معاشرے میں حقیقی تبدیلی صرف اور صرف تعلیم کے ذریعے ہی لائی جاسکتی ہے،محمد عاطف

پیر 9 مئی 2016 16:33

پشاور۔09 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں حقیقی تبدیلی صرف اور صرف تعلیم کے ذریعے ہی لائی جاسکتی ہے اس لئے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے تعلیم کو میگا پراجیکٹ کے طور پر لیا ہے اور اس کے لئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک صوبے کے ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ نہیں کیا جاتا حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور میں ایبٹ آباد پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر تعلیم نے سکول انتظامیہ سے کہا کہ وہ اپنی توجہ معیار تعلیم پر مرکوز کریں اور والدین کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فیسیں حقیقت پسندانہ رکھیں تاکہ سکول میں زیر تعلیم بچے اپنا تعلیم جاری رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتظامیہ سے مزید کہا کہ وہ حکومتی امداد پر انحصار نہ کریں بلکہ اپنے غیر ضروری اخراجات کو کم ترین سطح پر لائیں تاکہ انہیں سکول کا نظم و نسق چلانے میں دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عاطف خان نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور انہیں بہتر اور روشن مستقبل دینے کے لئے سرکاری سکولوں کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں کی بھی بھر پور سرپرستی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ جدید دور میں معیاری تعلیم کے بغیر آگے بڑھنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا اس لئے صوبائی حکومت نے اپنی پوری توجہ سرکاری سکولوں کی بہتری پر مرکوز کی ہے، ا نہیں ہر لحاظ سے بچوں کے لئے پرکشش بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان سکولوں میں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے جبکہ نئے سکولوں کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ یکساں انفراسٹرکچر بنایا جارہاہے تاکہ بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں