تیر و ترکش

جمعرات 1 مئی 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#آئی ایس آئی کے ساتھ جو ہو ا دشمن بھی نہیں کرتا، عمران خان
آپ کو بہت دنوں بعد پتا چلا اس حقیقت کا
#تالی بجانے والوں اور تیلی لگانے والوں سے دور رہنا بہتر ہے، وفاقی وزیرداخلہ
اس لیے آپ کی خواجہ آصف پرویز رشید اور احسن اقبال وغیرہ سے نہیں بنتی ناں
#اسلام آباد پولیس لاپتا افراد کے لواحقین پر ٹوٹ پڑی لاتوں اور گھونسوں کی بارش
شرم ’اُن ‘کو مگر آتی نہیں…
#میجر عامر مذاکراتی عمل سے علیحدہ ہو گئے، ناراضگی دورکرنے کی کوشش کریں گے، یوسف شاہ
پہلے ناراض کیا ہی کیوں تھا میجر صاحب جیسے پرخلوص مذاکرات کار کو
#جنرل راحیل شریف سعودی عرب اوروزیراعظم نواز شریف لندن روانہ
ایک شریف خدا کا گھر اور دوسرے غالباً خدا کی شان دیکھنے کے متمنی ہیں
#سندھ میں ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لیے الگ فورس بنانے کا اعلان
ملکی اور قومی املاک کی حفاظت الگ فورس بنانے سے نہیں صحیح اور درست پالیسیاں بنانے سے ممکن ہوگی
#غیر قانونی بھرتیوں کے لیے زرداری ،سید قائم علی شاہ اور دیگر اہم شخصیات کی جعلی مہریں اور دستاویزات بنانے والا گروہ پکڑا گیا
حالانکہ یہ کام مذکورہ شخصیات کی اصلی مہروں اور دستاویزات سے بھی کیا جاسکتا تھا ان کو’اعتماد‘ میں لے کر
#آئی جی سندھ نے تھانیداروں کو مسائل کی جڑ قرار دیتے ہوئے ایس ایچ او کا عہدہ ختم کرنے کی تجویز دے دی
یعنی نہ رہے بانس نہ بجے بانسری… واہ آئی جی صاحب
#مسترد سیاست دان قومی سلامتی کے اداروں کو متنازع بنا رہے ہیں، احسن اقبال
اور’منتخب حکمران‘ خوش ہو رہے ہیں
#کراچی والوں کو معلوم ہے مشرف کو کہاں بھیجنا ہے، سعد رفیق
اس معاملے میں کراچی والوں کی بجائے پنڈی والوں کی چلتی ہے آپ کو ابھی بھی پتا نہیں چلا ؟
#خطے میں جنگ دوسروں نے شروع کی، مصیبتیں ہم جھیل رہے ہیں، صدرممنون حسین
دوسروں کی اس جنگ سے ہم باہر بھی تو نہیں آرہے ناں
#پاکستان غیر قانونی تارکین وطن کے لیے جنت بن گیا
اور اہل وطن کے لیے … اللہ رحم کرے
#وزیراعظم نواز شریف اداروں کے درمیان جنگ ختم کرائیں، الطاف حسین
گویا آپ کے کہنے کا مطلب #
تمہی نے درد دیا تمہی دوا دو
#اداروں میں تناؤ ہے نہ اختلاف، پرویز رشید
پھر کاکول کی تقریب میں آپ کی اور خواجہ آصف کی تصویر کیوں نہ بن سکی؟
#لوگوں سے رقوم بٹورنے والے2پولیس اہلکار اور جعلی میجر گرفتار
جعلی تھے ناں اس لیے گرفتار ہو گئے
#سابق حکمرانوں کے کڑے احتساب کی ضرورت ہے، ممتاز بھٹو
یہ بات اخبار ی بیانوں کی بجائے اپنے قائد میاں نواز شریف کو سمجھائیں …سردار صاحب!
#پاکستانی عسکری اداروں کے معیار تک پہنچنے کی کئی ممالک صرف تمنا ہی کرسکتے ہیں، امریکی میڈیا
اصل دکھ تو یہی ہے، دشمنانِ پاکستان کو
#فوج کو کمزور کیا گیا تو عوام اور سیاسی جماعتیں دفاع کریں گی، گورنر سندھ
گویا …پاسبان مل گئے کعبے کو بت خانے سے
#نواز شریف نے ہمیشہ اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی اپنائی، حمید گل
مکمل تربیت کی ہوتی تو پھر یہ کہنے کی ضرورت نہ پڑتی آپ کو
#گیلانی اور امین فہیم کے خلاف ٹڈاپ اسکینڈل کا اہم مہرہ وعدہ معاف گواہ بن گیا
اہم مہرے اسی طرح کیا کرتے ہیں
#ٹرانسپورٹ ، پانی پر جلد عوام کو خوش خبری دیں گے، شرجیل میمن
آپ کہتے ہیں تو مان لیتے ہیں ویسے گزشتہ پانچ برس میں تو آپ کے منہ سے کوئی خوش خبری سنی نہیں عوام نے
#ملکی دفاع میں آئی ایس آئی کا کردار قابل تعریف ہے، وزیراعظم
بہت دنوں بعد آپ کو اس حقیقت کا ادراک ہوا
#کوئی غلط فہمی میں نہ رہے دفاعی اداروں کے وقار کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، چودھری نثار
پرویز رشید، خواجہ آصف اور وزیراعظم نواز شریف کا رویہ تو کچھ اور ہی ہے اس معاملے میں
#عوام اور کارکن پریشان نہ ہوں میں ٹھیک ہوں، پرویز مشرف
آپ کے کارکنوں کا تو پتا نہیں عوام کو تو شاید پریشانی ہی آپ کے ٹھیک رہنے سے ہے
#حکومت کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، وزیرریلوے
اس کا مطلب آپ کو حکومت کی کمزوری کا اعتراف ہے
#آلو مہنگے کیوں ہیں، وزیرخزانہ
اس لیے کہ آپ کی تمام تر توجہ ڈالروں پر ہے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :