امریکی صدر کا دورہٴ بھارت

بدھ 28 جنوری 2015

Prof.Mazhar

پروفیسر مظہر

دریاوٴں ،پہاڑوں ،مرغزاروں ،آبشاروں اورلہلہاتی کھیتیوں کے مجموعے کانام ریاست نہیں ۔ریاست توایسے انسانوں کے مجموعے کانام ہے جو اپنافرض پہچانیں ،مواقع سے فائدہ اٹھائیں اوراپنے دفاع کہ صلاحیت رکھتے ہوں جبکہ ہمارایہ عالم ہے کہ من حیث القوم ہمیں اپنے فرائض کاسرے سے ادراک ہی نہیں،مواقع سے فائدہ اٹھانے کایہ عالم کہ نائین الیون کے بعد ہمارا ”کمانڈو“امریکہ کے سامنے شرائط رکھنے کی بجائے وہ کچھ بھی مان گیاجس کا امریکہ نے تقاضہ ہی نہیں کیاتھا ،رہی دفاعی صلاحیت تو بلاشبہ پاکستان عالمِ اسلام کی واحد ایٹمی طاقت ہے ،ہمارے ایٹمی میزائیل بھارت کے ایک ایک شہرکو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اسرائیل کے عین وسط تک پہنچنے کی صلاحیت بھی ۔

اِس کے باوجودبھی ہم امریکی غلام اوراُس کی ڈگڈگی پرناچنے والے سدھائے ہوئے بندر جو امریکی غلامی کا طوق گلے میں ڈال کر سکھ کی تلاش میں نکلے اور دکھوں کی غارِعمیق میں جاگرے ۔

(جاری ہے)

ہم نے اُن پراعتبار کیا جنکی دوستی کھیتوں پر چھائے اُس کہرکی مانند ہوتی ہے جو ظہورِخورشید کے ساتھ ہی فضاوٴں میں تحلیل ہو جاتاہے ۔ہم اُس کے اتحادی بنے جس کے سابق وزیرِخارجہ نے کہاکہ امریکہ کی دشمنی سے زیادہ اُس کی دوستی خطرناک ہے اور تحقیقاتی ادارے ”کانفلکٹ مانیٹرنگ سنٹر “نے اسے سچ ثابت کردیا جس کے مطابق افغانستان میں چھپے ہوئے پاکستان مخالف دہشت گردوں نے پانچ سو سے زائد مرتبہ پاکستان پرحملہ کیا ۔

یہ دہشت گرد افغانستان کے صوبہ کنڑ ،ننگرہار اورپاکتیامیں مکمل آزادی کے ساتھ ٹھکانے بنائے ہوئے ہیں لیکن کسی امریکی ڈڑون کی آنکھ اُنہیں دیکھ نہیں پاتی ۔ہماری خارجہ پالیسی کایہ عالم کہ ہمیشہ بے ثبات امریکی سایوں کو مہرِدرخشاں سمجھتے رہے ۔ہم کشکولِ گدائی بڑھاتے رہے اوراوہ بقدرِ اشکِ بلبل دیتے رہے لیکن وہ بھی تضحیک و استہزا کے ساتھ ۔

جب حساب کیاتو پتہ چلاکہامریکہ نے تو 1948ء سے آج تک پاکستان کوصرف پینسٹھ ارب ڈالر امداددی لیکن ہم تو افغان وارمیں نہ صرف سَو ارب ڈالرسے زائد کا نقصان اٹھا چکے بلکہ سانحہ پشاورجیسے کئی سانحات نے ہمارے دلوں کی دنیا اجاڑکے رکھ دی ۔اِس کے باوجود امریکی تجزیہ نگاروں کے نزدیک پاکستان امریکہ کا ”جہنم سے نکلاہوا اتحادی “ ٹھہرا۔پاکستان کی ایسی خارجہ پالیسی کو دیکھ کر کہا جاسکتاہے کہ
کم ہوں گے اِس بساط پر ہم جیسے بد قمار
جو چال بھی چلے ہم ،نہایت بری چلے
امریکی صدر بارک اوبامہ انڈیا کے دورے پر پہنچ گئے اوربھارتی وزیرِاعظم نریندرمودی کوآگے بڑھ کرگلے لگالیا ۔

یہ وہی نریندرمودی ہے جسے کچھ عرصہ پہلے امریکہ نے ویزہ تک دینے سے انکار کردیاتھا ۔اُدھر نریندرمودی بھی طے شدہ پروٹوکول توڑتے ہوئے خود ایئرپورٹ پہنچ گئے اِس لیے کہا جاسکتاہے کہ جہاں مفادات عزیزہوں وہاں کوئی آئین ،قانون نہ اخلاقیات ۔اوبامہ کہتے ہیں کہ عالمی امن کے لیے بھارت کا کردار بہت اہم ہے جبکہ میاں نوازشریف نے کہاکہ ”ورکنگ باوٴنڈری پرکشیدگی سے امریکہ اندازہ لگاسکتاہے کہ بھارت امن کے لیے کتناسنجیدہ ہے“۔

جب نریندرمودی نئی دہلی کے ایئرپورٹ پر بارک اوبامہ کے گلے مل رہے تھے عین اُس وقت سیالکوٹ کی ورکنگ باوٴنڈری پر بھارتی فورسز بلااشتعال فائرنگ کررہی تھیں ۔پاکستان اوربھارت میں بنیادی فرق یہ ہے کہ بھارت امریکہ کے ساتھ برابری کی بنیادپر بات کرتاہے ہے ،مشترکہ پریس کانفرنس میں جہاں نریندرمودی امریکی صدرکو باربار ”باراک“کہہ کر مخاطب کرکے یہ کہنے کی کوشش کررہے تھے کہ اُن کی امریکی صدرسے دوستی بے تکلفی کی حدتک گہری ہے وہیں اُنہوں نے یہ بھی کہہ دیاکہ ”بھارت پرکسی ملک کا دباوٴ نہیں ہوتا“۔

جبکہ دوسری طرف امریکی پاکستان کو دوست نہیں غلام سمجھتے ہیں اورہم نے بھی جب سے پاکستان معرضِ وجودمیں آیاہے امریکی غلامی کوہی اپنا طرہٴ امتیاز سمجھ رکھاہے ۔ایوبی آمریت میں ہم سیٹوسینٹو، کے رکن تھے اورروس مخالف گروپ میں شامل۔ جنرل ضیاء الحق کی آمریت میں ہم افغان جنگ میں امریکہ کی بھرپورمدد کرتے ہوئے روس کے خلاف سینہ سپرہوئے اور آمرپرویزمشرف کے دورمیں توہم نے پوراملک ہی امریکہ کے حوالے کردیا ۔

یہ جنگ ہماری نہیں تھی لیکن لڑی ہم نے جس کا نتیجہ یہ نکلاکہ ہم تو آج بھی اِس اندھی اوربے چہرہ جنگ کا شکارہیں جس میں ہم نے اپنے پچاس ہزارسے زائد شہری شہیدکروائے اورآٹھ ہزارسے زائد جری جوانوں کی قربانی دی ۔امریکہ کوفوجی اڈے بنانے کی اجازت ہم نے دی ،ہزاروں جانیں قربان کیں ،دہشت گردی کے عفریت کاسامنا کیا اور اپنی معیشت کواپنے ہی ہاتھوں تباہ وبرباد کرلیا لیکن اوبامہ ایک نہیں دو،دو دفعہ بھارت کا دورہ کرتاہے ،اُس شخص کو گلے لگاتاہے جس کے ہاتھ گجراتی مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں ،اُس فوج سے سلامی لیتا ہے جو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدیدترین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اوراُس حکومت کی دعوتیں اُڑاتاہے جس کے سیکولرازم کی چھتری تلے مسلمانوں اور مسیحیوں کو زبردستی مسلمان بنایا جاتاہے اور انکارکی صورت
میں زندہ بھی جلا دیاجاتاہے ۔

آج تو بارک اوبامہ انتہائی ڈھٹائی سے یہ کہہ رہاہے کہ افغانستان میں بھارت امریکہ کا قابلِ اعتماد پارٹنرہے لیکن سوال کیا جاسکتاہے کہ افغان جنگ میں بھارت نے امریکہ کوکتنے فوجی اڈے دیئے ؟۔اُس کے کتنے فوجی اِس جنگ میں کام آئے اور اُس کی معیشت کو کتنے ارب کا نقصان ہوا؟۔ یہ سوال بھی کیا جاسکتاہے کہ اگرپاکستان اِس جنگ میں امریکہ کاساتھ نہ دیتا تو کیابھارتی حکومت کی مددسے امریکہ اپنے اہداف تک پہنچ پاتا؟۔


دورہٴ بھارت میں صدراوبامہ اربوں ڈالرزکے معاہدے لے کر آئے ۔اُنہوں نے ایٹمی ٹیکنالوجی پر بھارتی مطالبات تسلیم کرتے ہوئے واشنگٹن جوہری مواد کی نگرانی سے دستبرداری کا اعلان بھی کردیا اور ڈرون کی مشترکہ تیاری سمیت دفاعی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کا عندیہ اور سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت کی حمایت کااعلان بھی لیکن پاکستان کے لیے وعدہٴ فردا بھی نہیں۔

آج تو نریندرمودی بڑے فخرسے یہ کہہ رہاہے کہ بھارت اور امریکہ کی پارٹنرشپ گلوبل اور فطری ہے لیکن ہم تو اپنے فطری اتحادی کو اتنا بھی نہیں کہہ سکتے کہ
پھینکے ہیں طرف اوروں کے گُل بلکہ ثمر بھی
اے خانہ بر اندازِ چمن کچھ تو ادھر بھی
عین اُس وقت جب امریکی صدرکا ہندوستان میں والہانہ استقبال کیا جا رہاتھا،ہمارے بے لوث دوست چین نے پاکستان کو اپنا”آئرن فرینڈ“قرار دیتے ہوئے پاک فوج کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کوکہہ دیاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے خلاف ہرممکن تعاون کرے گا اور شدت پسندی کو جڑسے اکھاڑنے کے لیے کسی بھی حدتک جائے گا۔

ہم تواپنے ارسطوانِ خارجہ امور سے دست بستہ یہی درخواست کرسکتے ہیں کہ خُدارا امریکی غلامی کاطوق گلے سے اتارکر اُس طرف ہاتھ بڑھائیں جہاںآ پ کو عزت بھی ملتی ہے اوراعتماد بھی ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :