صوبے میں تاریخی وثقافتی ورثوں کی حفاظت کویقینی بنایا جائے گا، محمودخان

بدھ 13 اپریل 2016 16:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء)خیبرپختونخواکے وزیر کھیل ،ثقافت ،میوزیم اورامورنوجوانان محمودخان نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ وہ صوبے میں تاریخی وثقافتی ورثے خاص کر ملک احمد بابامزار سمیت تمام مزارات اور تاریخی مقبروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ٹھو س اقدامات اٹھائیں کیونکہ یہ ہماری ثقافت کاحصہ اورقیمتی سرمایہ ہیں ۔

یہ بات انہوں نے ٹورازم کمیٹی روم پشاورمیں ملک احمد بابا کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جبکہ اجلاس میں ممبران کمیٹی رحیم اللہ یوسفزئی ،پروفیسر ڈاکٹر شیرمحمد،پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید خان ،پروفیسر اباسین یوسفزئی اورڈاکٹر محمد نواز کے علاوہ محکمہ ثقافت کے نمائندے بھی موجود تھے ۔اجلاس میں ملک احمد بابا کی یوسفزئی قوم کے لئے ان کی خدمات پر روشنی ڈالی اورملک احمد بابا کے مزاراوراس کے ساتھ تاریخی مقبرے کی حفاظت کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مزار کے ساتھ کلچر سنٹر کے قیام اورملک احمد باباکے مزارکو ملاکنڈ یونیورسٹی سے منسلک کرنے کی تجویز پر بھی تفصیلی غوروخوض ہوا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر محمودخان نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دلایا کہ احمد باباکی تاریخ کو محفوظ بنانے کے لئے تمام تجاویز اورمفید مشوروں کوعملی جامہ پہنانے کی بھر پورکوششیں کریں گے اور اس سلسلے میں کمشنر ملاکنڈڈویژن سے بھی بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت صوبے میں پختون ثقافت کے فروغ اورترویج کے لئے وزیر اعلیٰ خیر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں بھرپوراقدامات اٹھارہی ہے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں