کے پی کے حکومت نے بلدیاتی حکومتوں کو نہ صرف اختیارات تفویض کئے بلکہ اربوں روپے کے فنڈز بھی مہیا کیئے ہیں،حاجی قلندرخان لودھی

بدھ 20 اپریل 2016 17:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندرخان لودھی نے کہاہے کہ حکومت صوبہ کے پسماندہ علاقوں کوترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے اور ان علاقوں کے عوام کا احساس محر ومی ختم کرنے کے لئے بجٹ میں اربوں روپے کے فنڈز مختص کررہی ہے تاکہ دوردراز علاقوں کے لوگوں کوبھی زندگی کی بنیادی سہولیات میسر آئیں اور وہ ایک پرسکون زندگی بسر کرنے کے قابل ہوسکیں۔

انہوں نے یہ بات علاقہ لوئر تناول کے سرکل چمہٹی کے ہنگامی دورہ اورتھاتھی احمد خان ایبٹ آباد میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یاد رہے کہ صوبائی وزیر نے ندی مانگل کے مقام پر نئے تعمیرہونے والے پل کاافتتاح کیا اورشیروان سے تھاتھی احمد خان تک زیر تعمیر روڈ کا معائنہ بھی کیاجبکہ وہ سرکل چمہٹی لوئر تناول میں واٹر سپلائی سکیم ،سڑکوں ،سکولوں اوربجلی کی فراہمی کی متعدد سکیموں کاپہلے ہی افتتاح کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ منتخب حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں بلاامتیاز ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھے ہوئے ہے جن کی تکمیل سے صوبے کے طول وعرض میں تبدیلی واضح طورپر دکھائی دے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں وجود میںآ نے والی مقامی حکومتوں کو نہ صرف اختیارات تفویض کیئے بلکہ ترقیاتی عمل کو جاری رکھنے کے لئے 42 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز بھی فراغ دلی سے فراہم کیئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے تھاتھی احمد خان میں گرلز مڈل سکول کو ہائی کادرجہ دینے کااعلان کیا اور کہاکہ انہوں نے اپنے حلقہ نیابت میں جن ترقیاتی منصوبوں کاآغاز کیاتھا ا ن میں سے بعض مکمل ہوچکے ہیں جبکہ بقایا منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لئے شب وروز ان پرکام جاری ہے اور ان کی تکمیل سے علاقہ کے عوام میں ضرورخوشحالی آئے گی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر کاجلسہ گاہ آمدپرپُرتپاک استقبال کیاگیا جبکہ سپاسنامہ میں عوام کی جانب سے صوبائی وزیر کاعلاقہ کی ترقی میں دلچسپی لینے اورترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر ان کاشکریہ اداکیا گیااوراپنے ہرممکن تعاون کایقین دلایا۔اس موقع پر مواصلات وتعمیرات کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں