جشن آزادی پر گند کرنے والے

جمعرات 14 اگست 2014

Mumtaz Amir Ranjha

ممتاز امیر رانجھا

#خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کومقابلے میں الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔خبر
خواجہ صاحب بھائی جان کیا ہو گیا آپ کو، آپ ہیں حقیقی سیاسی آدمی۔ہم مانتے ہیں کہ آپ خان صاحب کو الیکشن ہرا سکتے ہیں لیکن آپ کو پتہ ہونا چاہیئے آجکل خان صاحب اور ان کے ساتھیوں کا مزاج ہار مانتا نہیں، خان صاحب چاہتے ہیں کہ وہ حکومت کو پانچ سال پورے نہ کرنے دیں اور نئے الیکشن کراکے راتوں رات وزیر اعظم بن جائیں۔

کچھ ہارے ہوئے لوگ اس وقت انہیں لیکر نئے الیکشن کرانا چاہتے ہیں تاکہ شاید انہیں نئے الیکشن میں کوئی بڑی سیٹ میسر آ جائے۔امیدِ بہار لئے کچھ لوگ ان کے آشیانے پر ٹھکانہ بنائے ہوئے ہیں،لہٰذا خان صاحب آپ کے چیلنج کو اس وقت بالکل قبول نہیں کریں گے کیونکہ اس وقت وہ ہر چیز داؤ پر لگائے ہوئے موجودہ حکومت کوفتح کرنے کے چکر میں ہیں حالانکہ انہیں اچھا بھلا پتہ ہے کہ جمہوری حکومتیں اس طرح نہیں گرائی جاتیں ،خان صاحب کوئی کاکے تو نہیں انہیں سب پتہ ہے۔

(جاری ہے)

آج غلط کریں گے تو کل خان صاحب کو لگ پتہ جائے گا۔سعد رفیق بھائی جان یہ لانگ مارچ والی ٹیم اونچے خوابوں میں مدہوش ہے اوراب تو طاہر القادری بادشاہ، عمران خان وزیر اعظم،محمود الرشید وزیراعلیٰ پنجاب ہیں گویا۔
#مجھے اور عمران خان کو گرفتا ر کر لیا جائے گا۔شیخ رشید
ایک جنگل میں ایک چوہا بار بار چھپ جاتا۔کسی جانور نے پوچھا”چوہا صاحب!خیر تو ہے،آپ میں بڑی واضح تبدیلی لگ رہی ہے“۔

برجستہ بولا”یا ر کیا بتاؤں!شیر کا پاجامہ گم ہو گیا ہے اور سب کو شک میرے اوپر ہے“۔شیخ صاحب کے حالات کچھ ایسے ہیں ،دیکھیں کہ پنڈی میں ن لیگ کے نام سے کئی بار جیتنے اور اپنی پارٹی کے نام سے کئی بار ہارنے والے ،غلطی سے ایک بار جیت کیا گئے،اب ادھارے جلسوں میں مقرر بن جاتے ہیں اور اب جنگل کے چوہے کی طرح اپنی گرفتاری کی خبریں پھیلا رہے ہیں۔

شیخ رشید بھی گویا شیخ چلی ہیں شیخ چلی۔
#جمشید دستی بھی لاہور پہنچ گیا۔خبر
جس نے اصل ڈگری نہیں لی،جعلی ڈگری کے ساتھ اصلی عوامی مینڈیٹ لینے والے دستی صاحب بھی دستی تحریک انصاف سے سیٹ بُک کرانے لاہور پہنچ گئے۔ہم نے سنا ہے کہ کچھ لوگ اس غلط فہمی میں تحریک انصاف کے شانہ بشانہ ہیں کہ موجودہ حکومت کے جانے کے بعد نئے الیکشن ہو جائیں گے تو یہ لوگ کچھ ایم پی اے اور کچھ ایم این اے بن جائیں گے۔

جمشید دستی غریب عوام کا غریب نمائندہ ہے لیکن اس سے یہاں شامل ہونے میں بہت بڑی غلطی ہوئی ،اس شریف آدمی کو کسی نے بتایا نہیں کہ خان صاحب کا لانگ مارچ والا کینٹنیر محض سوا کروڑ سے تیا ر ہوا ہے یقین کریں جمشید دستی کو اگر پتہ ہوتا کہ ان کے ممکنہ لیڈر اتنے ہی فضول خرچ ہیں تو وہ اپنا کھوتا ریڑھی لیکر آ جاتا اور لانگ مارچ میں لانگ کھوتا ریڑھی سفر کرتا۔

قادری کو دائیں بٹھاتا اور عمران کو بائیں اور آواز لگاتا ڈگریاں لے لو ڈگریاں۔
#حکومت غلطیاں کر رہی ہے۔یوسف رضا گیلانی
حکومت غلطیاں کر رہی مگر شاہ جی آپ نے تو اپنے دور حکومت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی غلطیاں نہ کرنے کی۔آپ کے دور میں راجہ رینٹل کوبجلی پر زیادہ رینٹ لینے کا موقع ملا،آپ کے دور میں جعلی بھرتیاں ہوئیں،گیس ،بجلی اور پٹرول مہنگا ہوا۔

ڈالر اپ سے اپ ہوتا چلا گیا،عوام کا بھرکس نکلا،آپ نے کئی بار شہباز شریف کی حکومت ختم کرنے کی دھمکی دی اور ایک بار ختم بھی کی،ن لیگ کو پانچ سال گولیوں پر رکھا ،جتنے پھرتیلے اور ہوشیار زرداری صاحب ہیں کاش وہ اپنی انرجی عوام کے لئے مثبت استعمال کرتے تو آج ملکی ترقی میں کئی قدم آگے ہوتا۔حکومت غلطیاں کر رہی ہے سارے اچھے کام تو آپ کے دور میں ہوئے۔

کینڈا سے تشریف لائے ہوئے چمپئن الاسلام تو بڑا نیک کام کررہے ہیں عوام کو ذلیل و خوار کرکے،بس حکومت ہی غلطیاں کر رہی ہے۔آپ نے کوئی غلطی نہیں کی شاہ محمود قریشی تو ویسے ہی پارٹی چھوڑ گیا تھا کیوں شاہ جی؟
#عمران خان کو مارچ روکنے لئے تاجروں کی درخواستخبر
پاکستانی تاجروں کی درخواست پر اس وقت عمل ہونا بہت ہی ناممکن کام ہے۔اگر عمران خان اتنے ہی پازیٹو اپروچ والے ہوتے تو کاش اپنے ساتھ قادری کا بھی علاج کرتے اور ان کو بھی قائل کرتے ۔

لانگ مارچ سے تاجروں کے علاوہ غریب عوام کا کتنا نقصان ہوا ہے اس بات کا اندازہ شاید ہی کو ئی کر سکے۔جو لوگ ہر روز مزدروی کرتے ہیں اور ہر روز گھر میں سودا سلف لاتے ہیں ان کو تو اس لانگ مارچ نے مار دیا ناں،قادری او ر عمران کو لانگ مارچ مبارک،مریں گے غریب لوگ،مگر تسکین ملے گی قادری اور عمران کو۔پاکستان کے قیام کو کتنے سال ہو گئے ہیں،ہم لوگ کب سدھریں گے جو حکومت عوام کے ساتھ وفادار نہیں وہ پانچ سال پورے کرے اور جو وفادار ہے اس کے خلاف قادری اور عمران کا لانگ مارچ بہت ہی شرمناک فعل لگتا ہے۔

تاجر ہوں یا غریب عوام دونوں کی بد دعائیں ایک دن قادری او ر عمران کا دھڑن تختہ کر سکتی ہیں۔قادری اور عمران کو کیا لگے کہ سٹاک ایکسچینج بھی بہت حد تک گر چکا ہے اور وہاں بھی مندے کے حالات ہیں۔
#آئینی دائرے میں سیاسی سرگرمیوں کا احترام کیا جائے گا۔چوہدری نثار چوہدری صاحب!جس طرح اس ہفتہ قادری صاحب کے مریدین اور ساتھیوں نے آئینی دائرہ میں رہ کر لاٹھیوں پر میخیں لگا کر پولیس والوں کو مارا پیٹا اور شہید کیا ، کیا ان پر احترام واجب ہے؟جس طرح لاہور میں تحریک انصاف والوں نے ن لیگ کی ریلی پر پتھراؤ کیا آپ کے خیال میں کیا وہ آئینی دائرہ میں تھا یا یہ دونوں گروپ(قادری اور عمران)ایک ہفتہ سے پوری قوم کو ذلیل وخوار کر رہے ہیں کیا وہ دونوں آئینی دائرہ میں ہیں،بالکل نہیں،قادری بھی غیر پارلیمانی اور غیر آئینی زبان استعمال کر رہا ہے اور عمران خان بھی غیر آئینی زبان استعمال کر رہا ہے۔

حکومت ختم کر دیں گے، استعفٰی دے دیں وغیرہ وغیرہ کہنے والے کون سے ”پھنے خان“ ہیں۔اگر اتنے ہی سیاسی چمپئین ہیں تو پانچ سال الیکشن کا انتظار کریں اور الیکشنوں کے بعد پتہ چلا جائے گا کہ کون بڑا سیاست دان ہے۔چوہدری صاحب ان کو سیاسی طریقہ سے حکومتی طریقہ سے ہینڈل کریں۔تاکہ قوم و ملک کی ترقی میں یہ لوگ گند نہ ڈالیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :