محکمہ بلدیات کے افسران ٹی ایم ایز کے آمدن بڑھانے ،پاوٴں پر کھڑا کرنے کیلئے اپنابھر پورکرداراداکریں،عنایت اللہ خان

پیر 30 مئی 2016 17:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) خیبرپختونخواکے سینئر صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ نے محکمہ بلدیات کے افسران پر زوردیا کہ وہ ٹی ایم ایز کے آمدن بڑھانے اوراسے اپنے پاوٴں پر کھڑا کرنے کے لئے اپنابھر پورکرداراداکریں تاکہ مقامی سطح پرلوگوں کو زیاد ہ سے زیادہ بہترین میونسپل سروسز فراہم کی جاسکیں۔

وہ پیر کے روز لوکل گورنینس سکول حیات آبادپشاورمیں مختلف کیڈر کے 65 نئے بھرتی ہونے افسران کی دو ماہ پر مشتمل افتتاحی تربیتی کورس کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ ،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سید ظفر علی شاہ اورمحکمے کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ سینئر صوبائی وزیر نے نئے افسران کو مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ محکمہ بلدیات انتہائی اہم اور ایک بااختیار ادار ہ ہے جو اربوں کی قیمتی اثاثہ جات کی وجہ سے اپنا ریوینوخود پیدا کرسکتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے ٹی ایم ایزکی آمدن بڑھانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں جس کے نتیجے میں آج آمدنی میں 73 فیصد اضافہ ہوچکاہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ تمام جنرل بس سٹینڈوں اوردیگر قیمتی اثاثوں کی شفاف اورکھلی نیلامی کی گئی ہے جبکہ سابقہ ادوار میں بلدیاتی ٹھیکوں کو اونے پونے داموں پردئیے جاتے تھے۔ جس میں وہ کچھ بھی عوامی فلاح وبہبودپر خرچ نہ کرسکے ۔

عنایت اللہ نے کہا کہ موجود ہ مخلوط حکومت نے نیا بلدیاتی نظام متعارف کرایاہے جو ہرقسم کی کرپشن سے پاک اورمیرٹ پرمبنی ہے۔ صوبائی وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تربیت کورس میں دلچسپی لیں اوراپنے عملی زندگی میں ملک کی ترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے لئے دلی لگن اورایمانداری کے ساتھ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی یقینی بنائیں۔ تقریب سے سیکرٹری بلدیات نے بھی خطاب کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں