وزیراعلی خیبرپختونخوا نے تمام سیکرٹریوں کوترقیاتی منصوبوں کی رفتارکاجائز ہ لینے کی ہدایت کردی

صوبے کے پن بجلی کی مد میں بقایہ جات نہ ملنے کی وجہ سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے مختص فنڈ 142ارب سے 118ارب تک گھٹائے گئے اب تک 118ارب روپے میں سے 111.6ارب جاری کئے گئے ہیں جبکہ جاری شدہ فنڈز کا 66فیصد استعمال کیا گیا ،اجلاس میں بریفنگ

جمعرات 19 مئی 2016 22:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے انتظامی سیکرٹریوں کو ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کا جائزہ لینے اور فنڈز کے فعال استعمال کو یقینی بنانے کیلئے باقاعدگی سے ہفتہ وار اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے تاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہداف کو احسن انداز میں حاصل کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ میں سالانہ ترقیاتی فنڈ کے تیسرے سہ ماہی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں صوبائی وزراء، ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے علاوہ انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹری محکمہ ترقی و منصوبہ بندی نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تفصیلات اور موجودہ صورتحال سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبے میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مختص فنڈز کے66فیصد تک کے استعمال کو ملک کے دوسرے صوبوں کی نسبت بہت بہتر اور حوصلہ افزاء قرار دیا گیا ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے صوبے کے پن بجلی کی مد میں بقایہ جات نہ ملنے کی وجہ سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے مختص فنڈ 142ارب سے 118ارب تک گھٹائے گئے ہیں۔ اسی طرح اب تک 118ارب روپے میں سے 111.6ارب جاری کئے گئے ہیں جبکہ جاری شدہ فنڈز کا 66فیصد استعمال کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرونی تعاون سے چلنے والے منصوبوں کیلئے مختص 32.884ارب روپے میں سے اب تک 13.036ارب روپے ملے ہیں جبکہ ان منصوبوں کے 70%فنڈز استعمال کئے گئے ہیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ معاون اداروں کے طویل اور پیچیدہ طریق کار کی وجہ سے یہ منصوبے سست روی کا شکار ہیں۔ اجلاس میں جائزہ رپورٹ مہیا نہ کرنے کے مرتکب منصوبوں کو احتساب اداروں کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی طرح محکموں کے غیر صرف شدہ فنڈز 25مئی کو محکمہ خزانہ کو سپرد کرنے کی ہدایت کی گئی تا کہ اس کو فعال منصوبوں کیلئے استعمال کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تمام محکموں کے سربراہوں کو اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبے جولائی کے آخر تک منظور کراکر اس پر بروقت کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔اسی طرح انہوں نے عمارتوں کی ڈیزائننگ کی کنسلٹنٹس کی خدمات مزید نہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کنسلٹنٹ کے ڈیزائن کئے ہوئے نقشوں کو اس جیسے منصوبوں کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ انہوں نے چھوٹے منصوبوں کے جیو کوآرڈینیشن منصوبے شروع کرنے کے بعد مہیا کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے محکموں کے سربراہوں کو ان کے اداروں کے پاس موجود سرکاری زمینوں کو منافع بخش منصوبوں کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سیکرٹری صنعت کو شہر کے بعض رہائشی علاقوں کو تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کیلئے قانون سازی کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے اعلیٰ تعلیمی ٹیکنیکل اداروں اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کے سکولوں میں عملے کی موجودگی یقینی بنانے کیلئے نگرانی کے نظام کو رائج کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں