خیبر پختونخوا میں پولیس انفارمیشن نیٹ ورک کا آغازکر دیا گیا

پیر 23 مئی 2016 14:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مئی۔2016ء) خیبر پختونخوا کی پولیس نے شدت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے بارے میں مصدقہ معلومات فراہم کرنے پر بھاری انعامات دینے کا اعلان کیا ہے اور اس ضمن میں پولیس انفارمیشن نیٹ ورک کا آغاز کر دیا گیا صوبائی انسپکٹر جنرل پولیس کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ نیٹ ورک شہریوں کے لیے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے بارے میں مصدقہ اطلاعات فراہم کر کے نقد انعام جیتنے کیلئے پلیٹ فارم فراہم کریگا۔

اس نیٹ ورک کا آغاز ابتدائی طور پر پشاور سے کیاگیا ہے جو بعد میں صوبے کے دوسرے حصوں تک بڑھایا جائیگا۔پولیس انفارمیشن نیٹ ورک کے آغاز سے پشاور کے شہری دہشت گردوں، بھتہ خوروں، ٹارگٹ کلرز اور ان کے سہولت کاروں کے بارے میں پولیس کو اطلاع فراہم کر کے ایک لاکھ روپے تک انعام حاصل کر سکتے ہیں اور اس سلسلے میں ان کی شناحت خفیہ رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ پولیس انفارمیشن نیٹ ورک شروع کرنے کا فیصلہ گذشتہ ہفتے آئی جی پولیس ناصر خان دْرانی کے دفتر میں منعقد ہونے والے سکیورٹی کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس میں سپیشل برانچ، محکمہ انسداد دہشت گردی اور پشاور پولیس کے سربراہان نے بھی شرکت کی تھی اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں سے گراں قدر اور مصدقہ انٹیلی جنس معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں بشرطیکہ ان کو یہ اعتماد حاصل ہو کہ اس سلسلے میں ان کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔بیان میں کہا گیا کہ آئندہ ہفتے سے اس سکیم کے لیے بھرپور تشہیری مہم شروع کی جائے گی جس کے تحت عوام کو اس نیٹ ورک اور سکیم کو چلانے والے افسروں کے رابطہ نمبروں سے آگاہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں