جوڈیشل کمیشن کی خدمت میں

جمعرات 16 اپریل 2015

Shahid Sidhu

شاہد سدھو

چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سر براہی میں قائم انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے کمیشن سے امید ہے کہ وہ مکمل اختیارات اور غیر جانبداری کے ساتھ جلد از جلد اپنی تحقیقات مکمل کرلے گا۔ امید ہے کہ تحریک انصاف کے لگائے گئے الزامات کے مطابق دھاندلی کے مبینہ ذمہ داروں سابق چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ، سابق جسٹس خلیل الرحمٰن رمدے، سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی، سابق آئی ایس آئی چیف جنرل ظہیر الاسلام، ملٹری انٹیلیجنس کیاس وقت کے سربراہ اور مشہور بریگیڈیر، سا بق صدر آصف زرداری، سابق نگراں وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو، جیو ٹی وی کے مالکان اور اس وقت کے سینئر اسٹاف،سابق نگراں وزیر داخلہ ، الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران، چاروں صوبوں کے نگران وزراء اعلیٰ، خان صاحب کو پینتیس پنکچروں کی کہانی سنانے والے کرداروں ، صوبائی الیکشن کمشنرز، تمام سابق ریٹرننگ افسروں (سول ججوں) اور اس وقت کی وفاق اور صوبوں کے سیکرٹری سطح کے افسروں اور ضلعوں کے ڈی سی او ز اور ڈی پی اوز کو عدالتی کمیشن میں طلب کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

راقم کی تجویز ہے کہ ان میں سے حاضر نہ ہونے والے کے وارنٹ جاری کئے جائیں گے۔ بہتر ہوگا کہ ان میں سے حاضر سروس افسروں اور دیگر عہدیداروں کو معطل بھی کر دیا جائے تاکہ یہ لوگ تحقیقات پر اثر انداز نہ ہو سکیں۔ امید ہے کہ عدالتی کمیشن ، یورپی یونین اور این ڈی اے سمیت تمام انٹر نیشنل آبزرور گروپوں کو بھی طلب کرے گاکیونکہ ان تمام اداروں نے الیکشن کے شفاف ہونے کی رپورٹیں جاری کی تھیں۔

انصاف کا تقاضہ ہے کہ تمام کامیاب اور دھاندلی کا الزام لگانے والے ناکام امیدواروں کو بھی عدالتی کمیشن میں طلب کیا جائے۔ ان تمام لوگوں کو طلب کرنے کے بعد مدعی، بانی چیئرمین تحریکِ انصاف کو ان تمام لوگوں پر جرح کرنے اور اپنا الزام ثابت کرنے کا پورا پورا موقع دیا جائے۔
امید ہے کہ عدالتی کمیشن منظم دھاندلی ثابت ہونے کی صورت میں دھاندلی میں ملوث کر داروں پر مقدمے قائم کرنے کی سفارش بھی کرے گا اور اگر دھاندلی کا الزام جھوٹا ثابت ہو تو جھوٹے الزام لگانے والوں پر بھی مقدمے قائم کرنے اور الزام لگانے والوں کے کر توتوں سے برباد ہونے والے قومی خزانے کی وصولی کا اعلان بھی کرے گا ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :