چیف سیکرٹری حکومت خیبر پختونخوا امجد علی خان کی زیر صدارت سیکرٹری کمیٹی کااہم اجلاس

شفافیت ، قانون کی حکمرانی کے بغیر نہ تو عوام کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں نہ ہی ترقی کی جاسکتی ہے،امجدعلی خان

جمعرات 28 اپریل 2016 21:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) چیف سیکرٹری حکومت خیبر پختونخوا امجد علی خان کی زیر صدارت سیکرٹیز کمیٹی کا ایک اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری نے انتظامی محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر سول بیوروکریسی کے کردار کو سراہا۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ پل ڈاٹ کے ایک حالیہ سروے کے مطابق خیبر پختونخوااور پنجاب کی حکومتیں گڈگورننس کی کیٹیگری میں پہلے نمبر پر ہیں کمیٹی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سیکیورٹی کی صورت حال اور مالی مشکلات کے باوجود حکومتی کارکردگی بہتر رہی ہے اس موقع پر چیف سیکرٹری اپنے خطاب میں کہا کہ بہتر حکومتی کارکردگی بیوروکریسی اور سیاسی قیادت کے مابین مکمل ہم آہنگی اور بغیرکسی خوف کے قانون کی حکمرانی سے ہی ممکن ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ شفافیت اور قانون کی حکمرانی کے بغیر نہ تو عوام کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں اور نہ ہی ترقی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور قانون کی حکمرانی کے حکومتی ایجنڈے پر بلاخوف وخطر عمل کیا جائے گا۔انہو ں نے انتظامی محکموں میں اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فائل ٹریکنگ سسٹم اور ڈیش بورڈپر مبنی کارکردگی کا جائرہ لینے کے خودکار نظام پر عملدرآمد کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں اور اب افسران کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہے گی انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ میرٹ ‘شفافیت اور قانون کے مطابق بغیر کسی خوف کے عوام کی خدمت کریں تاکہ حکومتی ایجنڈے کی تکمیل احسن طریقے سے ممکن ہو۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں