عوامی نیشنل پارٹی کا محکمہ صحت میں فنڈز کی کمی اور ترقیاتی سکیموں کی بندش پر گہری تشویش کا اظہار

خیبر پختونخوا میں غریب مریضوں سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے، صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بشیر بلور

جمعہ 13 مئی 2016 19:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 مئی۔2016ء ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بشیر بلور نے محکمہ صحت میں فنڈز کی کمی اور ترقیاتی سکیموں کی بندش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں غریب مریضوں سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مثبت اور واضح پالیسی نہ ہونے کے باعث صوبے کے تمام سرکاری محکمے زبوں حالی کا شکار ہیں لیکن حکمرانوں نے سب اچھا کی رٹ لگا رکھی ہے اور اپنی توجہ صرف شجرکاری مہم پر مرکوز کی ہوئی ہے جبکہ اس شجر کاری مہم میں بھی اب کروڑوں کی کرپشن کہانیاں سامنے آ رہی ہیں،صوبے میں غریب مریضوں کا کوئی پُرسان حال نہیں اور ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ تک بند کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ کپتان نے صوبے میں ہونے والی کرپشن پر آنکھیں بند کرر کھی ہیں اور مہنگائی، غربت اور بے روزگاری نے خیبر پختونخوا کے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ صوبے میں ہسپتالوں اور خصوصاً محکمہ صحت کی حالت زار کے باعث ایچ آئی وی ایڈز ،ہیپاٹائٹس اور تھیلی سیمیا کے منصوبوں کا مستقبل بھی داوٴ پر لگ چکا ہے اور اب عوام 2013ء میں پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کے فیصلے پر پچھتا رہے ہیں ، صوبائی ترجمان نے کہا کہ محکمہ صحت کا بجٹ بھی لیپس ہو جائیگا جو صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی کا واضح ثبوت ہے ، انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ محکمہ صحت اور ہسپتالوں میں غریب مریضوں کی حالت زار پر توجہ دینے اور انہیں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے مناسب اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں