پی ٹی آئی ذاتی مفادات نہیں ، عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے،پرویزخٹک

اداروں کو قانون کے تابع ،عوامی خدمت کے قابل بنانے کیلئے اصلاحاتی اقدامات اُٹھا ئے جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعہ 15 اپریل 2016 21:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اڑھائی سال کے مختصر عرصے میں نظام کی تبدیلی کیلئے ریکارڈ اصلاحاتی اقدامات اُٹھائے ہیں تاکہ غریب عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ڈاک بنگلہ نوشہرہ کینٹ میں انجمن تاجران نوشہرہ کینٹ کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خٹک اور دیگر ضلعی و تحصیل ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر انجمن تاجران نوشہرہ کینٹ کی نو منتخب کابینہ سے باضابطہ حلف لیا۔

(جاری ہے)

نومنتخب کابینہ کے اراکین میں صدر خالد خان، جنرل سیکرٹری سردار علی زرگر، سینئر نائب صدر ارشد خان، نائب صدر قاضی مسعود الحق و غیرہ شامل تھے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے تقریب سے اپنے خطاب میں نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دی اور اُمید ظاہر کی کہ منتخب کابینہ تاجربرادری کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرے گی پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی موجودہ صوبائی حکومت کی کارکردگی کا ذکرکرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی ذاتی مفادات نہیں بلکہ وسیع تر عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی اڑھائی سالہ جدوجہد عوام کے سامنے ہے انہوں نے کہاکہ جب موجودہ حکومت برسر اقتدار آئی تو صوبائی اداروں کی حالت بہت خستہ تھی انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اداروں کو قانون کے تابع اور عوامی خدمت کے قابل بنانے کیلئے اصلاحاتی اقدامات اُٹھا ئے جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت تعلیم، صحت، تھانوں اور پٹوار خانوں کی اصلاح پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تاکہ عوام کو انصاف اور حق مل سکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اداروں کی اصلاح کیلئے مزید کوششیں جاری ہیں تاہم اس ضمن میں صرف حکومتی کوششیں کافی نہیں بلکہ عوام کو بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوامی نمائندوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے حلقوں میں اداروں پر نظررکھیں اور ایمانداری کے ساتھ اپنی ذمہ داری اداکریں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت کے ترقیاتی اوراصلاحاتی اقدامات کا ماضی سے موازنہ کرکے تبدیلی کو ہی سمجھا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تمام تر چیلنجز اور رکاوٹوں کے باوجود تمام شعبوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور سرکاری وسائل کا نتیجہ خیز استعمال یقینی بنایا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ سیلاب کی روک تھام کیلئے اربوں روپوں کی لاگت سے کام جاری ہے انہوں نے اس موقع پر تاجر برادری کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے متعلقہ حکام کو اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی میاں جمشید الدین ، صدر انجمن تاجران خالد خان اور جنرل سیکرٹری سردار علی زرگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور عوامی مفاد میں اُٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں