قدرت نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازاہے ، ہمیں صرف دیانتدار ، پرعزم ، باصلاحیت اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے جو قومی تعمیر نو کے مقصد کو پروان چڑھا سکے، نئی نسل موجودہ چیلنجوں سے نبرد آزماہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،تعلیمی نظام کو جدیددور سے ہم اہنگ اورفعال کردار کاحامل بنانے کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے

خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئراقبال ظفر جھگڑا کا پر غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب

جمعرات 2 جون 2016 21:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جون۔2016ء ) خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئراقبال ظفر جھگڑا نے کہاہے کہ قدرت نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازاہے اور ہمیں صرف اور صرف دیانتدار ، پرعزم ، باصلاحیت اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے جو قومی تعمیر نو کے مقصد کو پروان چڑھا سکیں۔ انہوں نے اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نئی نسل موجودہ چیلنجوں سے نبرد آزماہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تعلیمی نظام کو جدیددور سے ہم اہنگ اورفعال کردار کاحامل بنانے کی ضرورت ہے تاکہ قوموں کی برادری میں باعزت مقام حاصل کیاجاسکے اور اس ضمن میں حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے۔وہ جمعرات کوضلع صوابی میں ٹوپی کے مقام پر غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے 20ویں تقریب تقسیم اسناد سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کل 338 گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کی گیئں جبکہ7 طلباء نے گولڈمیڈل، طلحہ بن اسد نے قائداعظم گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ محمدارسلان کو غلام اسحاق خان گولڈمیڈل دیاگیا۔ گورنرنے اس موقع پر غلام اسحق خان یونیورسٹی کیلئے دس لاکھ روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا جبکہ گولڈمڈلزحاصل کرنے والے طلباء کیلئے دس دس ہزارر وپے دینے کابھی اعلان کیا۔

تقریب سے انسٹیٹیوٹ کے ریکٹر انجینئرجہانگیر بشر کے علاوہ بورڈ آف گورنر کے سربراہ انجینئرشمس الملک نے بھی خطاب کیا ۔ادارے کے دیگراراکین وممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ ہم درحقیقت ایسے دور سے گزررہے ہیں جو بہت سی پیچیدگیوں کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام کو ایسے حالات میں یونیورسٹیوں اور اعلی تعلیمی اداروں سے جو توقعات وابستہ ہیں، جو محض روایتی درس وتدریس اور تحقیقی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ تعلیمی ادارے علمی صلاحیتوں میں اضافے ، تخلیق اور فروغ میں مشغول ہونے کے ساتھ ساتھ قوم کو درپیش مسائل کا حل بھی تلاش کریں۔

گورنر نے گریجویٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگ ہی درحقیقت ملک کے معمار ہے اور قوم آپ سے یہ توقع رکھنے میں حق بجانب ہے کہ آپ اس کیلئے فعال کردار کی حامل قیادت ثابت ہوں تاکہ قومی تعمیر کے مقدس مقصد کو پروان چڑھایاجاسکے۔ غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے گورنرنے کہاکہ عظیم ادارے محض تعمیرات اور عمارات سے نہیں بلکہ اعلی درسی و تدریسی اقدار اور اُس راہنمائی کے بدولت عظمت کے حامل ہوتے ہیں جو ان کے توسط سے نوجوان نسل کو حاصل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ ادارے درحقیقت اہل علم ، اساتذہ اور طلباء کے ہاتھوں پروان چڑھتے ہیں اور ہم ان کوششوں کو سراہتے ہیں جو ان امور کے تناظر میں اس ادارے کی جانب سے سرانجام دی جارہی ہے۔ گورنرنے گریجویٹس کومبارکباد دیتے ہوئے مزید یاددلایاکہ ہمیں اس حقیقت کا بھی ادراک ہوناچاہئیے کہ وطن عزیز میں ہرشہری کو علم کی روشنی سے بہرہ ور کرنے کا خواب بدستور شرمندہ تعبیر ہونے کامتقاضی ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں