پاکستان ،ایران مذہب ،ثقافت اورعوامی روابط کے مضبوط رشتوں میں ایک دوسرے کیساتھ منسلک ہیں،آنیسہ زیب طاہرخیلی

ایران پر عالمی پابندیاں اٹھانے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون آگے بڑھیگا ،دوطرفہ تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا،ایرانی قونصل جنرل محمد باقر بیگی سے گفتگو

بدھ 11 مئی 2016 17:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) خیبرپختونخوا کی وزیر معدنی ترقی ومحنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہاہے کہ تاریخی تناظر میں پاکستان اورایران کے مابین دوطرفہ تعلقات صرف دوپڑوسیوں کے ہی نہیں رہے ہیں بلکہ دونوں برادر ممالک مذہب ،ثقافت اورعوامی روابط کے مضبوط رشتوں میں ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں اور ایران پر عالمی پابندیاں اٹھانے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بھی آگے بڑے گا جس سے دوطرفہ تعلقات کو مزیدفروغ حاصل ہوگا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاورمیں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل محمد باقر بیگی سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے صوبائی وزیر انیسہ زیب طاہر خیلی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے بارے میں بات چیت کی ۔ایرانی نمائندے نے خیبرپختونخوا کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے اورلیبر کے شعبے میں مختلف نوع کی تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔

ملاقات میں صوبائی وزیر انیسہ زیب طاہرخیلی نے خیبرپختونخوا کی معدنی ترقی اور لیبر کے شعبوں میں ایران کی طرف سے سرمایہ کاری کرنے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں معدنی شعبے کے فروغ اور اس اہم قدرتی وسیلے سے زیادہ استفادہ حاصل کرنے کی غرض سے صوبائی حکومت نیا معدنی ایکٹ 2016 بنارہی ہے جوعنقریب نافذالعمل ہوگا اور صوبے میں معدنیات کی لیزوں کاطریقہ کار سہل بنایا جارہا ہے جسے ویب سائٹ پربھی ڈالا جائے گا اوربیرونی سرمایہ کارنہ صرف خیبرپختونخوا میں مختلف اقسام کی معدنیات کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے بلکہ وہ سرمایہ کاری کے لئے آن لائن درخواست بھی جمع کرسکیں گے ۔

اس سہولت سے ایرانی سرمایہ کار بھی پورا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اورانہیں خوشی ہوگی کہ ایرانی سرمایہ کار بھی یہاں آکر سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے حالات ایرانی سرمایہ کاروں کے لئے بالکل سازگار ہیں۔ صوبائی وزیر نے لیبر کے شعبے میں تربیت کی فراہمی میں ایران کی دلچسپی پر بھی خوشی کااظہار کیا اور یقین دلایاکہ ایران کی اس پیشکش پر غور کیاجائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ وہ معدنی شعبے میں ایران کے تجربات سے بھی استفادہ حاصل کرنا چاہتی ہیں اوراس غرض سے صوبے کے نئے منرل ایکٹ بنانے کے سلسلے میں انہوں نے محکمہ معدنیات کے حکام کو دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ ساتھ ایران کے قوانین کا مشاہدہ کرنے کے ہدایات پہلے جاری کیے ہیں تاکہ معیاری اور مفید قانون بنانے میں ان ممالک کی کوششوں سے بھی فائدہ حاصل کیاجاسکے ۔

صوبائی وزیر نے ایرانی قونصل جنرل کو یقین دلایا کہ ان کے محکمہ جات معدنی ترقی اور لیبر کے بارے میں انہیں مستقبل میں جامع بریفنگ دی جائے گی تاکہ انہیں صوبے میں معدنی اورانسانی وسائل کے بارے میں معلومات دی جاسکیں انہوں نے مزید کہا کہ جن شعبوں میں ایران سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہو صوبائی حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مشترکہ تعاون ،دونوں ممالک کے ماہرین کے تبادلے کے بارے میں امور پر غورکیا جائے گا اور باہمی تعاون کو آگے بڑھایاجائے گا۔

ملاقات کے دوران ایرانی قونصل جنرل نے صوبائی وزیر معدنی ترقی کو مستقبل قریب میں ایران کادورہ کرنے کی باضابطہ طورپر دعوت دی جس کو وزیر معدنی ترقی انیسہ زیب نے قبول کیا۔ مزید براں صوبائی وزیر کو اس موقع پر ایرانی حکومت کی جانب سے سوینئر بھی پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں