اسلام کیا ہے؟جہاد کب فرض ہے؟ سوالات ہی سوالات

ہفتہ 27 دسمبر 2014

Muhammad Saqlain Raza

محمد ثقلین رضا

اسلام میں داخل ہونے سے پہلے ہمیں اللہ ،تمام انبیا، آسمانی کتب ،فرشتوں اوریوم آخرت پر ایمان لانا لازم ہوتا ہے ۔ اس اعتبار سے اسلام کو انفرادیت حاصل ہے کہ یہ تمام انبیا اوران پر اتاری گئی کتب پرایمان لانے کادرس دیتا ہے، اسلام نام ہی سلامتی کا ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ اسلام میٹھے بولوں سے اور خوبصورت کردار کی وجہ سے پھیلا۔۔۔۔

۔۔۔۔۔ ورنہ جہالت کے زمانے میں جب اسلام کی شمع روشن نہیں تھی اس وقت پرتشدد ماحول تھا ،لڑائی جھگڑے قتل وغارت عام ہواکرتی تھی،معاشروں سے انصاف اٹھ گیا تھا۔ آج اگرکوئی یہ خیال کرتا ہے کہ اسلام بندوق ،تلوار کے زور پر نافذ کیایا اپنایاجاسکتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے ۔جہاد کو اسلام کے بنیادی عقائد میں اہمیت حاصل ہے لیکن جہاد کب جائز ہے؟؟؟کس کے ساتھ جہاد فرض ہے؟؟؟ اسلامی ریاست کے حاکمین کی اجازت کے بغیر مسلمانوں کامسلمانوں کے خلاف جہاد کس نوعیت کاحامل ہوسکتاہے؟؟؟ ایسا جہاد جوانسانیت کے قتل عام کا باعث کیاکہلائیگا؟؟؟
یہ سوالات تشنہ طلب ہیں لیکن بات وہی کہ اسلام تو سلامتی کا مذہب ہے اور تمام انبیا ان کی کتب پرایمان لانے کادرس دیتا ہے پھر ہم کس راستے پرگامزن ہیں
####
حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کاارشاد گرامی ہے کہ ”مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اورزبان سے دوسرے مسلمان محفوظ ہوں“ پھر ارشاد فرمایا ”ایک مسلمان کاخون اورمال دوسرے پر حرام ہے“ ان ارشادات نے بالکل ہی واضح کردیا کہ ایک مسلمان کیلئے حرام ہے کہ وہ اپنے بھائی کے خون سے ہاتھ رنگے‘ یہ کھلی ممانعت ہے اس میں چونکہ چنانچہ ‘جبکہ اب کہ کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی پھر یہ ارشاد عالیہ ملاحظہ ہو کہ ایک مسلمان کا مال عزت ‘خون دوسرے مسلمان پر حرام ہے‘ یہ ارشاد گرامی بھی کسی قسم کے شک وشبہ سے بالاتر ہے ۔

(جاری ہے)

پھر رحمت اللعالمین کا لقب پانے والی عظیم المرتبت ہستی کافرمان عالی شان ہے کہ ”ایک انسان کاقتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے“ یہاں لفظ انسان استعمال ہوا ہے ‘مسلمان نہیں‘ گویا یہ ثابت ہوچکا کہ ہادی برحق صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مسلمان ہی نہیں انسان کے بے وجہ قتل کو بھی انسانیت کے قتل کے برابر قراردیدیا۔اب یہ سوال پیداہوتا ہے کہ اس معاملے کی تخصیص کون کرسکتا ہے کہ فلاں اس معاملے میں بے گناہ ہے اورفلاں گناہگار‘ یقینا ہرملک ‘ہر ریاست میں اس کیلئے قانون موجود ہے‘ عدلیہ‘ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی موجود ہیں۔

پھر انسان اپنے تئیں کیسے فیصلہ کرسکتاہے فلاں نے میرے بچوں کوماردیا لہٰذا مجھے حق پہنچتاہے سامنے آنیوالے تمام بچوں کوقتل کرتا جاؤں؟؟ (یہاں مجرم کے بچوں کاذکر نہیں بلکہ تمام کھلکھلاتے بچوں کی بات کہی گئی ہے )
دوسری بات کہ اسلام نے جہاد کے ضمن میں بھی بنیادی باتیں کھول کھول کر اور واضح انداز میں بیان کردیں کہ ایک ایسے وقت میں جب اسلام کو خطرات لاحق ہوں‘ اسلام کی بنیادی تشریحات میں تبدیلیوں کا خطرہ ہو ‘ جب فاسق جابر حاکم کی وجہ سے اسلام کی روح کو خطرہ لاحق ہو ‘ جب ہرسو اندھیرے بڑھتے جارہے ہوں اور ایسے میں اسلام کانام مٹنے کاڈر ہو ‘یاپھر یہ بھی حکم ہے کہ اگر کوئی تم پر جنگ زبردستی مسلط کرکے تمہیں صفحہ ہستی سے مٹادینا چاہے تو پھر جہاد کرو۔

سوال اٹھتا ہے کہ کیا موجودہ صورتحال میں یہ نشانیاں موجود ہیں یاپھر ہمارے ذہن کا قصور ہے؟؟؟
####
ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہے کہ میدان جنگ میں بچوں‘ عورتوں اوربزرگوں پر رحم کھاؤ۔ مان لیا کہ اس وقت پوری دنیا اس کیفیت سے دوچار ہے کہ مسلمانوں کیلئے جہاد فرض کردیاگیا ‘ سوال پیداہوتا ہے کہ کیا اس جہاد میں مسلمان بچوں ‘بزرگوں ‘عورتوں کو ہی قتل کردیاجائے۔


####
ایک خاص گروہ کے لوگوں کاخیال ہے کہ سانحہ پشاور میں طالبان ملوث نہیں بلکہ یہ بھارت ، امریکہ یا عین غین ،سین ،شین قسم کے ملکوں کی ایجنسیوں کمال ہے۔
ارے بابا!اگرتو واقعی ایسا ہی ہے توپھر طالبان نے سانحہ کے فوری بعد ذمہ داری کیوں قبول کی؟؟ کیا ان کی کنپٹی پر امریکہ، اسرائیل، بھارت وغیرہ کی ایجنسیوں نے پستول گنیں تان رکھی تھیں؟؟؟ اگر تو طالبان ایسے گھناؤنے واقعات میں ملوث نہیں تو پھر ہاتھوں میں خطرناک اسلحہ پکڑکر حکومت پاکستان، عوام پاکستان اور پاکستانی میڈیا کو کیوں دھمکایاجاتا ہے اور ان کیلئے بطور خاص پاکستان کالفظ لازمی لگایاجاتا ہے''' اگر طالبان خود کو پاکستانی نہیں سمجھتے تو پھر کیا انہیں غیر قانونی، غیر آئینی طورپر اس پاک سرزمین پر رہنے کا اختیار کس نے دیا؟؟ اگر طالبان دہشتگرد نہیں ہیں تو عبدالعزیز المعروف برقعہ والی سرکار کیخلاف سول سوسائٹی کے احتجاج پر قتل اور خود کش دھماکے کی دھمکیاں کیوں دی گئیں؟؟؟ا اگرپاکستان کے ان گھس بیٹھیوں کا بھارت مائی باپ نہیں ہے تو پھر وہ ان سے کیوں ہدایات لیکر آتے ہیں؟؟؟
آخری سوال کہ اگر ایسے واقعات میں یہ عین غین، سین شین قسم کے ملکوں کاہاتھ تو کٹھ پتلیاں کون ہیں؟؟؟؟ ان ہاتھوں کو محض یہی کٹھ پتلیاں ہی کیوں راس آتی ہیں؟؟
سوالات بے شمار ہیں لیکن جواب کون دے؟؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :