تیر و ترکش

بدھ 10 دسمبر 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، سپریم کورٹ نے معاملہ نمٹادیا
اب تو ’تمام معاملات‘ جناب چیف الیکشن کمشنر کو خود ہی نمٹانا پڑیں گے
#پرویز رشید پرلے درجے کے جھوٹے ہیں، شیخ رشید، شیخ رشید گھٹیا اور جھوٹے انسان ہیں، پرویز رشید
ایک موجودہ اور دوسرے سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات ہیں دونوں کی ’اطلاعات ‘کو جھٹلانے کی پوزیشن میں نہیں بے چارے عوام
#آیندہ چھ ماہ میں نئے الیکشن دیکھ رہا ہوں، چودھری شجاعت
آپ نے عمران خان کی عینک لگا لی ہے شاید
#جب چاہیں ڈرون گراسکتے ہیں، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار
کاش آپ کی چاہت پر آپ کا اپنا اختیار ہوتا!
#آصف زرداری مسیحا بن کر میدان ِ عمل میں اتر آئے ہیں، ترجمان بلاول ہاؤس
مریض کے دن پورے گئے ہیں کیا؟
#کراچی کا مسئلہ دیرینہ ہے، وزیر اطلاعات سندھ
آپ کی حکومت بھی تو کراچی میں دیرینہ ہے
#ظالموں کا گروہ سیاسی پارٹیوں کے بھیس میں عوام پر مسلط ہے، سراج الحق
یہ جانتے ہوئے بھی آپ مذاکرات و مصالحت کاری پر تلے ہوئے ہیں
#راجا پرویز اشرف نے ناتجربہ کار دامادوں کے لیے تمام ضابطوں کو پامال کیا ،نیب
اس سے تو لگتا ہے نیب کو اعتراض راجا صاحب کے دامادوں کی ناتجربہ کاری پر ہے
#امریکی صدر اوباما کے گلے میں تکلیف
سر ، بازو ٹانگ وغیرہ میں تکلیف ہو تو انہیں دبایا جاتا ہے ہمارے ہاں ،امریکی پتا نہیں کیا کرتے ہیں
#ملک کسی کی جاگیر نہیں جسے بند کر دیا جائے، آفتا ب شیر پاؤ
اس طرح کا بیان تو آپ نے مشرف دور میں بھی دیا تھا جب میاں نواز شریف لندن سے اسلام آباد آرہے تھے مگر انہیں اسلام آباد سے جدہ جانیوالے جہازوں پر بٹھا دیا گیا تھا تب آپ وفاقی وزیر داخلہ ہوتے تھے ناں
#8دسمبر فیصل آباد کے لیے فیصلے کا دن ہے، عمران خان
آپ اپنے علاوہ کسی دوسرے کا فیصلہ مانتے کب ہیں؟
#ادارے کے وقار کی بحالی کے لیے جو ہوسکا کروں گا، چیف الیکشن کمشنر
آپ کا پہلا امتحان تو اپنا وقار بچانا ہے جناب!
#شجاعت نے نہیں شریف برادران نے انہیں دھوکا دیا ، سردار ذوالفقار کھوسہ
چودہ برس تک یہ’ حقیقت‘ کیوں چھپائے رکھی آپ نے
#سندھ حکومت ایم کیو ایم دشمنی میں اندھی ہو چکی ہے، وسیم اختر
کیا خیال ہے پھر پنجاب پولیس کو نہ بلا لیا جائے سندھ میں
#نابینا افراد پر تشدد افسوس ناک ہے ذمہ دار بچنے نہیں چاہئیں، مریم نواز
میڈیا کی بجائے یہ بات گھر جا کر اپنے چچا اور ابا میاں سے کہنی چاہیے آپ کو
#سراج الحق سے ملاقات میں عمران مذاکرات پر آمادہ
لیکن یہ آمادگی شیخ رشید صاحب کی خان صاحب سے ملاقات کے بعد شاید قائم نہیں رہ سکے گی
#سندھ کے لوگوں کو مسلم لیگ (ن) نے کبھی نظر انداز نہیں کیا، اسماعیل راہو
سردار ممتاز بھٹو، لیاقت جتوئی، سید غوث علی شاہ ، ارباب غلام رحیم، الٰہی بخش سومرو و غیرہ کے ڈومیسائل کسی دوسرے صوبے کے ہیں کیا
#سیاسی آسودگی کو ختم کیے بغیر ملک میں بہتری کا تصور نہیں کیا جاسکتا،سید ضیاء عباس
’خاکی‘ اسپرے کی خواہش پائی جاتی ہے آپ کے اس بیان میں
#مشرف غداری کیس ،وزارت قانون نے وزیراعظم کو راستہ بتا دیا
اور یہ راستہ مشرف صاحب کو ایک بار پھر دبئی یا لندن لے جاسکتا ہے
#ہمیں اپنے نظریات کے تحفظ کے لیے کام کرنا ہوگا، جنرل راحیل شریف
زور کس پر ہوا’اپنے‘ پر
#ملک میں فوج کو آئینی کردار دے دینا چاہیے، پرویز مشرف
یہ کام گیارہ سال برسرِ اقتدار رہتے ہوئے کیوں نہ ہوسکا آپ سے ؟
#کراچی کا مسئلہ سیاسی ہے جادو کی چھڑی سے مسائل حل نہیں ہوں گے، کور کمانڈر
جادو کی نہیں، کوئی نہ کوئی چھڑی تو استعمال ہو گی اس مقصد کے لیے
#پی ٹی آئی سے مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت نہیں،پرویز رشید
اگر یہ مذاکرات شروع ہو کر کام یاب ہو گئے تو پھر ہم کیا کریں گے؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :