ٹرپ

پیر 22 جون 2015

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

ایک تو گرما گرم گرمی ، اوپر سے قیامت کی لوڈ شیڈنگ ،ساتھ ہی ،پندرہ سولہ گھنٹے کا روزہ ،پہلے ہی دن لوگوں کی حالت پتلی ہو گئی ، روزے دار اس پر تو خوش ہیں کہ لمبے اور گرم دنوں میں روزے رکھ کے شام کو ٹھنڈے ٹھار شربت کے مزے لوٹیں گے ،لیکن لوڈ شیڈنگ پر حکومت مخالف جذبات کے اظہار میں روزے سے ہونے کا زیادہ خیال نہیں کیا جارہا ، جی بھر کے جلی کٹی سنائی جا رہی ہیں ،گالیوں سے زبان کو مزید خشک کیا جارہا رہے، بجلی نہ ہونے یا وولٹیج کم ہونے سے جذبات میں اضافہ اور برداشت میں خاصی کمی ہو گئی ہے، لوگ بات بے بات ایک دوسرے کو کوستے ، برا بھلا کہتے اور کاٹ کھانے کو دوڑنے لگتے ہیں، ملک میں کئی جگہ بجلی کی طویل اور بے وقت بندش کے خلاف مظاہرے بھی کیا جارہے ہیں ،لیکن مظاہروں سے بھلا بجلی کب آیا کرتی ہے ،جو اب آئے گی ۔

(جاری ہے)


####
کہا تو یہی گیا تھا،کہ سحر و افطار اور تراویح کے درمیان لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی ، لیکن بجلی کی بندش کا سبب فقط لوڈ شیڈنگ تو نہیں ہے ، ”ٹرپ“ اکیلا ہی ایسا سبب ہے جو سب پر حاوی ہے ، اس کے اثرات شارٹ بھی ہوتے ہیں اور لانگ بھی ، مختصر بھی ہوتے ہیں اور طویل بھی وقتی بھی ہوتے ہیں اور خوب پائے دار بھی ، بجلی کی دیکھ بھال اور بے حال و بحال رکھنے کے ادارے عوامی غیظ و غظب اورلعن طعن کا شکار ہیں ، ان کی سمجھ میں نہیں کچھ نہیں آرہا ، کیوں کہ گرمی نے کافی کچھ گرم کر دیا ہے ، بجلی کی خرابی بے قابو ہو گئی ہے ، بجلی کی دیکھ بھال کے سارے فنڈ تو بجلی کے بڑے اپنی دیکھ بھال پر لگالیتے یں، بے چاری بجلی کے حصے میں کچھ آئے تو اس کی دیکھ بھال ہو ، دیکھ بھال ہو تو خرابی کے اسبا ب کم ہوں ۔


####
بہت سے لوگ اس انتظار میں ہیں کہ اونٹ پہاڑ کے نیچے کب آتا ہے ، آتا بھی ہے یا اس بار بھی بچ نکلتا ہے، زور دار دھماکا خیز قسم کی تقریر کو تو اب من مرضی کے معنی پہنائے جا رہے ہیں کہ یہ پچھلے آمروں کے خلاف تھی ، ارے بابا پچھلا آمر تمھارایار ہو نہ ہو، تمھارے یار کا تو یار ہے ہی اور اس نے کون سی فہرست بنائی ہے تمھارے خلاف وہ تو خود آزمائشوں کا شکار ہے ،اس کو سوچنا پڑ رہا ہے کہ اس کے پلے کچھ بچابھی ہے یا نہیں، وہ تو بے چارا راحیل بابا سے رابطے بنانے کے لیے کوشاں ہے ، راحیل بابا جس مست وا لست ترنگ میں مگن ہے اس میں کسی سابق آمر کو کچھ عمل دخل نہیں ، اس لیے لیپا پوتی کی بجائے کہہ دیا جائے ”زرداری آپے سے باہر ہو گئے تھے ،بی پی ہائی ہو گیا تھا“ ، اب احساس ہو گیا ہے، سمٹ سمٹا کر رہنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، معافی بے شک نہ مانگی جائے غلطی کھلے دل سے مان لی جائے ، بابا کا موڈ ٹھیک نہ بھی ہوا ،تو کمی ضرور آئے گی ۔


####
ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کئی سال سے اسکاٹ لینڈ یارڈ اور پاکستان کے گلے پڑا ہوا ہے، ایک قتل سب پر بھاری پڑرہا ہے، اس قتل سے جڑے معاملات میں متعدد ملزم پکڑے جا چکے ہیں ، تفتیش کرنے والی اسکاٹ لینڈ یارڈ کی شہرت اور نامی گرامی خدمات کی اہمیت اپنی جگہ ، گتھی سلجھ کے نہیں دے رہی ، گو کہ آئے دن ایسی خبریں آتی ہیں کہ اب مسئلہ حل ہوا اور اب ہوا ، لیکن نہ صرف مسئلہ حل ہو کر نہیں دے رہا ، بلکہ پہلے سے زیادہ پیچیدہ تر ہوتا جا رہا ہے ۔


####
سندھ حکومت نے جنگلات کی نو ہزار ایکڑ زمین فوجی شہدا کے نام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، شہداء تو اللہ کو پیارے ہو چکے ، لیکن ان پیاروں کے پیاروں کے رہنے سہنے کے لیے زمین کی تلاش اور ضرورت تھی ، اور سندھ کے وزیر اعلی بابا قائم علی شاہ کے مطابق بابا راحیل نے ذاتی طورپر زمین الاٹ کرنے کو کہا تھا، حالات پر نظر رکھنے واے کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ گڑ بڑ معاملات کو اس طرح نمٹانے کے ماہر زرداری نے قائم علی شاہ سرکار کو اشارہ کیا کہ کچھ دے دلا کے جان چھڑاؤ ، لیکن کیا اس طرح جان چھٹے گی یا مزید شکنجے میں آئے گی یا دیکھنا پڑے گا۔


####
جناب ممنون سعودیہ کے دورے پر ہیں اور اطلاعات ہیں کہ شاہ سلمان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے، دونوں رہ نماؤں نے ایک دوسرے کے لیے اچھے اور نیک جذبات و خیالات کا اظہار کیا، کہا جا رہا ہے ، یمن کے مسئلے پر دونوں کے بیچ کچھ دراڑیں پڑ گئی تھیں ،اب ان دراڑوں کو پاٹنے کی کوشش جاری ہیں ، مرنجاں مرنج صدر ممنون حسین کی تازہ کوشش اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :