اصلاحاتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے میں تھوڑا وقت لگے گا،شہرام تراکئی

معذور افراد کی بحالی صحت کے شعبے میں موجودہ صوبائی حکومت کے فلاحی اقدامات کااہم حصہ ہے،وزیرصحت خیبرپختونخوا

منگل 19 اپریل 2016 19:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی نے صحت کے شعبے میں صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات پر عملدرآمد کوہرصورت یقینی بنانے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اصلاحاتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے میں تھوڑا وقت لگے گاکیونکہ یہ چھ دہائیوں کابگڑا ہوانظام ہے مگر موجودہ حکومت اپنے منشور کے مطابق اس نظام کو ٹھیک کرنے کامصمم ارادہ کررکھا ہے ۔

کیونکہ اس بگڑے ہوئے نظام کو ٹھیک کئے بغیر عوام کو ان کی توقعات اورضروریات کے مطابق علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی ممکن نہیں۔ صحت کے شعبے میں موجودہ صوبائی حکومت اصلاحاتی اقدامات نہ صرف عوام اورمریضوں کے فائدے کے لئے بلکہ ان کا مقصد علاج معالجے کی خدمات کی فراہمی سے وابستہ عملے کی بھی فلاح وبہبود ہے ۔

(جاری ہے)

ان اقدامات کے نتیجے میں آج خیبرپختونخوا کے ڈاکٹروں اوردیگرعملے کو وہ مالی مراعات حاصل ہیں جو کسی بھی صوبے میں طبی عملے کو حاصل نہیں اس لئے طبی عملے کو چاہئیے کہ وہ صوبے کے عوام کو صحت کاایک مستحکم نظام دینے کے لئے صوبائی حکومت کی کوششوں کابھرپور ساتھ دیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روزحیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں معذور آفراد کی بحالی کے لئے فیزیوتھراپی کی اہمیت اور ضرورت کے حوالے سے منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کا اہتمام حیا ت آباد میڈیکل کمپلیکس کے فیزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ نے کیاتھا۔ معذو افراد کی بحالی کے لئے فیزیوتھراپی کوانتہائی اہم اورموثر قرار دیتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت نے اس مقصد کے لئے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں فیزیوتھراپی کے تمام سہولیات فراہم کررکھی ہے تاکہ معذور افراد کویہ سہولیات ان کو اپنے علاقوں میں دستیاب ہواور انہیں اس مقصد کے لئے بڑے شہروں کارخ نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ معذور افراد کی بحالی صحت کے شعبے میں موجودہ صوبائی حکومت کے فلاحی اقدامات کااہم حصہ ہے اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے معذور افراد کی بحالی کے لئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے شعبہ فیزیوتھراپی کے کردار کو سراہتے ہوئے اس شعبے کو مزید مستحکم کرنے کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے ہرممکن تعاون کایقین دلایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر نورمحمد وزیر، فیزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر محبوب الرحمن اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے معذور افراد کی بحالی کے لئے فیزیوتھراپی کی افادیت ،اہمیت اور ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ آخر میں مہمان خصوصی نے ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں