وفاق نے سی پیک کے معاملہ میں صوبائی حکومت کو مسلسل دھوکہ دیا ہے،پرویزخٹک

سی پیک کے تحت مرکزی روٹ میں موجود تمام سہولیات کی فراہمی کی صورت میں ہی خیبرپختونخوا میں مغربی روٹ کی تعمیر کی اجازت دیں گے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 27 اپریل 2016 20:40

وفاق نے سی پیک کے معاملہ میں صوبائی حکومت کو مسلسل دھوکہ دیا ہے،پرویزخٹک

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وہ سی پیک کے تحت مرکزی روٹ میں موجود تمام سہولیات کی فراہمی کی صورت میں ہی خیبرپختونخوا میں مغربی روٹ کی تعمیر کی اجازت دیں گے کیونکہ صوبے کے عوام محض ایک سڑک نہیں چاہتے اور نہ ہی سڑک کی تعمیر صوبے کے لئے کوئی مسئلہ ہے بلکہ صوبائی حکومت صوبہ بھر کے لئے سڑکیں اپنے ہی وسائل سے تعمیر کر سکتی ہے اور کرے گی ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ہزارہ کے منتخب عوامی نمائندوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفد میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی، وزیر خوراک قلندرلو دھی ، ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون، ایم پی اے وجہیہ الزمان، مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ حاجی عبد الحق، یوسف ایوب خان، ایم پی اے حاجی ابرار، اور زرگل خان شامل تھے ۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہزارہ اور صوبہ بھر کے عوام سی پیک کے تحت ایک سڑک نہیں بلکہ مکمل روٹ چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ جہاں تک صرف سڑک کی تعمیر کا مسئلہ ہے تو وہ ہمیں وفاقی حکومت سے نہیں چاہیئے کیونکہ صوبائی حکومت سڑکیں خود بھی تعمیر کر سکتی ہے اور کررہی ہے انہوں نے کہاکہ وہ صوبے کے عوام کے حقوق اور انکے مستقبل کی بات کر رہے ہیں جس پر وہ کسی صورت بھی سمجھوتہ نہیں کر یں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے وفاق نے سی پیک کے معاملہ میں صوبائی حکومت کو مسلسل دھوکہ دیا ہے حتیٰ کہ صوبے کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرانے کے باوجود اپنے وعدے سے مکر گئی ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں