تیر و ترکش

جمعرات 17 اپریل 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#حکمرانوں نے ناکامیوں کے علاوہ قوم کو کچھ نہیں دیا،عمران خان
ان بے چاروں کے پاس جو کچھ تھا انہوں نے وہی کچھ دینا تھا قوم کو
#پاکستانی حکام قرض لیتے ہی وعدے بھول جاتے ہیں، آئی ایم ایف
اگر آپ سے کیے گئے وعدے یاد رکھیں تو پھر پاکستانی حکام کی حاکمیت کے خاتمے کا ذمہ دار کون ہوگا؟
#مشرف اور ان کے وکلا ء بحران پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں، احسن اقبال
آپ کے کچھ ساتھی بھی تو ان کی سازشوں کوکامیاب بنانے پر تلے بیٹھے ہیں
#جے یو آئی ف کا غصہ جلد ٹھنڈا ہو جائے گا، پرویزرشید
کیوں کہ قیادت آج کل ٹھنڈے ملک گئی ہوئی ہے جے یو آئی (ف) کی
#قائد تحریک جون1992ء کے آپریشن سے چھ ماہ قبل پاکستان سے چلے گئے تھے، ترجمان متحدہ قومی موومنٹ
’ڈاکٹروں‘ نے بتا دیاہوگا کہ آپریشن ناگزیر ہے
#بیانات سے فوج حکومت تعلقات میں کشیدگی آئی جلد قابو پالیں گے، وزیر داخلہ
کس پر قابو پائیں گے جناب کشیدگی پر یا بیانات دینے والوں پر
#کوئی غیر آئینی حرکت کرے گا تو قوم اس کی بھرپور مذمت کرے گی ، سعد رفیق
مذمت تک تو بات تقریباً ٹھیک ہی ہے مرمت کی خواہش کے اظہار سے ساری گڑ بڑ ہوئی ہے خواجہ جی!
#سندھ کی تعلیم کو ضیاء دور میں تباہ کیا گیا، رہنما پیپلزپارٹی
ضیاء دور کے بعد مرکزمیں3اور صوبے میں چار مرتبہ حکومت بنی پیپلز پارٹی کی6سو کی جگہ ہزاروں جیالے بھی بھرتی کرکے دیکھ لیے مگر سندھ کی تعلیم درست نہ ہوئی
#الطاف حسین کی واپسی قیام امن میں مددگار ثابت ہوگی،آفاق احمد
اسے پنجابی میں ’دانہ ڈالنا‘ کہتے ہیں
#عابد شیر علی پرشہد کی مکھیوں کا حملہ،لیگی کارکن ساتھ چھوڑ کربھاگ گئے
عابد شیر علی پتا کریں یہ مکھیاں کہیں رانا ثناء اللہ نے نہ بھیجی ہوں، رہا لیگی کارکنوں کا بھاگنا تو یہ تو ان کی پرانی روایت ہے
#کوئٹہ، لاہوراورکراچی کے تیزترین دوروں کے بعد صدر مملکت اسلام آباد واپس آگئے
ان آنیوں جانیوں کا قوم کو کیا فائدہ’1973ء کے آئین کے تناظر میں‘
#حکومت کے خلاف اس کے اپنے ہی لوگ سازش کر رہے ہیں ، چودھری شجاعت
جب ’ اپنے لوگوں‘ کو حکومت کوئی ’کرنے کا کام‘ نہیں دے گی تو پھر وہ یہی کچھ کریں گے ناں
#وردی وردی ہوتی ہے نئی ہو یا پرانی، اختر مینگل
سب سیاست دان یہ حقیقت سمجھ لیں تو’سب کا کام‘ آسانی سے چلتا رہے
#ن لیگ کا مذاکرات پہلے نمبر پر، مشرف کا معاملہ بعد میں رکھنے کا فیصلہ
پہلے بعد والے معاملے سے جان چھڑالے ن لیگ تو مذاکرات والا معاملہ تبھی نمٹنے کی طرف جائے گا ورنہ اختر مینگل صاحب نے تو کہہ دیاہے وردی وردی ہوتی ہے نئی ہو یا پرانی
#ن لیگ نے سردار مہتاب عباسی کو گورنر خیبر پختونخوا بنا دیا
پیر صابر شاہ اور صدیق الفاروق وغیرہ کا بھی پتا کر لیں کس ’حال‘ میں ہیں
#حکومت اور فوج ایک ہی پیج پر ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات
جی ہاں! پیج توایک ہی ہے لیکن اگر’ایک‘پیج کے سامنے والے رخ پر ہے تو دوسرا پیج کے ’پیچھے‘ والے رخ پراور دونوں اپنا رخ بدلتے بھی رہتے ہیں گاہے بگاہے
#دفاعی بجٹ سے چھیڑ چھاڑ ممکن نہیں ،وزیر خزانہ
اگر بجٹ سے پہلے دفاعی اداروں سے بھی چھیڑ چھاڑ بند کر دی جائے تو آپ کی مہربانی ہوگی…ہیں جی!
#سینٹ کمیٹی کی مدارس کو سرکاری تحویل میں لینے کی تجویز
کمیٹی صاحبہ کے ارکان اپنے اور اپنے خاندان کے بچوں کو پہلے سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں داخل کروالیں
#یہ کیسی اسلامی فلاحی ریاست جہاں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں،سپریم کورٹ
اسلامی اور فلاحی تو دور کی بات بنانے والے اسے ریاست ہی بنا لیں تو پھر بھی عوام کا کچھ نہ کچھ بھلا تو ہو ہی جائے گا
#سندھ حکومت کراچی میں امن و امان بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے، زرداری
کوئی اور کام بتائیں سائیں!
#وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات کا امکان
دو شریف مل بیٹھیں گے تو کوئی نہ کوئی خیر تو نکل ہی آئے گا باہمی شرافت سے
#مری ، جعلی پیر کے کہنے پرمرید نے تین بھانجوں کے گلے کاٹ دیئے
اصلی پیروں کا دامن چھوڑیں گے تو یہی کچھ ہوگا
#ٹیکس چوروں کا کچھ علاج کریں گے،اسحاق ڈار
علاج ہومیوپیتھک ہوا تو ٹیکس چوروں کا کچھ بگڑے گا نہ خزانے میں کچھ جائے گا

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :