آج پاکستان کادفاع ناقابل تسخیرہے،اقبال ظفرجھگڑا

پائیدار امن کے قیام کیلئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرناہوگا، ملکی بقاء وسلامتی ، اتحاد ، یگانگت اور یک جہتی میں ہے،پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہمیں آپس کے اختلافات بھلا کر یکجہتی کا مظاہرہ کرناہوگااور اس ملک کی تعمیروترقی اورخوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرناہوگا،گورنرخیبرپختونخوا

ہفتہ 28 مئی 2016 21:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ اﷲ کے فضل وکرم سے آج پاکستان کادفاع ناقابل تسخیرہے۔ انہوں نے کہاکہ پائیدار امن کے قیام کیلئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرناہوگا، ملکی بقاء وسلامتی ، اتحاد ، یگانگت اور یک جہتی میں ہے۔ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہمیں آپس کے اختلافات بھلا کر یکجہتی کا مظاہرہ کرناہوگااور اس ملک کی تعمیروترقی اورخوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرناہوگا۔

وہ ہفتہ کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں یوم تکبیرکی اٹھارویں سالگرہ کے حوالے سے مسلم لیگ لائرزفورم کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں صوبے اور فاٹاکے وکلاء نیبڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے پاکستانی عوام اور خاص طور پر صوبے اورفاٹا کے عوام کو یوم تکبیرپرمبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اﷲ کے فضل وکرم سے ہم اسلامی دنیا کی پہلی اور اقوام عالم کی ساتویں ایٹمی طاقت ہیں جس پر ہمیں فخرہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم امن پسند قوم ہے اور ہمارا ایٹمی پروگرام وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہے۔ گورنرنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان محمدنوازشریف کی سربراہی میں حکومت کی پالیسیوں اور افواج پاکستان کی قربانیوں سے ملک میں امن لوٹ آیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 14 اگست یوم آزادی ہے اور اسی طرح یوم تکبیر بھی ہمیشہ فخر اور قومی جذبے سے منایاجاتارہے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے عالمی طاقتوں کی پرواہ کئے بغیر دفاع وطن کو ناقابل تسخیربنانے کیلئے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا اور آج ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے بھی بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ محمدنوازشریف کی قیادت میں ملک کی سیاسی وعسکری قیادت اور پوری قوم استحکام پاکستان اور دفاع وطن کیلئے ایک صف میں کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کامیابی سے آپریشن ضرب عضب کو اختتام تک پہنچاچکی ہے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت دیگر اہداف تک رسائی کا سفر بھی کامیابی سے جاری ہے۔انہوں نے پاکستان کے ایٹمی سائنسدانوں ، میزائل ٹیکنالوجی کے ماہرین اور پاک افواج کے افسران وجوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ گورنرنے وزیرعظم محمدنوازشریف کی صحت یابی کیلئے بھی دعاکی کہ اﷲ تعالی انہیں ملک وقوم کی مزید خدمت کیلئے جلد ازجلد صحتیاب کرے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں