تیرو ترکش

جمعہ 30 جنوری 2015

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#مودی نے اوباما کے استقبال کے لیے پروٹوکول توڑ دیا
توڑ پھوڑ تو پرانی عادت ہے مودی صاحب کی
#این اے122دھاندلی نظر آئی نہ کوئی جعلی ووٹ نکلا‘ تحقیقاتی کمیشن
اب بتا… سونامی خانا ں!
#کسی ملعون کی گستاخی سے حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں کوئی فرق نہیں پڑتا‘ الطاف حسین
آپ کا کہنا بجا … لیکن رد عمل سے ہمارے ایمان پر تو فرق پڑتا ہے… مثبت یا منفی( اللہ معاف کرے)
#امریکا پاک بھارت مسائل کے حل میں کردار ادا کرے‘ سرتاج عزیز
بزرگو!اتنے بڑے ہو گئے ہیں آپ ابھی تک یہ نہیں جان سکے کہ امریکا اس طرح کے کام نہیں کیا کرتا
#حکومت اور پی ٹی آئی میں ثالثی کرنے کو تیار ہیں‘ سید خورشید شاہ
پہلے اپنے چیئر مین اور شریک چیئر مین میں تو یہ کام کرکے دیکھیں
#ق لیگ چودھری شجاعت کو پنجاب سے دوبارہ سینیٹر بنوانے کے لیے سرگرم
اس طرح کی سرگرمی کی کامیابی کے لیے ’پنڈی والوں‘کا رویہ بنیادی کردار ادا کرے گا
#اسپیکر سندھ اسمبلی نے پی ٹی آئی کے4ارکان کے استعفے منظور کر لیے
ایک ہفتہ ہونے کو ہے یہ ’منظور شدہ‘ استعفے سندھ اسمبلی سے الیکشن کمیشن تک نہیں پہنچ سکے
#جوڈیشل کمیشن بن گیا تو اسمبلی میں چلے جائیں گے‘ شاہ محمود قریشی
خان صاحب نے لگتا ہے اپنا گھر اچھی طرح بسانے کا پروگرام بنا کر پارٹی آپ کے سپرد کر دی ہے
#وزارتیں موثر رابطے رکھیں آیندہ پٹرول کی قلت کی شکایت نہ ملے ‘ وزیراعظم
وزارتیں موثر رابطے کیسے رکھیں جب وزیروں کی ایک دوسرے سے بول چال تک بندہواور آیندہ پٹرول کی بجائے بجلی‘ پانی‘ گیس ‘ چینی وغیرہ کی قلت کی شکایت سننے کے لیے بھی تیار رہیے جناب!
#خیبرپختونخوا حکومت، ن لیگ اور پی ٹی آئی پولیو سمیت 9بیماریوں کے خلاف متحد
اگر یہ تمام جماعتیں معاشرتی اور سیاسی بیماریوں کے خلاف بھی متحد ہو جائیں تو عوام بھی سکھ کا سانس لیں
#حکومت سیدھی طرح جوڈیشل کمیشن بنائے ‘ عمران خان
حکومتیں سیدھی طرح کام کریں تو پھر آپ جیسوں کی سیاست کیسے چلے ‘جناب !
#ارباب رحیم پر بے نظیر کے قتل کا کیس بن سکتا ہے‘ شرجیل میمن
یہ کیس تو اس وقت نہ بن سکا جب پیپلز پارٹی وفاق میں حکمران تھی
#نواز شریف نے پارٹی سے وفا کرنے والے مخلص افراد کو ناراض کر دیا‘ سید غوث علی شاہ
میاں صاحب کو اب پارٹی نہیں حکومتوں سے وفا کرنے والوں کی ضرورت ہے اور جن میں یہ ’خوبی‘ ہو ان میں ا خلاص وغیرہ نہیں ڈھونڈا جاتا شاہ جی!
#بجلی کا نظام خود چلانے کے لیے وفاق سے بات کریں گے‘ وزیرخزانہ سندھ
آپ یعنی سندھ حکومت اور کوئی نظام چلالے
# مر نہ جاتے خوشی سے گر اعتبار ہوتا
#پرویز رشید عمران خان کی پریس کانفرنس کی بجائے کام پر توجہ دیں‘ شیریں مزاری
ان کا کام تو یہی ہے… آپ کو ابھی تک پتا نہیں چلا!
#مارشل لاء کی بات کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی‘ وزیر اطلاعات سندھ
اور آپ کا کھانا پینا اسی طرح جاری رہے گا ناں!
#بھارت حقیقی گلوبل پارٹنر ہے‘ اوباما
یعنی …الکفر ملت واحدہ
#ارکان پارلیمنٹ کا ٹیکس آڈٹ نہیں ہوسکتا
آڈٹ کرکے معزز ارکان پارلیمان کو غیر معتبرتو نہیں کیا جاسکتا ناں
#نام نہاد جمہوریت سے بہتر ہے سندھ میں مارشل لاء لگا دیا جائے‘ ارباب رحیم اور لیاقت جتوئی کا بیان
اور باقی ملک کا کیا قصور ہے ؟
#عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا
لگتا ہے آج کل شیخ رشید صاحب کا خان صاحب سے بالکل رابطہ نہیں رہا
#امریکا نے پاکستان کے مفاد کو نظر انداز کیا‘ سفارتی تجزیہ کار
امریکا نے ایسا کب نہیں کیا؟
#پارٹی پر اصلاحاتی تنقید کرتا رہوں گے‘ مخدوم امین فہیم
لگتا ہے مخدوم صاحب کی زرداری صاحب سے ملاقات کے’ مثبت نتائج‘ برآمد نہیں ہوئے
#مسلم حکمران عالمی برادری کو گستاخی کے خلاف قانون سازی پر مجبور کریں‘ اویس نورانی
بے چار مسلم حکمران تو ہر وقت خود مجبوری کی کیفیت میں رہتے ہیں …عالمی برادری کے سامنے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :