تیر و ترکش

جمعرات 10 جولائی 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لیے قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہے، نواز شریف
اور حکومت کا کچھ خاص پتا نہیں کہ وہ آج کل کہاں کھڑی ہے ؟
#وزیرستان کے عوام کو طالبان نے یرغمال بنا رکھا تھا، الطاف حسین
اسے کہتے ہیں تجربہ بول رہا ہے
#امریکی جاسوسی کا شکار بننے والوں میں عام شہری زیادہ ہیں، امریکی اخبار
کیوں کہ’خاص‘ شہریوں کی اکثریت تو از خود ایسا شکار بننے کو تیار رہتی ہے
#نواز شریف کی کشمیر پالیسی سے کوئی اختلاف نہیں، صدر آزاد کشمیر
اس لیے انہیں بھی آپ کی صدارت پر کوئی اختلاف نہیں
#پاکستان کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے کو تیار ہوں، پرویز مشرف
البتہ قربان گاہ دبئی ، لندن، پیرس وغیرہ میں ہونی چاہیے
#پیپلز پارٹی کسی غیر آئینی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی، سید یوسف رضا گیلانی
اور آئینی تحریک والے پیپلز پارٹی کو اپنا حصہ نہیں بنائیں گے فی الحال
#حکومت وطن عزیز میں وہ قوانین لا رہی ہے جو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نافذ کیے ہیں، مولانا فضل الرحمن
یہ ہاؤسنگ اور پوسٹل سروسز کی وزارتیں بھلا کس حکوت کے ماتحت ہیں
#آپریشن ضرب عضب پر ٹائم فریم دینا ممکن نہیں، وزیر دفاع
ظاہر ہے وہی چیز دینا آپ کے لیے ممکن ہوتا ہے جوخود آپ کے پاس ہو
#پہلے دہشت گردوں کا صفایا پھر کرپٹ سیاست دانوں کا حساب ہوگا، قائد ایم کیوایم
تو آپ کی آج کل کی سرگرمیاں حفظِ ما تقدم کے تحت تونہیں کیا؟
#نظام کی تبدیلی کے لیے تمام اپوزیشن ایک پیج پر آجائے، چودھری پرویز الٰہی
و ہ ایک پیج فراہم کرنے والے آج کل اور اور کاموں میں مصروف ہیں فی الحال اپنے اپنے پیج پر ہی گزارا کریں اپوزیشن جماعتیں
#حکومت جانے والی ہے قوم15دن انتظار کرے، شیخ رشید
خدا کا واسطہ شیخ صاحب نہ ہونے والی باتیں کرکے اپنی’ شیخی ‘کو مشکوک نہ کریں
#اسمبلیوں میں بیٹھے ارکان نمائشی فارم کی بھیڑ بکریاں ہیں، جمشید دستی
تو دستی صاحب قومی اسمبلی میں کھڑے رہتے ہیں کیا؟
#ہم کسی انقلاب یا لانگ مارچ کا حصہ نہیں، جمہوریت کے ساتھ ہیں، اعتزا ز احسن
جس طرح موجودہ حکومتی جماعت ہمارے دور میں کسی انقلاب یا لانگ مارچ کی بجائے جمہوریت یعنی ہماری حکومت کے ساتھ تھی
#چودھری نثار اور میری سوچ ایک جیسی ہے ،عمران خان
تو پھر آپ کب صلح کر رہے ہیں میاں نواز شریف سے
#آٹے کے نام پر وزیرستان متاثرین کو چوکر دیا جا رہا ہے
جیسے لیڈر کے نام پر’ جوکر‘ملتے ہیں قوم کو…
#جانتے ہیں ارسلان افتخار کی ڈیوٹی کس نے لگائی، شاہ محمود قریشی
ظاہر ہے اس طرح کی ڈیوٹیاں بھگتانے والوں سے زیادہ کون جان سکتا ہے
#سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ کا سختی سے نوٹس لیا ہے، عابد شیر علی
آپ کا بس چلتا ہے تو صرف نوٹس لینے پر… سختی سے لیں یا نرمی سے لیں لوڈشیڈنگ تو ختم نہیں ہوسکتی آپ سے
#سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کو چیف الیکشن کمشنر بنانے کی کوششیں
جیلانی صاحب کا عزت بچا کر گھر چلے جانا اچھا نہیں لگا لوگوں کو شاید !
#موجودہ نظام میں غریبوں کے لیے کچھ نہیں، سراج الحق
اور آپ ایک صوبے میں ماشاء اللہ دوسری مرتبہ سینئر وزیر ہیں اسی موجودہ نظام کے تحت
#میری وزارت میں کوئی مداخلت نہیں کرسکتا، ایک وزیر چھپ کروار کر رہا ہے، چودھری نثار
وہ وزیر جو ہے ناں… چلیں چھوڑیں جب چودھری صاحب نام نہیں بتا رہے تو ہم کیوں کریدیں
#الیکشن کمیشن ارسلان افتخار کی درخواست نہ سنے، شیریں مزاری
یہ تو کوئی بات نہ ہوئی محترمہ! اگر خاں صاحب میں کوئی عیب نہیں تو اس طرح کا مطالبہ تو ناں کریں آپ الیکشن کمیشن سے …
#ادارے آئینی حدود میں نہ رہیں تو عدلیہ مداخلت کر سکتی ہے، چیف جسٹس ناصر الملک
یعنی کوئی کسی غلط فہمی میں یا اپنی چودھراہٹ میں نہ رہے
#رائے ونڈ ،وزیر اعظم وزیرداخلہ کی دن بھر ملاقاتیں، اختلافات ختم کرنے کی ذمہ داری شہباز شریف کے سپرد
ان ملاقاتوں میں یہ پتا نہیں چل سکا کہ اختلافات پیدا کرنے کا ذمہ دار کون ہے ؟
#عمران اور قادری سے بات کرنا چاہتے ہیں،سعد رفیق
پہلے چودھری نثار اورخواجہ آصف کی تو بات کروا دیں
#ایچی سن کالج، 25اعلیٰ شخصیات کے بچے داخلہ ٹیسٹ میں فیل
ریکارڈ دیکھ لیا جائے تو پتا چل جائے گا کہ بچوں نے بڑوں کی تاریخ دہرائی ہے یہ اور بات کہ بڑوں کو کوٹے پرداخلہ مل جایا کرتا تھا

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :