تیر و ترکش

بدھ 8 اپریل 2015

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#اقتدار میں آکر نیکو کارا کو ملازمت پربحال کر دیں گے‘ عمران خان
اس کا مطلب نیکو کارا صاحب اب کوئی او رمستقل کام ڈھونڈ لیں خان صاحب کی شرط تو بہت کڑی ہے
#پرویز مشرف کا طبی معاینہ‘ ریڑھ ی ہڈی کے مہروں میں خلاء ‘ دل کی شریان متاثر ہے
موصوف کے دماغ کے متعلق کچھ نہیں بتایا معاینہ کاروں نے؟
#سند ھ میں70سرکاری گاڑیوں کا کوئی ریکارڈ نہیں
سندھ سرکار کا اپنا’ریکارڈ‘ بھی تولگ رہا ہے آج کل
#رینجرز نے کراچی کے اکثر علاقوں سے بیریئر ہٹا دیئے
اور جن اقلیتی علاقوں میں اب بھی بیریئر لگے ہوئے ہیں وہ رینجرز کے دفاتر اور پولیس تھانوں کی حفاظت کے لیے ہیں۔


#منظم مافیا سرکاری زمینوں پر قبضے کرکے آمدنی سے دہشت گردوں کی مدد کر رہاہے ‘شرجیل میمن
آپ کو سات برس تک مسلسل اقتدار میں رہ کر اب اس حقیقت سے آگاہی ہوئی ہے؟
#سعودی عرب سے تعاون کی کوششیں شروع کر دی ہیں‘ ایران
شام‘ عراق کے بعد اب یمن میں بھی آپ کی ان ’کوششوں‘ کے نتائج سامنے آرہے ہیں
#بس چلے تو قرض خوروں کے پیٹ سے رقم نکال لوں‘ شہباز شریف
میٹرو تو پورے صوبے میں چلانے کو بے تاب ہیں اور یہاں آکر ’بے بس‘ ہو جاتے ہیں آپ
#حکومت عوامی مفادات کا تحفظ نہیں کرسکتی تو گھر چلی جائے‘ عدالت عظمیٰ
آپ کی یہ خواہش کیسے پوری ہو اکثر حکمرانوں کے گھر ہی حکومت میں ہیں۔

(جاری ہے)


#کچھ لوگ اندر کچھ لوگ باہر جائیں گے‘ سندھ میں گورنر راج نہیں لگے گا‘ منظور وسان کا خواب
لگتا ہے وسان صاحب کے خواب صرف پاکسان میں رہنے والوں کے متعلق ہوتے ہیں ورنہ وہ ’باہر والوں‘ کے اندر آنے یا اندر ہونے کا خواب بھی دیکھ چکے ہوتے۔
#وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے تعلقات پھر خراب؟
میاں نواز شریف اور چودھری نثار پانچ برس اسی طرح گزاریں گے کیا؟
#بیوروکریسی پارلیمان کو نیچا دکھانے سے گریز کرے‘ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی
کبھی پارلیمان بھی تو اپنے زور پر ’اوپر‘ دیکھنے کی کوشش کرے ناں!
#نانا اور والد کے مشن کو جاری رکھیں گے‘ بلاول بھٹو
اس کا مطلب آپ پاکستان نہیں آرہے ورنہ والد کے ’ مشنِ مفاہمت‘ کی بات بھی کرتے۔


#ایران جوہری معاہدے سے اسرائیل کو بہت بڑا دھچکا لگا‘ نجم سیٹھی
جیسے جوڈیشل کمیشن بننے سے مسلم لیگ(ن) کو دھچکا لگا ہے ناں!
#وزیراعظم نے سعودی عرب کی حفاظت کا وعدہ کیا ہے‘ خواجہ آصف
اللہ کی شان ہے یہ بھی!
#مشکل آئی تو نواز شریف کے ساتھ ہوں گے‘ زرداری
اور خود نواز شریف کہاں ہوں گے اس مشکل میں ‘ زرداری صاحب کو اچھی طرح پتا ہے۔


#عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدے کی پاس داری کریں گے‘ ایرانی صدر
شیطان بزرگ کو سرپرست تسلیم کرکے ہی یہ پاس داری ممکن ہوگی
#انتخابات محنت سے جیتے جاسکتے ہیں جذبات سے نہیں‘ فاروق ستار
اورجماعت اسلامی کے پاس محمد حسین محنتی موجود ہیں۔
#زرداری نے سندھ میں پیپلز پارٹی کا خاتمہ کر دیا‘ممتاز بھٹو
صرف سندھ میں؟… لگتا ہے ممتاز بھٹو صاحب کو سندھ سے باہر کا علم نہیں۔


#پی ٹی آئی کا اسمبلی میں آنا غیر آئینی ہے‘ سید ظفر علی شاہ
ڈار صاحب کو بتائیں یا اسپیکر صاحب کو سمجھائیں صادق جن کے نام کا حصہ ہے
#پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس صرف فوٹو سیشن ہے‘ شیخ رشید احمد
اس میں آپ کی فوٹو بھی تو آئے گی کپتان خان کے ساتھ
#آج بھی موقف پر قائم ہوں کہ یہ پارلیمنٹ جعلی ہے‘ عمران خان
خان صاحب نے یہ بیان6اپریل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے بعد دیا۔
#عمران خان کا اسمبلی میں جانا ٹھیک نہیں‘ جاوید ہاشمی
آپ سے کسی نے پوچھا…؟
#عمران خان کو غلط فہمی ہے کہ وہ اکیلے کچھ کرلیں گے‘ پرویز مشرف
پھر آپ اپنی آل پاکستان مسلم لیگ کو لے کر شامل ہوجائیں ناں تحریک انصاف میں تاکہ آپ کی غلط فہمی بھی دور ہو جائے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :