تیر و ترکش

بدھ 29 اکتوبر 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#صبر کا پھل میٹھا ہوتا ہے، دوسرا دھرنا بھی خوش اسلوبی سے ختم ہوگا، وزیراعظم
پھل کا صحیح ذائقہ تو قادری صاحب ہی بتا سکتے ہیں، البتہ دوسرے دھرنے سے آپ کی توقعات شاید پوری نہ ہوں
#حکومت نئے انتخابات کرانے پر مجبور ہو جائے گی، چودھری شجاعت حسین
حکومت کے اس مجبوری تک آتے آتے آپ کے پلّے کیا رہ جائے گاجناب؟
#کابینہ میں تبدیلیاں، وزیراعظم وزراء کی کارکردگی کے جائزے میں مصروف
ذرا دھیان سے جناب وزیراعظم !شاید کوئی آپ کی کارکردگی کا جائزہ لینے میں بھی مصروف ہو
#سندھ میں جوان وزیر اعلیٰ لانے کا فیصلہ
جوان وزیراعلیٰ کی خواہشات بھی جوان ہوں گی، کہیں پیپلز پارٹی کو لینے کے دینے نہ پڑ جائیں
#طاہر القادری کے لیے انقلاب سمیٹ لینے کے سوا کوئی چارا نہیں تھا، تجزیہ کار
انقلاب سمیٹ لینے پر کتنے چارے کا بندوبست کیا گیا یہ بتانے والے ابھی خاموش ہیں
#پی پی متحدہ جھگڑا عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے ہے، لیاقت بلوچ
چھوڑیں بلوچ صاحب! سیاست دانوں کے جھگڑے ہوں یا مصلحت و مصالحت کاری، سب کا مقصد عوام کو بے وقوف بنانا ہی ہوتا ہے
#اللہ تعالیٰ نے نواز حکومت کو مہلت دے رکھی ہے، طاہر القادری
اس کا مطلب آپ واپس کینیڈا جا رہے ہیں!
#ناہید خان نے پیپلز پارٹی ورکرز بنالی، صفدر عباسی صدر منتخب
سوچنے کی بات تو یہ ہے کہ یہ ورکرز ناہید خان کو کہاں سے ملے جنہوں نے صفدر عباسی کو صدر منتخب کر لیا
#سرکاری اداروں کے سربراہ کیوں نہیں لگائے جا رہے؟سپریم کورٹ
اس لیے کہ حکمرانوں کو کسی پر اعتبار نہیں ہے
#بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نصب کردہ میٹر35فیصد تیز ہیں، وزیراعظم معائنہ کمیشن
پتا کرنا چاہیے کہ ان میٹروں کی اجازت میں کس اور کتنے کمیشن کا عمل دخل ہے
#بلوچستان دہشت گردی میں کئی بیرونی ہاتھ ملوث ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
اس طرح کے بیانات تو قوم60برس سے پڑھ اور سن رہی ہے جناب …ان ہاتھوں کے مالکوں کا بھی تو بتائیں ناکبھی…
#بغیر میٹر ریڈنگ بل جاری نہ کیا جائے، نواز شریف کی ہدایت
35 فیصد تیز چلنے والے میٹروں کا پہلے علاج کرا دیں جناب
#تبدیلی کا وقت آگیا لوگ30نومبر کو اسلام آباد پہنچیں، عمران خان
لگتا ہے موسم کی تبدیلی کی بات کر رہے ہیں خان
صاحب
#عمران نے ممتاز بھٹو کو تحریک انصاف کا صدر منتخب کرانے کی پیشکش کر دی
جاوید ہاشمی کی صدارت تحریک انصاف سے جو نہ کر سکی لگتا ہے اب وہ کچھ ممتاز بھٹو سے کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں شاہ محمود قریشی
#پیپلز پارٹی میں کوئی ایسا لیڈر نہیں جو کارکنوں کو عزت دے سکے، جہانگیر بدر
ظاہر ہے آدمی وہی کچھ دے سکتا ہے جو اس کے پاس ہو
#ایم کیو ایم سے اب کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، سید قائم علی شاہ
سائیں پہلی سودے بازیوں کا اعتراف سمجھا جائے آپ کے اس بیان کو؟
#متحدہ کھل کر بات کرے اصل مسئلہ کیا ہے؟ سید خورشید شاہ
سینیٹر عبدالرحمن ملک نے نہیں بتایا آپ کو متحدہ کا اصل مسئلہ
#لواں گے لواں گے پورا کشمیر لواں گے ،بلاول کے بعد آصفہ نے بھی نعرہ لگادیا
سند ھ نہ دینے کی بات یہ لوگ سندھی میں ،کشمیر لینے کی بات پنجابی میں، ووٹ لینے کی بات اردو میں اور آپس کی بات انگریزی میں کرتے ہیں
#سستی شہرت کے لیے آپس میں لڑانے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی، شرجیل میمن
اصل لڑائی غالباً سستی شہرت کو مہنگا کرانے کی ہے
#پی پی زرداری پارٹی بن گئی اب کوئی بھٹو نہیں رہا، شاہ محمو د قریشی
لگتا ہے ممتاز بھٹو کو آپ تحریک انصاف کا صدر بنوا کر ہی دم لیں گے
#فضل الرحمن پرحملہ پوری قوم کے لیے لمحہٴ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

عرفان صدیقی
اور قوم میں دیدہ و نادیدہ حکمران تو شامل نہیں ناں

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :