آئی جی خیبرپختونخوا کا پشاور سے ملحقہ قبائلی پٹی پرواقع علاقوں کا دورہ

دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جار ی رہیں گے یہ ہم سب کی مشترکہ جنگ ہے اور سب کو ملکر کر لڑنا ہوگا،آئی جی کے پی کے

بدھ 18 مئی 2016 19:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونحوا ناصر خان دُرانی نے پشاور سے ملحقہ قبائلی پٹی پرواقع علاقوں کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر آئی جی پی نے پولیس اسٹیشن متنی اور بڈھ بیر کی حدود میں واقع پولیس پوسٹوں کا معائنہ کیا ۔ چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور اور ایس ایس پی آپریشن پشاور بھی اس موقع آئی جی پی کے ہمراہ تھے ۔

آئی جی پی دورے کے دوران ایف آر ون جانی خوڑ میں پولیس اور ایف سی اہلکاروں کے مشترکہ چیک پوسٹ پر گئے جہاں وہ ڈیوٹی پر موجود جوانوں سے ملے اور اُن سے فرائض کی ادائیگی کے دوران درپیش مسائل و مشکلات دریافت کیے ، آئی جی پی نے چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں کے فرائض کی ادائیگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کی جرات وبہادری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں فورس کا شیر دل جوان اور قابل فخر اثاثہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

اور انہیں نقد انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر آئی جی پی نے متعلقہ اعلیٰ پولیس حکام کو جوانوں کو تمام ضروری سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ آئی جی پی نے فرنٹیر روڈ پر واقع پولیس پکٹ اور زنگلی پولیس پوسٹ کا دورہ بھی کیا ۔ آئی جی پی نے ناکہ بندیوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کے فرائض اور کام کی نوعیت بالخصوص اُن کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے آلات کے ذریعے گاڑیوں کی نقل وحمل اور غیر قانونی غیر ملکی اور مشتبہ افراد کے داخلے کی موثر روک تھام اور چیکنگ کے جاری عمل کا معائنہ بھی کیا۔

آئی جی پی نے اس موقع پر وہیکل ویری فیکشن سسٹم اور شناختی ویری فیکشن سسٹم کی براہ راست ورکنگ کو بھی مانیٹرکیا اور زنگلی چیک پوسٹ پر جوانوں سے ملے اور ان کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی اور ان کی مستعد اور چوکس رہنے کو سراہتے ہوئے ان کو نقد انعامات دیئے اور اُن کا حوصلہ بڑھایا۔بعد ازاں آئی جی پی نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متھرابم دھماکہ میں زخمی پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کی ۔

آئی جی پی فرداً فرداً تمام زخمیوں کے بستروں پر گئے اور ان سے ان کی زخموں کی نوعیت اور اب تک فراہم کردہ علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا۔ آئی جی پی نے موقع پر موجود ڈاکٹروں کو تمام زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جار ی رہیں گے یہ ہم سب کی مشترکہ جنگ ہے اور سب کو ملکر کر لڑنا ہوگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں آئی جی پی نے کہا کہ فوری طور پر ایک سکیم متعارف کرایا جارہا ہے۔ جس کے تحت اگر کسی کے پاس کسی دہشت گرد کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو وہ سی ٹی ڈی کے اعلیٰ پولیس حکام یا متعلقہ پولیس حکام کے ساتھ شیئر کریں گے۔ اطلاع دہندہ کانام صیغہ راز میں رکھ کر انہیں نقد انعام سے بھی نوازا جائیگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں آئی جی پی نے کہا کہ پچھلے سال کے جرائم گذشتہ پانچ سالوں کے مقابلے میں کم تھے۔رواں سال کے دوران بھی اب تک جرائم میں 30 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔ اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں