جنگلات و جنگلی حیات کی تحقیق وتعلیم کے واحد ادارے پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور(پی ایف آئی)کا گولڈن جوبلی کانووکیشن

تقریب میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سمیت صوبائی وزراء ودیگر کی شرکت

پیر 25 اپریل 2016 22:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اپریل۔2016ء) پاکستان میں جنگلات و جنگلی حیات کی تحقیق وتعلیم کے واحد ادارے پاکستان فارسٹ انسٹی ٹیوٹ پشاور(پی ایف آئی)کے گولڈن جوبلی کانووکیشن کی افتتاحی تقریب پیر کے روزمنعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان تھے۔منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سمیت صوبائی وزراء شاہ فرمان اور محمد عاطف، وزیر اعلیٰ کے مشیربرائے ماحولیات محمداشتیاق ارمڑ،چیف سیکرٹری امجد علی خان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان،سیکرٹری ماحولیات نذر حسین شاہ اور ڈی جی پی ایف آئی حکیم شاہ کے علاوہ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات خیبر پختونخواکے افسران اوردیگر صوبوں، وفاق،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں خدمات سر انجام دینے والے ادارہ کے فارغ التحصیل گریجویٹس،ادارے کے اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان فارسٹ انسٹی ٹیوٹ کی بنیاد1947میں رکھی گئی تھی جوملک میں اپنی نوعیت کا واحد ادارہ ہے جس میں نہ صرف دیگر صوبوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلباء زیر تعلیم رہے ہیں بلکہ دوست ممالک کے طلباء نے بھی اس مادر علمی سے تعلیم وتربیت حاصل کی ہے اور اس تاریخی تعلیمی ادارے کے فارغ التحصیل گریجویٹس نہ صرف جنگلات و جنگلی حیات کے محکمہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں بلکہ اعلیٰ بیورو کریسی اور غیر سرکاری اداروں میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی ٰکے مشیر ماحولیات و جنگلات محمداشتیاق ارمڑنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنے قائد عمران خان کے وژن کی روشنی میں جنگلات کے فروغ کے لئے دور رس اقدامات کر رہی ہے اور بلین ٹری سونامی شجر کاری کے انقلابی منصوبے کے تحت اب تک تقریباً 18کروڑ پودے لگائے گئے ہیں اور ایک ارب پودے لگانے کا ہدف اپنے مقررہ وقت سے ایک سال پہلے پورا کرلیں گے۔

انہوں نے کہاکہ نئے رجحانات اورضروریات کو مدنظررکھتے ہوئے فارسٹری کا 40سالہ پرانا کورس تبدیل کر کے نیاکورس متعار ف کرایا گیا ہے جبکہ ٹمبرمافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس سلسلے میں کافی گرفتاریاں کی گئی ہیں اور تقریباً24کروڑدرخت جن کوگرین ٹری مارکنگ میں شامل کیا گیا تھا ،کو کاٹنے سے بچایاگیا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ بلین ٹری کے انقلابی منصوبے کے ذریعے صوبے میں لوگوں کوروزگار مہیا کیا جا رہا ہے اور اس منصوبے کے تحت اب تک پورے صوبے میں تقریباً5ہزارنرسریاں لگائی گئی ہیں جن سے نہ صرف جنگلات کوفروغ حاصل ہوگا بلکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو باعزت روزگار بھی مل رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنگلات نذر حسین شاہ نے کہاکہ صوبے میں محکمہ جنگلات کی تقریباً تین ہزار ایکڑ اراضی کو قابضین سے وا گزار کرایا گیا ہے اور ٹمبرمافیا کے خلاف سخت کارروائیاں کی گی ہیں جن کی بدولت اب صوبے میں باہر سے استعمال کے لئے ٹمبرلائی جاتی ہے اوران اقدامات میں محکمہ کی مخلصانہ کوششیں کارفرما ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دسمبر2017میں بلین ٹری سونامی منصوبے کا ہدف وقت سے پہلے حاصل کر لیا جائے گا۔

تقریب سے ڈائریکٹر جنرل پاکستان فارسٹ انسٹی ٹیوٹ پشاور حکیم شاہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ادارے کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مذکورہ تعلیمی درسگاہ نے جنگلات و جنگلی حیات کی تعلیم و تحقیق میں نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں اور صوبے میں جنگلات کے فروغ میں اس مادر علمی کاکلیدی کردار رہاہے انہوں نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ تعلیمی ادارہ جو کہ اپنی نوعیت کا منفرداورواحد انسٹی ٹیوٹ ہے کو نیشنل یونیورسٹی آف فارسٹ کادرجہ دیاجائے جبکہ اس تجویز سے وزیراعلیٰ کے مشیرا شتیاق ارمڑنے بھی اتفاق کیا۔ آخر میں معزز مہمانان کوشیلڈ بھی دی گئیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں