پختونوں کی خوشحالی ،خطے پر امن کا قیام اور دورافتادہ علاقوں کی تعمیرو ترقی قومی وطن پارٹی کا منشور ہے ،سکندر حیات شیر پاؤ

مقصد کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی،سینئر صوبائی وزیر

جمعہ 27 مئی 2016 19:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء) سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پختونوں کی خوشحالی ،خطے پر امن کا قیام اور دورافتادہ علاقوں کی تعمیرو ترقی قومی وطن پارٹی کا منشور ہے اور اس مقصد کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہ پی کے 19ضلع چارسدہ کے مختلف یونین کونسلوں آگرہ،ترنگزئی،حصارہ یاسین ،عمرزئی اوردیگر علاقوں میں مختلف رابطہ سڑکوں اور دیگر ترقیاتی سکیموں کے افتتاح کے موقع پربطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی ،ضلع چارسدہ کے ضلعی و تحصیل ممبران اور پارٹی کے دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ پختون قوم کو بحرانوں سے نکالنے اورامن، ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد کی جائے گی اور قوم کی محرومیوں کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ وفاق خیبر پختونخوا کے واجب الادا بجلی خالص منافع کے بقایاجات کی جلد ادائیگی کویقینی بنائے کیونکہ ہمارا صوبہ متعدد قدرتی آفات اور دہشت گردی کی وجہ سے معاشی اور اقتصادی مسائل و مشکلات کا شکار رہا ہے ۔

انھوں نے خیبر پختونخوا میں جاری ناروا لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ صوبہ کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے پہلے پہلے وفاقی حکومت لوڈشیڈنگ میں کمی کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ یہاں کے عوام کو ریلیف مل سکے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کا منشور خطے میں آباد پختونوں کی فلاح و بہبود اور خدمت پر مبنی ہے اس لئے پختون قوم کو کسی بھی حالت میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور ان کے بہتر مستقبل اور ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

سکندر شیرپاؤ نے مزید کہا کہ عوام اور علاقہ کے بہبود کے منصوبوں کی کوالٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا۔اس موقع پر معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کئے جارہے ہیں اور ان کو کسی بھی صورت مایوس نہیں ہونے دیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت اور پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی ہے اور اس ضمن میں ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں