تیر و ترکش

جمعرات 3 اپریل 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#بیرون ملک جانے کے لیے حکومت سے رجوع کریں، خصوصی عدالت کی پرویز مشرف کو ہدایت
جس طرح موجودہ حکمرانوں نے آپ سے رجوع کیا تھا2000ئمیں !
#پرویز مشرف کا ججوں کو سلیوٹ ،چاروں طرف سلام
اگر افتخار چودھری کو بھی سلیوٹ کر دیتے تو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے مشرف صاحب کو
#ڈرون حملے عالمی قوانین کے تحت کیے جائیں، انسانی حقوق کونسل اقوام متحدہ
یعنی کیے ضرور جائیں یہ حملے
#پی پی ،ایم کیو ایم پس پردہ رابطے برقرار،جلد اہم اعلان متوقع
یہ خبر پڑھتے ہوئے ہمیں دو ماہ ہو رہے ہیں
#لشکر جھنگوی نے مجھ پر حملہ کرنے کا خط لکھ دیا ہے ، بلاول بھٹو زرداری
پہلے لشکر جھنگوی نے کس کس کو خط لکھے ہیں جناب
#اقتصادی اشاریئے بہتری ظاہر کر رہے ہیں، اسٹیٹ بینک
آٹے، بجلی اور گیس کی قیمتیں تو کچھ اور ہی بتا رہی ہیں
#حکومت کا مستقبل چھ ماہ میں واضح ہوگا، شیخ رشید
اور آپ کا مستقبل؟
#سراج الحق جماعت اسلامی کے نئے امیر منتخب
پرانے امیر اب کیا کریں گے؟
#چولستان سے نقل مکانی معمول کی بات ہے، سکندر بوسن
جس طرح سیاست دان ایک سے دوسری سیاسی جماعت میں جاتے رہتے ہیں!
#مذاکرات کے لیے نواز شریف کے اقدامات قابل ستائش ہیں، عمران خان
لگتا ہے ایک دو ملاقاتیں اور کرا دیں چودھری نثار نے تو میاں صاحب کے باقی اقدامات کو بھی آپ قابل ستائش قرا ر دے دیں گے
#کرپٹ مافیا متحدہ کو کنٹرول کر رہی ہے، سلیم شہزاد
آپ کو بہت دیر بعد پتا چلا اس کا!
#طالبان کا کوئی غیر قانونی مطالبہ تسلیم نہیں کریں گے، نوازشریف
غیر قانونی کو قانونی بنانے میں دیر ہی کتنی لگتی ہے ہیں جی!
#پاکستان سرحدی کنٹرول ہمارے حوالے کر دے، ایران
یہ آپ نہیں امریکی دوستی بول رہی ہے
#قیام امن کی ایک فیصد امید پر بھی مذاکرات جاری رکھیں گے، وزیر دفاع
آہستہ آہستہ لائن پر آہی جائیں گے خواجہ صاحب بھی
#بھارت سے تعلقات بڑھانے پر فوج کو خدشات ہیں،سرتاج عزیز
فوج کو ہی نہیں قوم کو بھی اس پرخدشات ہیں جناب
#طالبان سے معاملات، افغان صدر نے پاکستان سے مدد مانگ لی
پہلے پاکستان کو تو مذاکرات کر لینے دیں، کامیاب ہونے پر آپ کی بھی مدد کر دی جائے گی
#جماعت اسلامی نے موجودہ امیر کو فارغ کرکے نئی تاریخ رقم کر دی
اور فارغ امیر کے لیے نیا کام بھی نہیں ڈھونڈا
#بلاول کو دھمکی آمیز خط عبدالرحمن ملک نے لکھا، رانا ثناء اللہ
آپ ملک صاحب کی لکھائی پہنچانتے ہیں ناں!
#طالبان سے مذاکرات قوم کو جلد خوش خبری دیں گے، وزیراعظم
کیوں لبرل دانش فروشوں کا چھابا الٹا نے کا تہیہ کر لیا ہے آپ نے
#پاکستان اور بھارت کے درمیان امن و آشتی چاہتا ہوں، الطاف حسین
پہلے یہ امن آشتی پاکستان باالخصوص کراچی میں آزما کر دیکھ لیں
#پاکستان میں زبردستی اور کم عمری کی شادیاں قبول نہیں، گورڈن براؤن
آپ جیسوں کو توکسی قسم کی شادیاں بھی قبول نہیں جناب
#سابق صدر پرویز مشرف کی والدہ زریں مشرف کی طبعیت سنبھلنے لگی
لگتا ہے اب سابق صدر کی طبعیت بھی سنبھلنا شروع ہو جائے گی… فوجی ہسپتال میں
#مشرف نے3ماہ ہسپتال میں گزار لیے علاج کا پتا نہیں چل سکا
علاج کا تو تب پتا چلے جب مرض کا پتا چلے گا
#ای سی ایل سے نام نکالیں، مشرف کی حکومت کو درخواست
جن کو ملک سے نکالاآج ان سے درخواستیں!
اسے کہتے ہیں گردش ِایام
#پرویز مشرف کیس ٹی ٹوئنٹی میچ جیسا ہے، احمد رضا قصوری
اور آپ تو اس عمر میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کا اسٹیمنا بھی نہیں رکھتے اس لیے تو فروغ نسیم آگئے ہیں آپ کی جگہ
#اضافی فوجی سازو سامان پاکستان کو مل سکتاہے، امریکا نے اشارہ دے دیا
اس طرح کے اشارے سمجھنے میں تو ہمارے حکمرانوں کو ملکہ حاصل ہے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :