سول نا فرمانی کی تحریک اور بیچاری قوم

منگل 19 اگست 2014

Chaudhry Muhammad Afzal Jutt

چوہدری محمد افضل جٹ

تحریک انصاف کے قائد عمران خان صاحب نے اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے ریاست پاکستان کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے خان صاحب کے اس غیر متوقع اعلان سے پاکستانیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کہ ہمارے پیارے وطن کے مستقبل کا کیا ہو گا کیا ہماری آنے والی نسلیں بھی اس دکھ اور کرب میں زندگی گزاریں گی جس پریشانی اور غم میں ہم مبتلا ہیں کیا وطن کی تقدیر اور قوم کا مقدر بدلنے کے دعوے اور وعدے کرنے والے یونہی ہماری اور ہمارے وطن کی قسمت سے کھیل کر اپنے اقتدار کی بساط بچھاتے رہیں گے کیا کوئی اس قوم کی تکالیف،مشکلات،مسائل اور دکھوں کا بھی اداراک کرے گا جو اس وقت قو م جھیل رہی ہے غریب کو دو وقت کی روٹی نہیں مل رہی کسان بیچارہ اپنے کھیتوں میں حسرت و یاس کی تصویر بنا ہوا ہے مزدوراپنے بچوں کے لئے مزدوری کی تلاش میں سر گرداں ہے محنت کش اپنے پیاروں کی بھوک مٹانے کے لئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے بجلی کا بحران ہے گیس کی کمی ہے اب تو پانی کا مسئلہ بھی گھمبیر ہو چکا ہے اس نا گفتہ بہ صور ت حال کے باوجود ہر پاکستانی کا دل وطن کی محبت سے شرشار ہے اور ضربِ عضب کی کامیابی اور ملکی معیشت کی کامیابی کے لئے دعا گو ہے ایسے میں خان صاحب کی جانب سے نواز شریف اور شہباز شریف دشمنی میں ریاست پاکستان کے خلاف سول نا فرمانی کی تحریک کا اعلان کسی زلزلے یا دھماکے سے کم نہیں مگر خان صاحب سے قو م اتنا ضرور کہتی ہے کہ خان صاحب سیاست جم کر کریں مگر اپنی سیاست پر وطن عزیز کی سالمیت،ریاست کے مفادات،ملکی سلامتی،قوم کے مستقبل اور شہیدوں کی امنگوں،آرزوؤں اور جذبوں کے مسکن کو قربان نہ کریں ہم کو معلوم ہے کہ اس سول نا فرمانی کی تحریک سے نہ آپ کو کوئی نقصان ہو گا نہ آپ کے بچوں کا مستقبل مخدوش ہو گا نہ نواز شریف کو کوئی فرق پڑے گا نہ اس کے کاروبار کی وسعت کم ہو گی نہ جاگیرداروں،وڈیروں کی رعونت کم ہوگی نہ ان کی اولادوں کا فیوچر تاریک ہو گا نہ سرمایہ داروں کے سرمائے میں کمی آئے گی نہ ان کا مسلط کردہ سرمایہ دارانہ نظام ہلے گا نہ مخدوموں کی دستار گرے گی اور نہ سید زادوں کے ھدیوں اور جزیوں میں کمی آئے گی تباہ ہو گا تو ہمارا دیس تاریک ہو گا تو ہمارے بچوں کا مستقبل دکھوں میں اضافہ ہو گا تو ہمارے ملکی معیشت تباہ ہوگی تو ہمارے پیارے وطن کی اقتصاد برباد ہو گی تو ہمارے پاکستان کی جس کی خاطر اپنا سب کچھ لٹایا ہمارے اباؤاجداد نے جس کے استحکام کے لئے لڑ رہی ہے ہماری پاک فوج اور جس کی محبت میں گا رہے ہیں ہمارے بچے ملّی نغمے کیونکہ انہوں نے یہیں رہنا ہے یہیں مرنا اور یہیں دفن ہونا ہے۔

(جاری ہے)

خان صاحب خداراہ اس ملک و قوم پر رحم کریں اور اس کو تباہ نہ کریں کیونکہ یہ تو پہلے ہی سیاستدانوں کی لوٹ کھسوٹ،جاگیرداروں وڈیروں کی چوربازاری،سرمایہ داروں کی کرپشن بد دیانتی اور اشرافیہ کی لوٹ مار اور دھوکہ دہی سے تباہی کے دہانے پر ہے۔پوری قوم سیاستدانوں اور اہل اقتدار سے اپیل کرتی ہے کی اب بس کرو ملک و ملتّ کے مقدّر سے اور کھلوار مت کرو۔کیونکہ۔
وطن کی محبت میں ہم آشفتہ سروں نے
وہ قرض اتارے ہیں جو واجب بھی نہیں تھے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :