سحرافطار

جمعرات 11 جون 2015

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

ایران کے سابق صدر احمدی نژاد اپنے دور صدارت میں درویش صفت اور سادہ بود وباش والے انسان مشہور تھے، بلکہ پاکستانی عوام اپنے حکم رانوں سے احمدی نژاد کی تقلید کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے، لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ احمدی نژاد نے دراصل پاکستانی حکم رانوں اپنا ماڈل بنایا ہوا تھا، اور موصوف پر70ارب کی کرپشن میں ملوث ہونے کا نہ صرف الزام لگ رہا ہے بلکہ ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے محکمہ تفتیش کو اس ضمن میں کافی اہم ثبوت بھی مل گئے ہیں اور موصوف کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔


####
کتنے ظالم ہیں وہ لوگ جو کہتے ہیں پاکستان میں صدر ، وزیر اعظم اور جج حضرات کے پاس اختیارات نہیں ،انتہائی غلط بیانی سے کام لیتے ہیں ، یہاں توماشا ء اللہ آئی جی جیل اتنے با اختیا ر ہیں کہ شفقت حسین کی پھانسی کے عدالتی حکم کو نظر انداز کر کے پھانسی موخر کر دی ، اخبار ات بے پر کی اڑاتے رہے کہ صدر مملکت نے روکی ہے ، بے چارے ممنون صاحب تو اس حوالے سے معصوم نکلے ، وزارت داخلہ بھی لا علمی کا اظہار کر رہی ہے اور عدالت کوتو خیر سے ہوا بھی نہیں لگنے دی گئی ، ننھے معصوم بچے کے اغوا اور قتل کے مجرم شفقت حسین کو پھانسی دینے اور نہ دینے کا مسئلہ اتنا گھمبیر ہو گیا ہے کہ اس کو مسئلہ کشمیر سے تشبیہ دی جانے لگی ہے ۔

(جاری ہے)


####
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکے میاں در اصل ٹانکے میاں ہیں،عہدہ دُم دارتو ہے دَم دار نہیں ،میاں نواز شریف نے گزشتہ روز پھر انہی موصوف سے فرمائش کی ہے کہ اپنے عہدے کی لاج رکھیں اورکشمیر کے معاملے پر قرار داد نافذ کروائیں بے چارے بانکی مون ہوں ہاں تو کرتے ہیں ، مگر ہوں ہاں ہی کر سکتے ہیں ، اس سے آگے ان کے اختیار میں کچھ ہے بھی نہیں ، کسی اور ملک اور مسئلے کے لیے ہو بھی تو بھارت کے سامنے ان کی سب کی بولتی بند ہو جاتی ہے ،بانکی مون کی بولتی بھی بند ہے ، لگتا یہی ہے کہ جنرل راحیل شریف کو ہی انڈیا کی بولتی بند کرنا پڑے گی۔


####
2013 کے عام انتخابات میں منظم اور غیر منظم دھاندلی میں فرق کی تحقیق جوڈیشل کمیشن کر رہا ہے، قومی اسمبلی کے 169حلقوں کے 44399میں سے 14641پولنگ اسٹیشنوں کے فارم 15غائب اور تھیلے کھلے ملے ، فیصلہ تو کمیشن نے کرنا ہے لیکن جمہوریت کہہ رہی ہے ایک تہائی فارم غائب ، دو تہائی موجود ہیں ، اس لیے دو تہائی کو مانا جائے ، باقی کی غیر حاضری کو معاف کر دیا جائے ، اگلی بار خیال رکھا جائے ، کوئی چیز غائب نہ ہو اکرے ، تھیلے بند ہی رہا کریں ،کھلنے کی کوشش نہ کریں۔


####
رفتہ رفتہ بزرگی کی طرف بڑھتے سیاست دان شیخ رشید احمد نے عوامی مسائل سے آگاہی کے لیے فیس بک پر اکاؤنٹ بنا یا ہے، بتایاجا رہا ہے چند گھنٹوں میں سیکڑوں لوگوں نے کمنٹ اور لائک کیا۔ شیخ جی خوشی سے پھولے نہیں سما رہے ، خوش ہونا اور خوش باش رہنا شیخ صاحب کا حق ہے، لیکن شیخ صاحب کو خیال رکھنا چاہیے یہ فیس بک ان کے سابق باس پرویز مشرف کو امریکا سے اٹھا کے پاکستان لایا، موصوف حکومت کرنے کا خواب لے کر آئے اور آج تک در بدر پھر رہے ہیں ، اسی فیس بک نے عمران خان کے غبارے میں ہوا بھری، خوشی سے جھومتے خان صاحب 2013کے الیکشن میں جیت نہ سکنے پر دل برداشتہ ہو گئے اور کئی ماہ اسلام آباد کی سڑکوں پر دھرنا دیے بیٹھے رہے،ہوا ہی بھروانی ہے تو لال حویلی کے آس پاس رہیں ،وہ ہوا کار آمد بھی ہو گی ، فیس بک ہوا تو بھرے کا ، وقت پر ٹھینگا دکھا دے گا۔


####
ایان علی جس جیل میں ہیں ، اس کے تمام قیدیوں کو سحر و افطار اپنے خرچ پر کروانے کی خواہش مند ہیں ، ماڈل گرل نے جیل انتظامیہ سے خرچ کی تفصیلات طلب کی ہیں تا کہ رقم منگوائی جا سکے۔ ایان کو خرچ کی ضرورت ہی نہیں ، وہ چہرا چھپالیں تو روزہ خود ہی شروع ہو جائے گا، اور دیدار کروادیں تو افطاری ہو جائے گی ، الگ سے کسی افطاری کی ضرورت نہ سحری کی۔ رقم جمع رکھیں کسی آڑتے وقت کام آئے گی ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :