وفاق اور پنجاب خیبر پختونخوا کی تاجر برادری کو سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، رفیق رجوانہ

صوبے میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں فروغ دینے کیلئے تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے،گورنر پنجاب کی صدر خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس ذوالفقار علی خان کو یقین دہانی

جمعرات 26 مئی 2016 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 مئی۔2016ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے خیبر پختونخوا میں قیام امن اور اس صوبے کی معاشی ترقی کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے عوام اور بزنس کمیونٹی کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنے اور انہیں ہر ممکن ریلیف دینے سمیت صوبے میں سرمایہ کاری اور انڈسٹریلائزیشن کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون اور کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے اُنہیں یقین دلایا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت خیبر پختونخوا کی تاجر برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے اور صوبے میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں فروغ دینے کیلئے تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان کی سربراہی میں چیمبر کے اعلیٰ سطحی وفد نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی خصوصی دعوت پر گذشتہ روزگورنر ہاؤس لاہور میں اُن سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر کے سابق صدر زاہداللہ شنواری  ایگزیکٹو ممبران حاجی محمد افضل  راشد اقبال صدیقی  سوات چیمبر کے صدر احمد خان  ہزارہ چیمبر کے صدر جہانزیب خان  خیبر پختونخوا چیمبر کے ممبران صدر گل  عابد اللہ  فضل واحد  فیض رسول  خان گل اعوان  آفتاب اقبال اور سید حسن علی شاہ سمیت صنعت و تجارت سے وابستہ ممبران بھی موجود تھے ۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کو صوبہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی ابتر صورتحال اور بزنس کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی بزنس کمیونٹی پچھلے 40 سالوں سے دہشت گردی  انتہاء پسندی اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے باوجود بڑی بہادری اور دلیری کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھے اور سیاست سے بالاتر ہوکر اس صوبے کی بزنس کمیونٹی کی مشکلات کے ازالے کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت اپنا موثر کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق صوبوں بالخصوص خیبر پختونخوا کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرے اور اس صوبے کی معیشت کو استحکام دلانے کیلئے بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے ۔

گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے خیبر پختونخوا چیمبر کے وفد کو لاہور آمد اور گورنر ہاؤس کا دورہ کرنے پر خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان کی جانب سے صوبے کی بزنس کمیونٹی کی مشکلات بالخصوص امن و امان کی ابتر صورتحال کے باوجود کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے پر اُنہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف صوبے کے عوام اور بزنس کمیونٹی کی قربانیوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف خیبر پختونخوا کو معاشی و اقتصادی لحاظ سے ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لئے وفاقی حکومت صوبے میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے تمام وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی ترغیبات دینے کے لئے وفاق کی طرف سے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملکی معیشت کو استحکام دلانے کیلئے سیاست سے بالاتر ہوکر بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتی ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ خیبر پختونخوا معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کو خیبر پختونخوا چیمبر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ۔ ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں