گلی گلی میں ضربِ عضب

جمعرات 25 دسمبر 2014

Prof.Riffat Mazhar

پروفیسر رفعت مظہر

سانحہ پشاورنے طالبان کے چہروں پر پڑا نقاب مکمل طورپر ہٹادیا اور اُنکے مکروہ چہرے سامنے آگئے۔اب کی بار اُنہوں نے براہِ راست حصولِ علم کے پروانوں پر وار کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ مسلمان ہوہی نہیں سکتے اور اُن کی طالبانی شریعت کا دینِ مبیں سے کوئی تعلق نہیں ۔میرے دین میں حصولِ علم پر سب سے زیادہ زور دیاگیاہے ۔آقاﷺ نے اسے مومن کی گمشدہ میراث کہا اورحکمت کی کتاب میں ربّ ِ کردگار نے یہ فیصلہ ہی فرمادیا کہ ”رَبّ کو جاننے والے اُس کے عالم بندے ہیں “۔

وحشی درندوں نے معصوم ”طالبانِ علم“کے خون سے ہولی کھیل کر یہ ثابت کردیا کہ اُن کا قتل ہرمسلمان پر واجب ہی نہیں ،فرض بھی ہے ۔اِن درندوں نے اساتذہ کے خون سے ہاتھ رنگ کے اپنے آپ کو دائرہٴ اسلام سے خارج کرلیا ۔

(جاری ہے)

یہ وحشی اتنابھی نہیں جانتے کہ اسلام میں استاد کو باپ کا درجہ دیاگیاہے اورعالمِ اسلام کی اولین درسگاہ ”صفہ “کے معلمِ اعظم خود میرے آقا تھے ۔

کسی نے ایک بار سکندرسے پوچھا کہ وہ اپنے باپ سے کہیں زیادہ عزت اپنے استاد ارسطو کی کیوں کرتا ہے ؟۔ سکندرنے جواب دیا ”باپ مجھے آسمان سے زمین پرلایا اور استاد مجھے زمین سے آسمان پرلے گیا “لیکن اِن باتوں کا جنونی درندوں پر کیا اثر جن کے مُنہ کو انسانی خون کی چاٹ لگ چکی ہو ۔
بائرن نے کہا”زندگی تو اُس پنڈولم کی مانندہے جو آنسووٴں اور قہقہوں کے درمیان جھولتارہتاہے ۔

ہم نے زندگی کا یہ سبق سیکھ لیااور برداشت بھی کرلیا ۔خون آلودگھڑیاں گزرچکیں اب بدلہ چکانے کا وقت ہے اور پوری قوم عزمِ صمیم کے ساتھ یکسو ۔ساری سیاسی جماعتیں ایک صفحے پر اور افواجِ پاکستان پُرعزم ۔وزیرِاعظم میاں نوازشریف نے فرمایا ”ایک آپریشن ضربِ عضب قبائلی علاقوں میں جاری ہے اور دوسرا شہروں میں ۔اب اِن دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کُن جنگ ہوگی ۔

ہم دہشت گردوں اور اُن کو پناہ دینے والوں میں کوئی تفریق نہیں کریں گے ۔دہشت گردی اور فرقہ واریت پاکستان کے لیے ایک کینسر ہے اور اب اِس ملک کو اِس سے نجات دلانے کا وقت ہے “۔پنجاب کے وزیرِاعلیٰ میاں شہبازشریف نے فرمایا ”نئی نسل کو محفوظ پاکستان دینے کی ذمہ داری نبھائیں گے ۔یہ وقت ”ڈُو آر ڈائی“کا ہے “۔اگر یہی جذبہ سلامت رہا تو وہ وقت دور نہیں جب انشاء اللہ اِس فتنے سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے نجات مل جائے گی ۔

ویسے جس جانفشانی سے گلی گلی میں دہشت گردوں کا تعاقب ہورہاہے اور اُن کو پورے پاکستان میں واصلِ جہنم کیاجا رہاہے اُس سے تویہی محسوس ہوتا ہے کہ اب گلی گلی میں ضربِ عضب جاری ہے ۔اُدھر افغان فورسزنے پاکستان کے مطالبے پر افغانستان کے صوبہ کنڑ میں آپریشن شروع کردیاہے ۔پاکستان تو عرصہٴ درازسے افغان حکومت سے یہ مطالبہ کررہا تھا کہ مُلّا فضل اللہ کنڑ میں چھپا ہواہے ،اُسے پاکستان کے حوالے کیاجائے لیکن وہ تو افغان انٹیلی جنس کی پناہ میں تھا اور کرزئی حکومت اُسے پاکستان کے حوالے کرنے کوتیار نہیں تھی ۔

سوات کے بھگوڑے مُلافضل اللہ نے فوجی آپریشن کے بعد افغانستان پہنچ کر یہ اعلان کیا کہ وہ بحفاظت افغانستان پہنچ گیاہے ۔کرزئی حکومت کے خاتمے کے بعد پہلی دفعہ ایسا ہورہا ہے کہ دونوں حکومتیں طالبان کے خاتمے کے لیے ایک صفحے پرہیں ۔کنڑ میں کارروائی پر وہاں کے گورنر نے کہا کہ یہ ساری کارروائی حکومتِ پاکستان کے مطالبے پر ہورہی ہے ۔افغان حکومت کا یہ بیان انتہائی خوش آئند ہے ،اگر افہام وتفہیم کی یہی فضاء قائم رہی تو ملافضل اللہ بھی جلد واصلِ جہنم ہوجائے گا ۔


اِدھر طالبان کے خلاف بھرپور کارروائی ہورہی ہے تو اُدھر کچھ لوگ اپنی سیاسی دوکانداری چمکانے کی کوششوں میں مگن ہیں ۔لال مسجد کے خطیب مولانا عبد العزیز نے انتہائی نامعقولیت کا ثبوت دیتے ہوئے نہ صرف سانحہ پشاور پرطالبان کی مذمت سے انکار کیا بلکہ یہاں تک کہہ دیاکہ یہ آپریشن ضربِ عضب کا ردِعمل ہے اور طالبان ایسے حملے کرتے رہیں گے ۔

مولانا عبدالعزیز کے اِس بیان پر ایم کیو ایم کے الطاف بھائی بھڑک اُٹھے اور جامع حفصہ اور لال مسجد کو گرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے جواز یہ پیش کیا کہ حضورِاکرم نے بھی ”مسجدِضرار“کو گرانے کا حکم دیاتھا ۔عرض ہے کہ مسجدِ ضرارکی کہانی ذرا مختلف ہے ۔آقا کے مدینہ منورہ تشریف لے جانے سے پہلے مدینہ میں ابو عامر نامی عیسائی کی درویشی اور علمی وقار کا سکہ چل رہاتھا ۔

آقا جب مدینہ تشریف لائے تو اُس راہب کو اپنی درویشی ڈانواں ڈول ہوتی نظرآئی اور اُس نے مدینہ کے منافقین کے ایک گروہ کے ساتھ مل کر ایک سازش تیارکی ۔یہ لوگ آقا کی خدمت میں حاضرہوئے اور آپ سے درخواست کی کہ چونکہ مسجدِ قبا ء اور مسجدِ نبوی اُن سے کافی فاصلے پر ہیں اِس لیے اُنہیں مسجدِ ضرار بنانے کی اجازت دی جائے ۔آقا نے اجازت مراحمت فرمادی اور یوں مسجدِ ضرار کی صورت میں سازشوں کا گڑھ تیار ہوگیا ۔

یہ مسجد آقا نے اُس وقت گرانے کا حکم دیا جب ربِ کردگار نے اِس مسجدکا سارا پول سورة توبہ میں کھول کر رکھ دیا (سورة توبہ 106-110 )۔لال مسجد اور جامع حفصہ نہ تو کسی اسلام مخالف گروہ نے تعمیرکیں اور نہ ہی وہاں دینِ مبیں کے خلاف سازشیں ہوتی ہیں ۔یہ بالکل بجا کہ اِس وقت لال مسجدکا خطیب ایک ایسا شخص ہے جسے نرم سے نرم الفاظ میں ہوش وحواس سے عاری کہا جا سکتا ہے لیکن منافق ہرگز نہیں اِس لیے لال مسجد گرانے کا مطالبہ کسی بھی صورت میں درست نہیں ۔

یہ بھی ذہن میں رکھنا چاہیے کہ مسجدِ ضرار علیم وخبیر ربِ کائینات کے حکم سے گرائی گئی اور آقا نے اُس وقت تک اِس مسجد کو گرانے کا حکم نہیں دیا جب تک اللہ کا واضح پیغام نہیں آگیا ۔مسجدِ ضرار غالباََ اسلام کی وہ پہلی اور آخری مسجد ہے جسے مسلمانوں نے خود اپنے ہاتھوں سے گرایا ۔ہم ”زمینی خُداوٴں “ کو ہرگز یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ اپنی زبانوں پر اِس قسم کے الفاظ بھی لائیں ۔البتہ یہ ضرور کہ لال مسجد کو مولانا عبد العزیز سے پاک کردیا جائے تاکہ شَر نہ پھیلے ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :