بند کریں
منگل ستمبر

تیر و ترکش

خامہ بدست کے قلم سے :

#سیاسی مداخلت کی خبریں بے بنیاد ہیں، بحران سے تعلق نہیں، فریقین مل کر حل نکالیں، فوجی ترجمان
یہ تمام باتیں کرنے میں آپ نے اتنی دیر کیوں لگائی حضور!
#عمران خان اگر توپ مانگ رہے ہیں تو انہیں پستول مل ہی جائے گی، سید خورشید شاہ
آپ لوگوں کا کوئی پتا نہیں کہ خاں صاحب کو پانی والی پستول ہی پکڑا دیں!
#حکومت نے عوام کو بدترین سیلاب سے بچانے کے لیے پیشگی انتظامات نہیں کیے، سراج الحق
پیشگی انتظامات تو حکومت نے اپنے آپ کو بچانے کے لیے بھی نہیں کیے تھے وہ تو بھلا ہو آپ جیسوں کا جو ’سسٹم‘ بچانے کے چکر میں حکومت کو بچائے چلے جا رہے ہیں۔
#آرمی چیف مداخلت کرکے مجھ سمیت سب کے کان پکروادیں،چودھری شجاعت حسین
اور پھر آپ سب کے اوپر علامہ طاہر اشرفی اور میر ظفر اللہ جمالی کو بٹھا دیں
#مدارس ختم کرنا چاہتا ہوں، طاہر القادری
یہ ہے اصل ایجنڈا کینیڈین شیخ الاسلام کا باقی سب کہانیاں ہیں
#پاکستان کے دورے کا خلوص نیت سے انتظار ہے، چینی صدر
کاش اتنا خلوص دھرنا قائدین میں بھی ہوتا!
#چودھری شجاعت نے انقلاب دھرنے میں مغرب کی اذان دی
مغرب کی اذان دے کر چودھری صاحب نے دھرنے والوں کو شاید یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ رات ہو گئی اب گھروں کو چلے جائیں ۔
#بل غلطی سے جمع کرا دیا آیندہ ماہ سول نافرمانی کروں گا ، شیخ رشید
گویا آیندہ ماہ بھی عمران خان استعفیٰ نہیں لے سکیں گے وزیراعظم نواز شریف سے
#نواز شریف کی جمہوریت سے مشرف کی آمریت بہتر تھی، عمران خان
تو کیا اب آپ اسی قسم کی بہتری کے لیے دھرنا دیئے ہوئے ہیں
#بلاول ہاؤس کے باہر لاٹھی چارج سے متعدد اساتذہ زخمی،درجنوں گرفتار
اور شاہراہ دستور پر دھرنا دینے والوں کے ساتھ نرمی کے سلوک کی ہدایت دیتے رہے ہیں زرداری صاحب
#دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہم دھرنوں میں پھنسے ہیں، وزیراعظم
دنیا جہاں بھی پہنچی ہے بغیر دھاندلی کے پہنچی ہے شاید
#مخدوم جاوید ہاشمی نے آزاد حیثیت سے ضمن الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا
لگتا ہے عمران خان نے ہاشمی صاحب سے پیچھا چھڑانے کے لیے دھرنا دیا ہے
#فوج کی وضاحت نے عمران سمیت بہت سوں کو بدحواس کر دیا، مولانا فضل الرحمن
اور اس وضاحت سے جن بدحواسوں کے حواس بحال ہوئے ان کے نام نہیں بتائے مولانا نے
#قادری عوام کو گمراہ نہ کریں، اسحاق ڈار
کوئی کام ہمارے کرنے کے لیے بھی تورہنے دیا جائے
#عمران جان دیدے گا لیکن استعفے کے بغیر نہیں جائے گا، شیخ رشید
کچھ خدا کا خوف کریں شیخ صاحب کوئی حد ہوتی ہے کسی کو ورغلانے کی ۔
#حکومت کا کوئی مستقبل نہیں ، چودھری پرویز الٰہی
 آپ کی طرح!
#الیکشن کمیشن وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی یاددہانی کرائے گا
اگر اس یاد دہانی پر وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات یاد آگئے تو حکومت کی بہت سی موجودہ مشکلات ختم ہو جائیں گی اور نئی پیدا ہو جائیں گی
#دھاندلی ثابت ہونے پر شریف برادران کو استعفی دینا ہوگا، لیاقت بلوچ
لگتا ہے آپ کے ذمے سراج الحق صاحب کی نرمی کو سختی بنا کر پیش کرنا ہے آج کل
#ملک مزید محاذ آرائی اور ٹکراؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا، میثاق جمہوریت پر قائم ہیں ،مخدوم امین فہیم
کرپشن کے مقدمات میں ضمانت ہی ہوئی ہے ابھی بری تو نہیں ہوئے ناں مخدوم سائیں
#پارلیمنٹ نے فیصلہ دیا تو اسلام آباد کو دھرنے والوں سے پاک کر دیں گے، خواجہ سعد رفیق
اب اسلام آباد کی پاکی ناپاکی کا فیصلہ تو آپ خود کر لیں جناب
#شاہ محمود قریشی کی ممتاز بھٹو سے ملاقات تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت
یہ قریشی صاحب آخر عمران خان سے کس چیز کا بدلہ لینا چاہتے ہیں
#انقلاب مارچ کے لیے کنٹینر فراہم کرنے والا بھی گرفتار
اور کنٹینرپر چڑھ کر خطاب کرنے والوں کو مکمل آزادی ہے واہ ری بی بی جمہوریت …
#نواز شریف کے اعصاب1993ء کی نسبت زیادہ مضبوط ہیں، اعتزاز احسن
پارلیمنٹ میں آپ کی تقریروں نے لگتا ہے میاں صا حب کے اعصاب مضبوط کر دیئے ہیں
#مطالبات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،صاحبزادہ حامد رضا
تو کون؟ میں خوا مخواہ
#اسلام آباد کے دھرنے غیر شرعی اور ناجائز ہیں،
قاضی محمد فضل رسول حیدر
قاضی محمد فضل رسول حیدرآستانہ عالیہ محدثِ اعظم پاکستان فیصل آباد کے سجادہ نشین اور صاحبزادہ حامد رضا کے تایا محترم ہوتے ہیں……ہن آرام ای!
#قادری اور عمران قومی معاملات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں،الطاف حسین
آپ کیوں دونوں کو بے روز گار کرنا چاہتے ہیں
© جملہ حقوق بحق ادارہ اُردو پوائنٹ محفوظ ہیں۔
© www.UrduPoint.com
تاریخ اشاعت: 2014-09-17

کالم نگار     :     خامہ بدست کے قلم سے

خامہ بدست کے قلم سے کے مزید کالم پڑھنے کیلئے یہاں پر کلک کیجئے-