نو کمنٹس

جمعرات 16 اپریل 2015

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

بھائی لوگوں کی دو چیزیں بہت زبر دست ہیں ایک دماغ دوسری زبان ، منصوبہ بندی میں بھائی لوگ کا جواب نہیں ،ایسا گھماتے ہیں اچھے اچھوں کا پتا پانی ہوجاتا ہے ، اور بولنے پر آئیں تو چرب لسانی بہت گھٹیا اور تھرڈ کلاس لفظ لگتا ہے ، صحافی خود کو بہت کچھ سمجھتے ہیں لیکن بھائی لوگ جب دفاع کرتے ہیں تو ذہین و فطین صحافی آئیں بائیں شائیں کرنے لگتے ہیں، بھائی لوگ نے ایک نئی چیز دریافت کر لی ہے جو ان کے مزاج سے تو میل نہیں کھاتی لیکن ضرورت ایجاد کی ماں ہے اس لیے کچھ بھی ایجاد کیا جا سکتا ہے ۔

”نو کمنٹس“ برطانیہ میں یہ چیز پرانی سہی لیکن پاکستان میں اس کا تصور نہیں، یہاں تو پتھر بھی بول پڑتے ہیں ،لیکن بھائی پاکستان میں کب ہیں ،وہ تو لندن میں تشریف رکھتے ہیں، ان کا کہنا ہے انہیں برطانوی پولیس اور عدالتی نظام پر مکمل اعتماد ہے۔

(جاری ہے)


کراچی سے لندن تک :الطاف الطاف ۔ تھانوں میں ، کچہریوں میں عدالتوں میں ، میڈیا پہ ہر طرف الطاف کی جے ہے ، اگر چہ یہ جے ذرا وکھری قسم کی ہے مگر ہے تو جے ہی، الطاف بھائی اس سب کو جے بنانے پر تلے ہوئے ہیں، جو پکڑا جائے وہ ان کا نہیں اور جو جکڑا جائے اس کو تو جانتے ہی نہیں، ایسے آدمی پر الزام لگانا آسان مگر ثابت کرنا نا ممکن حد تک مشکل ہو جاتا ہے ، اس لیے زور آزمائی کے باوجود بھائی کے فی البدیہ ، براہ راست خطاب بھی جاری ہیں۔


####
بلاول زرداری اور آصف زرداری میں گزشتہ روز دبئی میں ملاقات ہوئی بلاول کا کہنا ہے ”مجھ میں اور میرے ابا میں کوئی فرق نہیں “ الہی خیر الہی خیر! پہلے ایک زرداری ہی سب پہ بھاری تھا اب دو دو ہو گئے ہیں، دوسری جانب ابا حضور کا کہنا ہے بلاول ذرا پک جائے تو پھر میدان میں اتاریں گے ، پتا نہیں کس سے پکوائیں گے ، کیسے پکائیں گے اور پہلے کچا ہی کیوں اتار لیا تھا؟ جب کچا ہی اتنا بھاری تھا کہ ابا سے سنبھالا گیا نہ پھوپھو سے تو پکا ہوا کیسے سنبھالا جائے گا ، جیالے تو سمجھ رہے تھے بلاول پکی پکائی تازہ روٹی کی طرح تیار ہے ، ٹو ان ون ہے بھٹو اور زرداری دو دو دماغوں سے ایک چیز تیار ہوئی ہے تو یقیناشاہ کار ہو گی ، جیالوں کا نیک گمان اپنی جگہ مگر یہ فیصلہ مسٹربلاول زرداری ہی کریں گے وہ کب لانچ ہوں ، پچھلی لانچنگ ابا حضور کے اصرار پر تھی، وہ فیل ہو گئی۔


####
ملزم : ”جج صاحب ! میری گردن میں بہت سخت تکلیف ہے “(شکنجے میں آئی ہوئی ہے نا)
عدالت: ” اگلی پیشی پر میڈیکل رپورٹ لے کر آنا“۔
اب ملزم رینجرز کی تحویل میں ہے ، توقع کی جاتی ہے میڈیکل رپورٹ کی ضرورت نہیں رہے گی ، اگلی پیشی پر ملزم بتائے گا، رینجرز نے اتنی اور ایسی محبت سے دھنائی کی ہے کہ کہ سارے کس بل نکل گئے ہیں، سب کلفتیں دور ہو گئی ہیں ،اب میں بہت پر سکون ہوں ، کہیں بھی کوئی بھی تکلیف نہیں۔


####
ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی امریکا کو ہضم ہو رہی ہے نہ بھارت کو ، بلکہ ہضم تو تب ہوگی جب سمجھ میں آئے گی ۔پنجاب حکومت نے رہائی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،یہ چیلنج یا تو امریکا و بھارت کی بد ہضمی کے جواب میں ہے، تا کہ امریکا و بھارت ذرا چپ رہیں ، ہمیں اپنے کام کر دیں ، دنیا میں صرف لکھوی ہی تو نہیں اور بھی بہت کچھ ہے اس پر بات کی جا سکتی ہے ۔

اور یہ بھی ممکن ہے لکھوی کی رہائی سے پنجاب حکومت کو بھی ہاضمے کی شکایت ہو ۔
####
ایران اور امریکا میں دوستی ظاہر ہونے کے بعداب ایران اور اسرائیل میں بھی دوستی منظر عام آیا چاہتی ہے، مبصرین کے مطابق ایران نہ صرف اپنے بلکہ آس پاس کے خطوں میں دادا گیری اور تھانے داری کا ذوق و شوق رکھتا ہے ،اس لیے اس نے نہ صرف امریکا سے دوستی اور محبت کا راز فاش ہونے میں کوئی عار نہیں سمجھابلکہ اب اسرائیل کے ساتھ محبت کی پینگیں بڑھانے کے لیے سرگرم ہے، ایران کا مقصد پاکستان اور عرب ممالک پر بالا دستی حاصل کرنا ہے،ہندوستان سے اس نے سالہا سال سے یارانہ بنا رکھا ہے ،روس اس کا پرانا خیر خواہ ہے ، امریکا کو اس نے رام کر لیا ہے اب اسرائیلی بھی ایران کی محبت کا جواب محبت سے دیں گے ۔

پاکستان اور سعودیہ اپنی خیر منائیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :