پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں شدید بدنظمی، ٹائیگرز کی اسٹیج پرپہنچنے کی کوششوں کے دوران انتظامیہ سے لڑائی ، ہاتھا پائی ، ڈنڈے بھی چل گئے ، پتھراؤ ، توڑ پھوڑ

کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کا لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ ، بھگدڑ مچ گئی ،2افراد زخمی، کارکنوں نے واک تھرو گیٹ گرا دیا

پیر 9 مئی 2016 20:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں شدید بدنظمی،تحریک انصاف کے ٹائیگرزاور کھلاڑیوں کی اسٹیج کے قریب جانے اور سٹیج کے اوپر چھڑنے کی کوششوں کے دوران انتظامیہ سے لڑائی شروع ہوگئی،ڈنڈا بردار کارکنوں نے سٹیج تک پہنچنے کی کوشش میں پولیس پر ہاتھا پائی شروع کردی اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا،پتھراؤ کیا اور توڑ پھوڑ کی ،کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور ہوائی فائرنگ کی اس دوران بھگدڑ مچ گئی ، فائرنگ اور بھگدڑسے 2کارکن زخمی ہوگئے، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے واک تھرو گیٹ گرا دیا،پولیس کی ہوائی فائرنگ سے نجی ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی وین کے شیشے ٹوٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو تحریک انصاف کے جلسے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی آمد سے قبل کارکنان اسٹیج کی طرف بڑھے اور بعض لوگوں نے اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کی، جس پر جلسہ گاہ میں موجود سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں اسٹیج پر جانے سے روکنے کی کوشش کی جس پر کارکنان مشتعل ہوگئے اور اس دوران ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے کارکنوں نے جلسہ گاہ میں داخلے کیلئے بنایا گیا واک تھرو گیٹ توڑ دیا، ڈنڈا بردارکارکنان کی جانب سے شدید بد نظمی پھیلانے پر پولیس نے ہوائی فائرنگ شروع کر دی،جس کے نتیجے میں 2کارکن زخمی ہوئے جبکہ فائرنگ کے دوران ایک گولی جلسے کی کوریج کیلئے آنے والی نجی ٹی وی کی ڈی ایس این جی کے شیشے پر لگنے سے شیشہ ٹوٹ گیا ۔

کپتان کے کھلاڑیوں کی جانب سے ڈنڈوں ، تھپڑوں ، مکوں اور لاتوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ مشتعل کارکنان نے اسٹیج پر پہنچنے کی کوشش میں وہاں لگے ساؤنڈ سسٹم پر بھی پتھراؤ کیااور توڑ پھوڑ کی۔ اس موقع پر نجی ٹی وی سے گفتگو میں رد عمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا کہ جلسہ میں بدنظمی افسوسناک بات ہے، میں کپتان سے رابطہ کر رہا ہوں، ہمیں پہلے ہی اطلاعات مل رہی تھیں کہ جلسے کو خراب کرنے کی کوشش کی جائے گی،ہمیں اس میں مخالفین کی چال نظر آ رہی ہے،وہ ہمارے جلسوں کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، ہم دشمنوں کی سازشوں کو بے نقاب کریں گے

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں