پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے بارے پرویز خٹک کی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اصلاحات کیساتھ ملاقات

پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ طویل المعیاد قومی خوشحالی ،ترقی کا منصوبہ ہے، بعض غلط فہمیوں سے اس منصوبے کو نقصان پہنچ سکتا ہے،احسن اقبال منصوبے کو آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کے مطابق اتفاق رائے ،تمام صوبوں کی مشاورت سے عملی جامہ پہنایا جائیگا،گفتگو

بدھ 11 مئی 2016 21:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) و فاقی حکومت نے انڈس ہائی وے کی اپ گریڈیشن، جھنڈ سے کوہاٹ تک سڑک کی تعمیرکے علاوہ پشاور ڈیرہ اسماعیل خان ریلوے ٹریک کی تعمیر ، پاک چین اقتصادی راہداری میں موجودگی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس بات کی یقین دہانی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں صوبائی پارلیمانی رہنماؤں کے ایک وفد کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور اصلاحات کے ساتھ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے بارے میں اسلام آباد میں ایک ملاقات میں کی گئی۔

وفد میں سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، سینئر وزراء عنایت اﷲ، سکندر حیات شیر پاؤ، شہرام خان ترکئی، صوبائی وزیر محمد عاطف، سنیٹرز نعمان وزیر، محسن عزیز قائد حزب اختلاف مولانا لطف الرحمن، پاکستان مسلم لیگ کے پارلیمانی لیڈر اورنگزیب نلوٹھہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد اعظم خان کے علاوہ مختلف صوبائی محکموں کے سربراہوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ اور وفد کے اراکین نے مغربی روٹ اور دوسری سہولیات کے بارے میں صوبے کے خدشات سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے اکنامک زون کے قیام، انڈس ہائی وے، کوہاٹ جھنڈ روڈ اور پشاور ڈیرہ اسماعیل خان ریلوے ٹریک کے بارے میں صوبائی حکومت کے موقف سے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم جلد مغربی روٹ پر کام کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر کئی فیصلے کئے گئے جن میں صوبائی حکومت کی طرف سے اکنامک زون کیلئے موزوں مقامات کی نشاندہی شامل بھی تھی۔

وفد کو بتایا گیا کہ ہر صوبہ میں ایک ایک اکنامک زون اقتصادی راہداری کے تحت پہلے مرحلے میں قائم کیا جائے گا۔ اسی طرح صوبے کے ایک نمائندے کو وفاق کے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق ٹاسک فورسز میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تا کہ وہ صوبائی حکومت کو منصوبے کے بارے میں موثر انداز میں باخبر رکھ سکے۔ اجلاس میں انڈس ہائی وے کی بہتری کو ترجیحی بنیادوں پر توجہ دینے جبکہ کوہاٹ، جھنڈ روڈ کی تعمیر کو پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسی طرح وفد کو بتا گیا کہ پشاور ڈیرہ اسماعیل خان ریلوے ٹریک اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے وفد کو بتایا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایک اہم طویل المعیاد قومی خوشحالی اور ترقی کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بارے میں بعض غلط فہمیوں سے اس منصوبے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منصوبے کو آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کے مطابق اتفاق رائے اور تمام صوبوں کی مشاورت سے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ راہداری منصوبہ 46ارب ڈالر مالیت کے مختلف منصوبوں کا مجموعہ ہے جن سے 35ارب تقانائی کے شبے پر خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا منصوبے کی اہم حصہ ہے کیونکہ اس صوبے نے قومی سا لمیت کیلئے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اکنامک زون صوبوں کی مشاورت سے ہی قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے منصوبے پر اتفاق رائے سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کی تا کہ بیرونی سرمایہ دار سرمایہ کاری کیلئے راغب ہو سکیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں