شہباز شریف
انہوں نے نقاب پہنا ہی کب تھا آپ کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی تھی شاید
#پی ٹی آئی کی قیادت سے ناراض حامد خان ایڈووکیٹ کی افتخار چودھری کی پارٹی میں شمولیت کا امکان
یعنی آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا
#ایران جوہری معاہدے سے خطہ محفوظ ہوگا، جان کیری
آپ جو بتاتے ہیں ہوتا اس کے الٹ ہے۔

(جاری ہے)


#ملک ریاض کے خلاف کیسز لانے والوں کے ہاتھ صاف نہیں، نجم سیٹھی
اور ملک صاحب کے ہاتھ تو سیٹھی صاحب جیسے صبح و شام دھلاتے رہتے ہیں ناں۔
#ٹرینوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 20لوکو موٹو خریدنے کا فیصلہ
لوکو موٹو کی خریداری کا فیصلہ اچھا ہے لیکن کارکردگی بہتر بنانے کا زیادہ انحصار محکمہ چلانے والوں کی نیت پر ہوتا ہے۔
#سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری لندن روانہ
لگتا ہے اب ڈاکٹر صاحب کی آنیاں جانیاں ہی رہ گئی ہیں۔


#آمریت کی گود میں بیٹھنے والے تحریکِ انصاف میں آگئے، حامد خان
اس لیے کہ خاں صاحب کا رویہ بھی آمروں جیسا ہے غریب ومخلص کارکن کی سنتے نہیں، امیر اور جی حضوریوں کی موڑتے نہیں
#اپنی جماعت بنانے کی جلدی نہیں، افتخار محمد چودھری
یہ خیال دل سے نکال کر اپنی یادداشتیں مرتب کریں، کسی فلاحی کام کا آغاز کریں تو زیادہ بہترہوگا جناب!
#عوامی مفاد میں سیاسی رہنماباہم تعاون کریں، خواجہ سعد رفیق،عارف علوی
اور ذاتی مفاد کے لیے اٹ کھڑکا بھی جاری رکھیں سیاسی رہنما۔


#پیپلز پارٹی میں اس وقت کوئی سیاسی سیلاب نہیں، نثار کھوڑو
پیپلز پارٹی کی ندی میں پانی ہی نہیں رہا توسیلاب کا کیا سوال ۔۔۔۔کھوڑوصاحب!
#خورشید شاہ آئین کو جاننے کے باوجود انجان کیوں بن رہے ہیں، مولانا امجد خان
اس لیے کہ اس انجانے پن میں ان کی اپنی خیر ہے
#ملا عمر نے جہاد کے ذریعے امریکی فوج کا بھرکس نکال دیا ، حافظ سعید
اور اب یہ ’بھرکس‘ بہت سوں کا رزق بنا ہوا ہے۔


#میثاقِ جمہوریت کے ساتھ میثاقِ معیشت بھی ہونا چاہیے، طلال چودھری
اور پھر میثاقِ معیشت کا حال بھی میثاقِ جمہوریت کی طرح وہ ہو کہ اس کا نام بھی ’مک مکا‘ پڑ جائے
#اسرائلیوں کی طرح پاکستانیوں کے مقام و مرتبہ کو بھی اسپین میں تسلیم کیا جائے، ہسپانوی رکن پارلیمان
پاکستانیوں کا مقام و مرتبہ تو خود پاکستان میں ابھی تک تسلیم نہیں کیا جا رہا ہے جناب
#بھارت نے جارحیت کی تو جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، سرتاج عزیز
جواب دینے کے لیے صلاحیت سے زیادہ حوصلے اور جرا ٴت کی ضرورت ہوتی ہے۔

۔۔۔ بزرگو!
#میری سیاسی جماعت کو اسٹیبلشمنٹ کی آشیر باد حاصل نہیں ہوگی،افتخار محمد چودھری
شروع شروع میں سب یہی کہتے ہیں۔
#سندھ میں بڑی مچھلیوں کو پکڑنے کا وقت آگیا، آیندہ دو ہفتے اہم ہوں گے
زیادہ بڑی مچھلیاں تو شاید پہلے ہی سمندر کے راستے نکل گئی ہیں جو باقی رہ گئیں ان کو نکلنے کے لیے دو ہفتے کافی ہوں گے۔۔۔۔کرلو جو کرنا ہے!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :