حکومت چترال میں جلد نئے صنعتی منصوبے شروع کریگی،عبدالکریم معاون خصوصی وزیراعلی کے پی کے

جمعہ 13 مئی 2016 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان نے کہا ہے کہ ضلع چترال میں صنعتی شعبہ کی ترقی کے کافی امکانات موجود ہیں اور موجودہ صوبائی حکومت چترال کو بھی صنعت وتجارت کامرکز بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے گی تاکہ یہاں کے عوام کی محرومیوں کاخاتمہ ہوسکے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے انڈسٹریل اسٹیٹ چترال اورماربل سٹی چترال کے دورے کے دوران گورنر کاٹیچ چترال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری صنعت آفتاب اکبردرانی، پراجیکٹ ڈائریکٹر نوروز خان اکنامکس ڈیویلپمنٹ زون کے سی ای او انجینئر محسن ایم سعیدکے علاوہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران ،قومی وطن پارٹی کے مقامی رہنماوٴں اورمعززین علاقہ بھی بڑی تعداد میں موجودتھے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے انڈسٹریل اسٹیٹ چترال کاتفصیلی دورہ کیا اور اس میں صنعت کاروں کے لئے دی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگہی حاصل کی ۔

اس موقع پر معاون خصوصی کو انڈسٹریل اسٹیٹ کے مسائل کے بارے بتایا گیا جس پر معاون خصوصی نے چترال کے صنعتی شعبہ کے لئے تمام سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ چترال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام ،ماربل اورمعدنیات کے ذخائر کو جدید طریقوں کے تحت استعمال میں لانے کی خاطر حکمت عملی اپنانے، چترال کی صنعتی اشیاء کوعالمی مارکیٹوں میں متعارف کروانے کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع چترال قدرتی خزانوں سے مالامال ہے اوراس میں پائی جانے والی معدنیات اپنی اہمیت وافادیت کے لحاظ سے منفرد حیثیت رکھتی ہیں۔بعدازاں معاون خصوصی نے ماربل سٹی چترال کے دورہ کے دوران ہنرمندوں اورمحنت کشوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں بہتر سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں