تیر و ترکش

بدھ 11 فروری 2015

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#عمران کو کسی وزارت عظمیٰ کی ضرورت نہیں‘ شاہ محمود قریشی
اور آپ اس سلسلے میں ہمیشہ ضرورت مند رہتے ہیں
#عوام باہر نہیں نکل رہے‘ شیخ رشید
بہتر ہے آپ بھی لال حویلی کو گھر بنالیں …کپتان خان کی طرح
#زرداری نے متحدہ کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دے دی
سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعدناں!
#خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرتے رہیں گے‘ اوباما
فی الحال تو آپ پاکستان کا ’کام ‘کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے
#سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا باب بند‘فروری2016میں الیکشن ممکن نہیں
بلدیاتی انتخابات کا باب کھلنے سے سندھ میں اور بہت سے باب بند ہونے کا خدشہ ہے ارباب اقتدار کو
#سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ملوث مافیا کا سیاسی چہرہ بے نقاب کیا جائے‘ تحریک انصاف
شہر تو سارا جانے ہے …
#کسی معاہدے میں کرپشن اور کک بیکس ثابت نہیں ہوئیں‘ ایڈیشنل سیکریٹری وزیراعظم آفس
ماشاء اللہ ہاتھ ہی بہت صاف ہیں طویل تجربے کی وجہ سے
#میں نے اتنے کوٹ نہیں بدلے جتنے عمران بیان بدل چکے ہیں‘ پرویز رشید
وزیر اطلاعات کے ساتھ ساتھ وزیر عمرانیات اور اب وزیر مخولیات بننے کی کوشش کر رہے ہیں پرویز رشید صاحب
#مشرف سے ملاقاتوں میں کھچڑی نہیں نیا پکوان تیار ہو رہا ہے‘ چودھری شجاعت
مقتدر گیس کی لوڈشیڈنگ اور سینیٹ انتخابات کی وجہ سے یہ پکوان پھیکا رہنے کے امکانات زیادہ ہیں
#مشاورت کر رہا ہوں‘ جلد سیاست میں اہم کردار ادا کروں گا‘ پرویز مشرف
خواب دیکھنے اور پھر انہیں بیان کرنے پر پابندی کون لگا سکتا ہے
#خراب کارکردگی نے حکومت کو دفاعی محاذ پر لا کھڑا کیا‘ چودھری محمد سرور
اب تو دفاعی محاذ بھی خالی ہونے لگا ہے ’خاندانی‘ حکمرانی کے سبب
#بلاول بھٹو کو پیپلزپارٹی کا حقیقی وارث اور لیڈر مانتا ہوں‘ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا
پھر آصف علی زرداری صاحب کو آپ کیا مانتے ہیں؟
#دھاندلی پر اس ماہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو نے والا ہے‘ عمران خان
زیادہ جوش نہ دکھائیں اپنے ہاں دودھ پانی بہت جلد مل جایا کرتا ہے جناب
#پیپلز پارٹی سے دیرینہ دشمنی نہیں ہمارا موقف اصولی ہے‘ الطاف حسین
چاہے پوچھ لیں سینیٹر عبدالرحمن ملک سے !
#پنجاب کا گورنر ہاؤس سازشوں کا گڑھ بن گیا تھا‘ ن لیگ برطانیہ
اور پاکستانی ن لیگ کو شکایت ہے کہ پنجاب کا گورنر ہاؤس سازشوں کا گڑھ کیوں نہ بن سکا
#وفاق نے ہمیں سندھ حکومت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا‘ شہریار مہر
حالانکہ بے چاری سندھ حکومت تو خود کسی’اور‘ کے رحم و کرم پر ہے
#پارلیمنٹ کیفے ٹیریا میں سید نوید قمر کے سینڈوچ سے زندہ لال بیگ نکل آیا
اب سینڈوچ میں سے ہاتھی نکلنے سے تو رہا
#عمران نے ہر شریف آدمی کی پگڑی اچھالنے کا تہیہ کر رکھا ہے‘ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر
حالانکہ شریفوں نے پگڑیاں پہننا کب کی چھوڑ دی ہیں
#زرداری کے خلاف سوئس بینک اکاؤنٹس مقدمات ختم نہیں ہوئے‘ اٹارنی جنرل آف پاکستان
اس لیے تو مفاہمت کی سیاست اور نظام بچانے کی جدوجہد میں پیپلز پارٹی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے
#سال کے اختتام سے پہلے چھ سو ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں‘ سید قائم علی شاہ
سال کے مہینے اور دن تو نہیں بڑھ سکتے منصوبے ہی کم کر لیں سائیں!
#مجید نظامی کی لیگی دھڑوں کو اکٹھا دیکھنے کی خواہش پوری کریں گے‘ سید غوث علی شاہ
ایسی خواہش اگر پوری ہونے والی ہو تو پھر اسے خواہش کیوں کہا جاتا
#وزیراعظم مہنگائی کا اندازہ لگانے مارکیٹوں میں جا پہنچے
کوئی حد ہے آخر………
#گیس اور بجلی بحران ہمارے ہی دور میں ختم ہوگا‘ وزیراعظم
اور آپ کا دور کتنا طویل ہوگا بھلا!
#غیر منتخب عبوری حکومت کے قیام کا مطالبہ آئین اورعوام سے مذاق ہے‘ ن لیگ سندھ
عوام اور آئین مذاق پروف ہو چکے ہیں ایسے مطالبے سن سن کر

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :